کشمیری کو انسانی ڈھال بنانے والی فوجی افسر کے لیے انعام
23 مئی 2017بھارتی فوج کے ترجمان امن آنند نے ملکی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا( پی ٹی آئی) کو بتایا، ’’میجر لیتل گوگی کو دہشت گردی کے خلاف ان کی مسلسل کوششوں کے اعتراف میں چیف آف آرمی اسٹاف کی جانب سے ایک تعریفی سند ( کارڈ) دی گئی ہے۔‘‘ پی ٹی آئی نے مزید لکھا ہے کہ میجر گوگی کے خلاف ابھی تحقیقات جاری ہیں۔
اپریل میں سماجی ویب سائٹس پر ایک ویڈیو جاری کی گئی تھی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح بڈگام کی گلیوں سے گزرنے والی بھارتی فوجی دستوں کی ایک جیب پر ایک کشمیری شہری کو اس جیب کے سامنے والے حصے پر اس طرح باندھا گیا ہے، کہ ممکنہ طور پر پتھراؤ کرنے والے مظاہرین اگر طیش میں آ کر کچھ کریں، تو اس کا نشانہ بھارتی فوجیوں کی بجائے یہی کشمیری باشندہ بنے۔
گیارہ سیکنڈ دورانیے کی اس ویڈیو میں جیپ کے آگے بندھے ہوئے شخص کی شناخت فاروق احمد ڈار کے نام سے کی گئی تھی۔ اس واقعے کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی تھی، جس کے بعد بھارتی فوج نے اس کی تحقیقات شروع کر دی تھیں۔
میجر گوگی کو تعریفی سند دیے جانے کی خبر کے بعد متاثرہ شخص کے بھائی غلام قادر نے تحقیقاتی عمل کو ’فریب و دھوکا دہی‘ سے تعبیر کیا ہے۔ انڈین ایکسپریس میں شائع ہونے والے فاروق کے بیان کے مطابق، ’’اگر اس طرح کا کوئی واقعہ کہیں اور رونما ہوا ہوتا تو اب تک انصاف مل چکا ہوتا۔‘‘
گزشتہ برس بھارتی کشمیر میں ہونے والے ہنگاموں میں سو سے زائد افراد مارے گئے تھے۔ اسی طرح اپریل میں ہونے والے علاقائی انتخابات کے موقع پر پولیس اور نیم فوجی دستوں کے ہاتھوں آٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔