1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کم جونگ نم کا قتل ، دوسری مشتبہ خاتون کی رہائی

1 اپریل 2019

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے سوتیلے بھائی کم جونگ نم کے قتل میں ملوث دوسری خاتون کو مئی میں رہا کر دیا جائے گا۔ نم کو فروری 2017ء میں کوالالمپور کے ہوائی اڈے پر قتل کیا گیا تھا۔

تصویر: Reuters/Lai Seng Sin

ملائیشیا کی ایک عدالت کےجج اعظمی عارفین نے آج پیر کو دوآن تھی ہوؤنگ کو’نقصان پہچانے کا جرم‘ تسلیم کرنے کے بعد تیس برس چار ماہ کی قید سنائی تھی۔ اس طرح ان پر عائد قتل کے فرد جرم کی نوعیت یا شدت کم ہو گئی۔ جج کے مطابق اس خاتون کو دی گئی سزائے قید میں وہ عرصہ بھی شامل ہو گا جو وہ پہلے ہی جیل میں گزار چکی ہیں۔

جج نے اس موقع پر کہا، ’’آپ بہت خوش قسمت ہیں کہ جرم کی شدت کم ہونے کی وجہ سے آپ سزائے موت سے بچ گئیں۔‘‘ اس موقع پر تیس سالہ ہوؤنگ نے کمرہ عدالت میں کہا کہ وہ بہت خوش ہیں۔

تصویر: Reuters/A. Perawongmetha

اس مقدمے میں ویتنامی خاتون دوآن تھی ہوؤنگ کے ساتھ ساتھ ایک انڈونیشی خاتون سیتی آسیہ پر بھی فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ آسیہ نے پولیس کو بتایا تھا کہ وہ اس کو شرارت پر مبنی ایک کھیل سمجھ رہی تھی اور اُسے اس کام کا معاوضہ  چار سو رِنگٹ (تقریباً نوے امریکی ڈالر) کی صورت میں دیا گیا تھا۔

 ابھی تین ہفتے قبل ہی آسیہ کو بھی  عدالت نے رہا کر دیا تھا۔ دونوں خواتین خود کو بے قصور قرار دے رہی تھیں۔ ان کا موقف تھا کہ انہیں یہ کہا گیا تھا کہ ایسا ایک ریئیلٹی شو کے لیے کیا جا رہا ہے، جسے ٹیلی وژن پر نشر کیا جائے گا۔ ان کے بقول تاہم انہیں شمالی کوریا سے تعلق رکھنے والے کچھ افراد نے دھوکا دیا ہے۔

 تیرہ فروری کے روز کوالالمپور کے ہوائی اڈے پر دو خواتین نے خطرناک زہریلا کیمیائی مادہ کم جونگ نم کے چہرے پر مل دیا تھا۔ تاہم بعد ازاں پولیس نے بتایا کہ کم جونگ نم کو اعصاب کو متاثر کر دینے والے ایک کیمیکل  وی ایکس سے ہلاک کیا گیا تھا۔

 وی ایکس ایک ممنوعہ کیمیکل ہے اور اس کا شمار کیمیائی ہتھیاروں میں بھی کیا جاتا ہے۔ اقوام متحدہ نے وی ایکس کو بڑے پیمانے پر تباہی اور انسانی ہلاکتیں کرنے والے کیمیکل ہتھیاروں میں شامل کر رکھا ہے۔

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں