1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کریمیا کا تنازعہ ’عسکری شکل اختیار کر رہا ہے‘

شامل شمس19 مارچ 2014

یوکرائن نے خبردار کیا ہے روس کے ساتھ تنازعہ انتہائی خطرناک صورت حال اختیار کرتا جا رہا ہے۔ یوکرائن کے وزیر اعظم آرسینی یاتسینیک کے بقول کریمیا کا بحران سیاسی سے عسکری شکل میں ڈھلتا دکھائی دے رہا ہے۔

ALEXANDER NEMENOV/AFP/Getty Images)
تصویر: AFP/Getty Images

وزیر اعظم آرسینی یاتسینیک نے منگل کے روز یہ بیان ملکی فوج کے ایک اہل کار کی ہلاکت کے تناظر میں دیا۔ یاتسینیک کے بقول روسی افواج نے یوکرائن کے فوجی پر فائرنگ کی۔ انہوں نے اسے ایک جنگی جرم قرار دیا۔ وزیر اعظم نے ملکی افواج کو اپنے دفاع میں جوابی فائرنگ کرنے کی بھی اجازت دے دی ہے۔ دوسری جانب کریمیا کی پولیس نے کہا ہے کہ اس واقعے میں ان کا بھی ایک سپاہی ہلاک ہوا ہے۔ تین ہفتے قبل کریمیا پر روسی افواج کے قبضے کے بعد ہلاکت کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

قبل ازیں روسی صدر ولادمیر پوٹن نے کریمیا کے روس کے ساتھ الحاق کے معاہدے پر دستخط کر دیے تھے۔ کریمیا میں کروائے گئے ایک متنازعہ ریفرنڈم میں اس علاقے میں رہنے والوں کی اکثریت نے یوکرائن کے بجائے روس کے ساتھ الحاق کو ترجیح دی تھی۔

یاتسینیک نے منگل کے روز بلائی گئی ایک ایمرجنسی میٹنگ میں وزراء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کریمیا کا تنازعہ قابو سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’’یہ تنازعہ اب سیاسی سے عسکری دور میں داخل ہو رہا ہے۔ روسی فوجی یوکرائن کے سپاہیوں پر فائرنگ کر رہے ہیں، جو کہ جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔‘‘ یوکرائن کی حکومت نے صورت حال کا الزام روسی حکومت اور بالخصوص صدر پوٹن پر عائد کیا ہے۔

فوجی کی ہلاکت کے بارے میں یوکرائن کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ملک کے ایک فوجی اڈے پر روسی فوج کے یونیفارم میں ملبوس افراد نے حملہ کیا تھا۔ ’’اپنی جانوں کے تحفظ کی خاطر یوکرائن کے کریمیا میں تعینات فوجی اسلحے کا استعمال کر سکتے ہیں۔‘‘

اس سے قبل یوکرائن کی حکومت نے کریمیا میں تعینات اپنے فوجیوں کو گولی نہ چلانے کا حکم دیا تھا، جس کا مقصد روس کے ساتھ جنگی صورت حال سے اجتناب بتایا گیا تھا۔

دوسری جانب کریمیا کے روس نواز پولیس ڈپارٹمنٹ کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ واقعے میں کریمیا کی ’’سیلف ڈیفینس فورس‘‘ کا ایک اہل کار بھی ہلاک ہو ا ہے۔ اس کے مطابق دونوں ہلاکتیں نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی فائرنگ کا نتیجہ ہیں۔

واضح رہے کہ روسی فوج نے گزشتہ ماہ یوکرائن میں روس کی حمایت یافتہ حکومت کے خاتمے اور مغرب نواز حکومت کے قیام کے بعد رواں ماہ کی ابتداء میں کریمیا کے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں