1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کلائسٹرز دوسرے، ووصنیاکی تیسرے مرحلے میں

19 جنوری 2011

رواں سال میں ٹینس کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن میں دوسرے راؤنڈ کا آغاز ہو گیا ہے۔ پہلے راؤنڈ میں دو اپ سیٹ ہوئے جب دو سابقہ عالمی نمبر ایک خاتون پلیئرز ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔

کم کلائسٹرز: فائل فوٹوتصویر: AP

بیلجیئم کی سابقہ عالمی نمبر ایک اور موجودہ عالمی نمبر تین کم کلائسٹرز نے آسٹریلین اوپن گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے دوسرے روز روسی کھلاڑی دینارا سافینا کو غیر متوقع انداز میں نہایت آسانی سے ہرا دیا۔ ماہرین اور شائقین کا خیال تھا کہ پہلے راؤنڈ کا یہ ہیوی ویٹ مقابلہ ہو گا لیکن ایسا نہ ہو سکا۔ سخت مقابلے کے برعکس یہ میچ یک طرفہ رہا۔

آسٹریلین اوپن کے دوسرے روز اس میچ کا سبھی کو انتظار تھا کیونکہ یہ اپ سیٹ میچ تھا۔ دو سابقہ عالمی نمبر ایک مقابلے پر تھیں۔ اس میچ میں سافینا کی شکست ٹورنامنٹ کا پہلا اپ سیٹ قرار دیا گیا ۔ کلائسٹرز نے میچ میں انتہائی زوردار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اس میچ میں کلائسٹرز کی زوردار شارٹس کو ’بلٹ فائر‘ کا نام دیا گیا ہے۔ انہوں نے کوئی گیم بھی نہیں ہاری۔ پہلے راؤنڈ میں اب تک سب سے مضبوط اور باوقار آغاز کلائسٹرز نے کیا ہے۔

انا ایوانووچ: فائل فوٹوتصویر: picture-alliance/ dpa

روسی کھلاڑی دینارا سافینا کے کھیل سے اندازہ ہو رہا تھا کہ وہ ابھی تک اپنی صحت کے مسائل پر قابو نہیں پا سکی ہیں۔ گزشتہ سال بھی وہ مختلف انجریز کے سبب کئی مقابلوں میں شریک نہیں ہو سکی تھیں۔ بعض مبصرین کے مطابق سافینا کی کمر کی انجری سب سے شدید ہے اور وہ رواں سال کے دوران کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر سکتی ہیں۔

ایک اور سابقہ عالمی نمبر ایک سیربیا کی کھلاڑی انا ایوانووچ کی شکست پہلے راؤنڈ کا دوسرا بڑا اپ سیٹ قرار دیا جا سکتا ہے۔ روسی کھلاڑی ایکٹرینا ماکاروا نے اس میچ میں شاندار کامیابی حاصل کی۔ ماکاروا کی عالمی درجہ بندی میں پوزیشن اڑتالیسویں ہے جب کہ ایوانووچ ٹاپ ٹوئنٹی میں شامل ہیں۔ ایوانووچ نے میچ جیتنے کی کوشش ضرور کی لیکن ماکاروا کا کھیل ان سے زیادہ جاندار رہا۔

بدھ سے آسٹریلین اوپن کے دوسرے راؤنڈ کے میچ شروع ہو گئے ہیں۔ بیلجیئم کی جیسٹنن برطانوی خاتون کھلاڑی کو شکست دے کر تیسرے مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ تازہ عالمی رینکنگ میں عالمی نمبر ایک کیرولین ووصنیاکی بھی اگلے مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے دوسرے راؤنڈ میں امریکی خاتون کھلاڑی وانیا کنگ کو بہت آسانی سے ہرا دیا۔ روس کی سویٹلانا کزنیٹسووا نے ہالینڈ کی Arantxa Rus کو ہرا کر تیسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں