1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
مہاجرتیورپ

کشتی حادثے میں کم از کم 41 مہاجرین ہلاک

9 اگست 2023

بحیرہ روم میں تارکین وطن کی ایک کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں کم از کم 41 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ یہ مہاجرین بہتر مستقبل کے لیے اٹلی پہنچنے کی کوشش میں تھے۔

بچائے جانے والے مہاجرین
کشتی حادثے میں کم از کم 41 مہاجرین ہلاک تصویر: Italy Coast Guard/ROPI/picture alliance

اطالوی نیوز ایجنسی انسا کے مطابق متاثرہ کشتی تیونس کے ساحلی قصبے صفاقس سے روانہ ہوئی تھی اور اطالوی جزیرے لامپے ڈوسا کے قریب ایک بڑی سمندری لہر سے ٹکرانے کے بعد ڈوب گئی۔

بچ جانے والے عینی شاہدین کے مطابق کشتی پر کل 45 افراد سوار تھے، جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔  اٹلی کے سرکاری ٹیلی وژن آر اے آئی کی رپورٹ کے مطابق زندہ بچ جانے والے چار افراد کو سسلی کے قریب سمندر سے بچایا گیا اور پھر انہیں جزیرے لامپے ڈوسا پہنچا دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ جائے حادثہ کے قریب ایک کارگو جہاز گزر رہا تھا، جہاں موجود افراد نے ایک خاتون اور تین مردوں کو بچایا۔ 

یونان میں ڈوبنے والے تارکین وطن کے جہاز میں مبینہ اہم کردار کے الزام میں سات پاکستانی گرفتار

لامپے ڈوسا نامی اطالوی جزیرہ تیونس کے صفاقس نامی قصبے سے صرف 190 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

کشتی حادثے میں کم از کم 41 مہاجرین ہلاک تصویر: ROPI/picture alliance

انسا نیوز ایجنسی کے مطابق ابھی تک کسی بھی شخص کی لاش نہیں ملی ہے۔ بچ جانے والے افراد کے مطابق متاثرہ کشتی پر زندگی بچانے والی صرف پندرہ جیکٹیں موجود تھیں۔

اطالوی وزارت داخلہ کے مطابق اس برس اب تک اٹلی میں 93 ہزار تارکین وطن پہنچ چکے ہیں۔ یہ تعداد گزشتہ برس اتنے عرصے کے دوران 45 ہزار تھی۔

حالیہ کچھ عرصے کے دوران تارکین وطن کی متعدد کشتیاں حادثات کا شکار ہو چکی ہیں اور اس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد پانی میں ڈوب کر ہلاک ہو چکے ہیں۔ تاہم ایسے جان لیوا حادثات کے باوجود غیر قانونی طریقوں سے یورپ کی طرف نقل مکانی کرنے والے مہاجرین کی تعداد میں کمی واقع نہیں ہو رہی۔

دو ہفتے قبل تیونس کے کوسٹ گارڈز نے کہا تھا کہ رواں برس کے آغاز سے اب تک وہ نو سو سے زائد تارکین وطن کی لاشیں پانی سے نکال چکے ہیں۔ غیر قانونی تارکین وطن اور سیاسی پناہ کی تلاش میں یورپ جانے والوں کے لیے یہ ایک مرکزی راستہ ہے۔ اسی طرح لیبیا سے یورپ پہنچنے والے تارکین وطن کی کشتیوں کو بھی ایسے حادثات کا سامنا رہتا ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے مطابق تارکین وطن کے لیے وسطی بحیرہ روم دنیا کا سب سے مہلک راستہ بن چکا ہے۔ اس راستے پر سن 2014 سے اب تک 20 ہزار سے زائد تارکین وطن ہلاک ہو چکے ہیں۔

ا ا / ا ب ا (ڈی پی اے، اے ایف پی)

مہاجرین کی اسمگلنگ، مجرموں کے لیے منافع بخش کاروبار

02:28

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں