1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کشمیر: لندن میں ’پرتشدد‘ مظاہرہ، مودی کی بورس جانسن سے گفتگو

21 اگست 2019

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے پندرہ اگست کو ملکی یوم آزادی کے موقع پر کشمیر کے تنازعے سے متعلق ایک مظاہرے کے ’پرتشدد‘ ہو جانے پر برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے ساتھ بات چیت کی ہے۔

سری نگر میں سکیورٹی لاک ڈاؤن کے دوران ڈیوٹی پر موجود بھارتی پیراملٹری اہلکارتصویر: picture-alliance/AP Photo/Dar Yasin

نئی دہلی سے بدھ اکیس اگست کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے آج جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم مودی نے منگل بیس اگست کی شام اپنے برطانوی ہم منصب بورس جانسن کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو میں پندرہ اگست کو برطانوی دارالحکومت میں ہونے والے مظاہرے کے پرتشدد ہو جانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودیتصویر: Getty Images/AFP/P. Singh

لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے اس مظاہرے میں ہزاروں افراد شریک ہوئے تھے، جنہوں نے پاکستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ یہ مظاہرین نئی دہلی میں مودی حکومت کے بھارت کے زیر انتظام جموں کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے فیصلے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

اس مظاہرے کے شرکاء کے بارے میں وزیر اعظم مودی کے حامیوں اور بھارت میں حکمران ہندو قوم پسند جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ارکان نے یہ الزام لگایا تھا کہ مظاہرین نے چند بھارتی خواتین اور بچوں پر انڈے اور بوتلیں بھی پھینکی تھیں اور موقع پر موجود برطانوی اہلکار انہیں روکنے میں ناکام رہے تھے۔

نئی دہلی میں وزارت خارجہ کے مطابق اس پس منظر میں نریندر مودی نے اپنے برطانوی ہم منصب بورس جانسن کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو میں کہا کہ ایسے مظاہروں کے پیچھے وہ مخصوص مفادات ہیں، جو اپنے ایجنڈے پر عمل درآمد کے لیے پرتشدد راستے استعمال کرتے ہیں۔

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسنتصویر: picture-alliance/empics/B. Lawless

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے اس بارے میں اپنے بیان میں لندن میں 'مظاہرین‘ کے بجائے ایک 'بڑے مشتعل ہجوم‘ کے الفاظ استعمال کیے اور کہا، ''اس تناظر میں وزیر اعظم مودی نے اپنی گفتگو میں اس تشدد اور توڑ پھوڑ کا حوالہ دیا، جس کا لندن میں بھارت کے یوم آزادی کے دن بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے ایک بڑا مشتعل ہجوم مرتکب ہوا تھا۔‘‘

بیان میں مزید کہا گہا ہے، ''وزیر اعظم جانسن نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ بھارتی ہائی کمیشن، اس کے اہلکاروں اور مہمانوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔‘‘

اس بارے میں لندن پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس نے اس بدنظمی میں ملوث ہونے کے الزام میں چار افراد کو گرفتار کر لیا تھا، جنہوں نے پولیس کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تھی اور جن کے پاس ہتھیار بھی تھے۔ پولیس نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ ایک یا ایک سے زائد ہتھیار کس قسم کے تھے۔

م م / ا ا / اے ایف پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں