1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کسی بھی خطرے سے اپنی سرحدوں کی حفاظت کر سکتے ہیں، مودی

William Yang/ بینش جاوید ٓAFP
15 اگست 2017

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت اپنی سرحدوں کی کسی بھی خطرے سے حفاظت کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ مودی نے یہ بات ایک ایسے موقع پر کہی ہے جب چین کے ساتھ بھارت کی سرحدی کشیدگی عروج پر ہے۔

Indien Unabhängigkeitstag Feier
تصویر: Getty Images/AFP/P. Singh

بھارت آج اپنا 70واں یوم آزادی منا رہا ہے۔ اس موقع پر نئی دہلی کے لال قلعے میں منعقد کی جانے والی ایک خصوصی تقریب کے دوران وہاں موجود ہزاروں افراد سے خطاب میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا تھا، ’’سکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے‘‘۔ ہندو قوم پرست رہنما نریندر مودی کے مطابق، ’’بھلے وہ سمندر ہو یا سرحدیں، سائبر ہو یا خلا ۔۔۔ ہر ایک دائرے میں بھارت صلاحیت کا حامل ہے اور ہم اس حد تک مضبوط ہیں کہ ہم ان پر غلبہ حاصل کر سکیں جو ہمارے ملک کے خلاف کچھ کرتے ہیں۔‘‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روایتی راجھستانی لباس میں ملبوس اور اونچے شملے والی پگڑی پہنے مودی کا لہجہ تاہم اس بار گزشتہ تین برسوں کے دوران ہونے والی ان تقریبات کے مقابلے میں نرم تھا اور انہوں نے ان اہداف کا نام نہیں لیا جنہیں وہ یہ انتباہ کر رہے تھے۔

نریندر مودی کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب بھارت اور چین کے درمیان ہمالیہ کے خطے میں اسٹریٹیجک اہمیت کے حامل علاقے ڈوکلام پر شروع ہونے والا سرحدی تنازعہ تیسرے ماہ میں داخل ہو گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ڈوکلام کے مقام پر اطراف کے سینکڑوں فوجی ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہیں۔

دونوں ہمسایہ اور طاقتور ممالک تنازعے کی ایک طویل تاریخ رکھتے ہیں اور دونوں بھارتی ریاست اروناچل پردیش کے معاملے پر 1962ء میں ایک جنگ بھی لڑ چکے ہیں۔ چینی ریاستی میڈیا متعدد مرتبہ یہ باور کرا چکا ہے کہ ڈوکلام کا تنازعہ شدت بھی اختیار کر سکتا ہے۔

تصویر: picture-alliance/dpa/AP/M. Swarup

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے لال قلعہ میں منعقد کی جانے والی تقریب سے خطاب کے دوران نریندر مودی نے عوام سے درخواست کی کہ وہ بھارت کو خوشحال اور متحد بنانے میں ان کی مدد کریں۔ مودی نے بدعنوانی کو جڑ سے ختم کرنے کا وعدہ بھی کیا۔ ایک گھنٹہ طویل اپنی اس تقریر میں انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کا قیام ناخوشگوار حالات میں ہوا تھا تاہم اب ملک کو اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا۔ مودی نے اس دوران حالیہ دنوں میں اٹھائے جانے والے حکومتی اقدامات کو سراہا، جن میں ٹیکس نظام میں اصلاحات اور بڑے کرنسی نوٹوں کا خاتمہ بھی شامل ہے۔

تقسیم ہند کے وقت کی تاریخی فوٹیج

02:59

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں