1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کلنٹن پر فرد جرم عائد نہیں کی جا سکتی، ایف بی آئی

7 نومبر 2016

ہلیری کلنٹن پر سے امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کی تفتیش کے بادل چھٹنے کے بعد سے کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ دونوں کے لہجے بدل گئے ہیں۔ گزشتہ دو برسوں سے جاری امریکی صدارتی انتخابات کی مہم چند گھنٹوں میں ختم ہونے والی ہے۔ 

USA Cleveland Präsidentschaftswahl Hillary Clinton
تصویر: picture-alliance/AP Photo/P. Long

ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی کے مطابق کلنٹن کی طرف سے بطور سیکرٹری خارجہ بھیجی جانے والی ای میلز منظر عام پر آنے سے ان پر فرد جرم عائد نہیں کی جا سکتی۔ ایف بی آئی کی طرف سے یہ بات رواں برس جولائی میں طے کر لی گئی تھی تاہم کومی نے ایک بار پھر اس معاملے کی چھان بین کی جس پر وائٹ ہاؤس، کلنٹن کی انتخابی مہم اور حکام کی طرف سے ان کے اس اقدام پر تنقید کی جا رہی تھی۔ کلنٹن اس سے قبل کہہ چکی تھیں کہ ایف بی آئی کو اِن ای میلز سے بھی کچھ حاصل نہیں ہو گا کیونکہ ان میں کوئی حساس معلومات شامل نہیں ہیں۔

سابق خاتون اول اور وزیر خارجہ کلنٹن پر الزام تھا کہ وہ خفیہ اور سرکاری ای میلز کے لیے نجی کمپیوٹر سرور استعمال کرتی رہی تھیں اور جو سائبر حملے کا نشانہ بن گیا تھا۔ کلنٹن کی تعلقات عامہ کی ڈائریکٹر جینیفر پالمیری نے صحافیوں کو بتایا،’’ہمیں خوشی ہے کہ یہ معاملہ حل ہو گیا۔‘‘

ہلیری کلنٹن قصور وار ہیں، وہ یہ جانتی ہیں، ایف بی آئی کو بھی اس کا علم ہے، ٹرمپتصویر: picture-alliance/dpa/J. Lo Scalzo

دوسری جانب اس پیش رفت پر کلنٹن کے حریف ریپبلکن امیدوار ٹرمپ نےحیرت ظاہر کی ہے۔ ان کے بقول یہ کیسے ممکن ہے کہ اتنی جلدی تمام ای میلز کی چھان بین کر لی گئی، ’’ہلیری کلنٹن قصور وار ہیں، وہ یہ جانتی ہیں، ایف بی آئی کو بھی اس کا علم ہے اور عوام بھی اس حقیقت سے واقف ہیں۔‘‘ ٹرمپ نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق وزیر خارجہ کو دھاندلی کے نظام کے تحت تحفظ دیا جا رہا ہے، ’’اب یہ امریکی عوام پر منحصر ہے کہ وہ آٹھ نومبر کو ووٹ کے ذریعے انصاف مہیا کریں‘‘۔

گزشتہ مہینے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی نے کانگریس کے ارکان کو بتایا تھا کہ ان کے ادارے کو کچھ نئی ای میلز ملی ہیں، جن کی چھان بین کی ضرورت ہے۔ کلنٹن کے ای میلز کے معاملے کی جولائی میں بھی تفتیش ہو چکی ہے۔ اس کے بعد کومی نے کہا تھا کہ ڈیموکریٹک صدارتی امیدوارکلنٹن نے اس سلسلے میں غلط بیانی سے کام نہیں لیا اور نہ ہی وہ قانون توڑنے کی مرتکب ہوئی ہیں۔ تاہم ان کے اس اقدام کو لاپرواہی سے تعبیر کیا گیا تھا۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں