کم کارداشیان اور کانیا ویسٹ کی شادی: طلاق کی درخواست دائر
20 فروری 2021
مشہور امریکی سوشلائٹ کم کارداشیان اور کانیا ویسٹ کی شادی اپنے اختتام پر پہنچنے کے قریب ہے۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق کم کارداشیان نے اپنے موجودہ شوہر سے طلاق حاصل کرنے کی درخواست جمع کروا دی ہے۔
اشتہار
ایسا تاثر گزشتہ چند ماہ سے میڈیا اور مختلف حلقوں میں پایا جاتا تھا کہ معروف ریالٹی ٹی وی اسٹار کم کارداشیان اور ان کے ریپر گلوکار شوہر کانیا ویسٹ کسی بھی وقت علیحدگی اختیار کر لیں گے اور ان کے درمیان ممکنہ طلاق کی افواہیں گردش میں تھیں۔
ان تمام افواہوں کو اب حقیقت کا روپ مل گیا ہے کیونکہ جمعہ انیس فروری کو کم کارداشیان نے لاس اینجلس کی ایک عدالت میں کانیا ویسٹ سے طلاق حاصل کرنے کی درخواست جمع کروا دی ہے۔
ایک مشہور جوڑا
کم کارداشیان اور کانیا ویسٹ کو امریکی گلیمر ورلڈ کا ایک معروف جوڑا قرار دیا جاتا ہے۔ ان کی شادی گزشتہ ساڑھے چھ برس سے اچھی خاصی چل رہی تھی لیکن اندرونی اختلافات اور شخصیت کی چپقلش نے اس رشتے کو خطرات میں ڈال دیا۔
کارداشیان فیملی سے تعلق رکھنے والی کمبرلی عرف کِم کا تعلق فیشن کی دنیا سے جوڑا جاتا ہے۔ دوسری جانب کانیا ویسٹ ایک معروف ہِپ ہوپ ریپر اینٹرٹینر ہیں۔ ان کو گریمی ایوارڈز کی نامزدگی بھی حاصل ہو چکی ہے۔ ایسا بھی تاثر پایا جاتا ہے کہ کانیا ویسٹ کے فن اور شہرت کو زوال کا سامنا ہے۔
اشتہار
رومانس اور شادی
ان دونوں کے درمیان رومانوی تعلق سن 2012 میں استوار ہوا تھا اور پہلا بچہ اسی پارٹنر شپ میں سن 2013 میں پیدا ہوا۔ ان دونوں کی انتہائی پروقار شادی اور تقریب چوبیس مئی سن 2014 کو مشہور تاریخی اطالوی شہر فلورینس میں منعقد ہوئی تھی۔
ان ساڑھے چھ برسوں میں اس جوڑے کے چار بچے پیدا ہوئے۔ اب طلاق کا عدالتی عمل مکمل ہونے کے بعد بچوں کے مستقبل کا بھی تعین کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ان کی وسیع دولت کی تقسیم بھی ہو گی۔ مختلف میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس طلاق سے کم کارداشیان کو مزید شہرت حاصل ہو گی۔
کارداشیان کی تیسری شادی کے ختم ہونے کی پہلی مرتبہ افواہیں گزشتہ برس ستمبر میں سامنے آنا شروع ہوئی تھیں۔ ان افواہوں کی شدت کے ساتھ تردید بھی کی گئی لیکن بعض رپورٹرز کا اصرار تھا کہ طلاق اب نوشتہٴ دیوار ہے اور یہ خاندان والوں کے ساتھ ساتھ قریبی حلقے بھی جانتے ہیں کہ کانیا ویسٹ اور کِم اسے محفوظ رکھنے کی بھرپور کوشش میں ہیں۔
بعض سوشل مبصرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ پچھلے سال کارداشیان فیملی کے اسی نام کے ٹیلی وژن پروگرام کو چودہ برس بعد ختم کرنے کی ایک بنیادی وجہ بھی اس جوڑے میں پایا جانے والا بے چین ماحول تھا۔
ایک اور طلاق
تینتالیس برس کے کانیا ویسٹ کی یہ اولین شادی ہے جب کہ کارداشیان کی تیسری شادی تھی۔ یہ ایک اہم امر ہے کہ اس شادی کے جلد ختم ہونے کی پشین گوئی تو ابتدائی ایام میں ہی کر دی گئی تھی لیکن ایسے تمام اندازوں کو اس وقت ناکامی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ یہ شادی کامیانی کے ساتھ چھ برس سے زیادہ قائم رہی۔
کارداشیان کی ایک شادی باسکٹ بال کھلاڑی کرس ہمفریز کے ساتھ سن 2011 میں ہوئی اور یہ صرف تین ماہ کے بعد طلاق کی صورت میں ختم ہو گئی۔ اس پس منظر کے تناظر میں خیال کیا گیا تھا کہ کانیا کے ساتھ شادی بھی جلد ختم ہو سکتی ہے۔ خیر اب ایسے تمام اندازے درست ہو گئے ہیں۔
کارداشیان کی پہلی شادی انیس برس کی عمر سن 2000 میں ہوئی تھی اور وہ بھی چار سال سے زیادہ نہیں چل سکی تھی۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ کارداشیان کی تیسری شادی کے ختم ہونے کی ایک وجہ کانیا ویسٹ کی متلون المزاجی ہے۔ سماجی ماہرین اسے ہی سب سے بڑی وجہ قرار دیتے ہیں۔
کیا کم کارداشیان اور کانیا ویسٹ مخالف سمتوں پر گامزن ہیں؟
تفریحی دنیا میں کِم کارداشیان اور کانیا ویسٹ کی شادی اور طلاق دونوں کے بارے میں حالیہ ایام میں افواہیں گردش کرتی رہیں۔ انہیں ازدواجی معاملات بہتر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa
میرج کونسلینگ
کِم کارداشیان اور کانیا ویسٹ نے سات برس قبل اطالوی شہر فلورنس میں دھوم دھام سے شادی کی تھی۔ قریبی ذرائع نے پیپلز میگزین کو بتایا کہ یہ جوڑا اپنے ازدواجی تعلق کو استوار رکھنے کے لیے ایک نفسیاتی ماہر سے مشاورت کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایسا بھی خیال کیا جاتا ہے کہ تینتالیس سالہ کانیا ویسٹ کو یقین ہو چلا ہے کہ اب کچھ ہو کر رہے گا۔
تصویر: picture-alliance/dpa
متضاد سیاسی سوچ
اس جوڑے کی سیاسی سوچ میں قطبین کا فاصلہ ہے۔ کِم کارداشیان سن 2016 میں ہیلری کلنٹن کی اور سن 2020 میں انہوں نے جو بائیڈن کی حمایت کی تھی۔ دوسری جانب کانیا ویسٹ ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی ہیں۔ ویسٹ خود کو ٹرمپ کا بھائی محسوس کرتے ہیں کیونکہ ان میں ’ڈریگن انرجی‘ پائی جاتی ہے۔ وہ ایک مرتبہ پھر سن 2024 میں صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں، ان کی سن 2020 میں الیکشن لڑنے کی خواہش ادھوری رہی تھی۔
تصویر: twitter/Kim Kardashian
غلامی کے بارے میں متنازعہ کلمات
سن 2018 میں جب کانیا ویسٹ نے ٹی ایم زیڈ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ افریقی لوگوں کا غلامی اختیار کرنے کا فیصلہ ’ذاتی‘ بھی ہو سکتا تھا تو ان کلمات کو کم کارداشیان نے ناپسند کرتے ہوئے اس پر چیخ کر رد عمل ظاہر کیا تھا۔ کارداشیان کا خیال ہے کہ ان کے شوہر بہت کھرے انسان ہیں اور ان کے کلمات کا غلط مطلب نکالا جاتا ہے۔
تصویر: Reuters/K. Lamarque
نفسیاتی عارضہ
کانیا ویسٹ کی متلون المزاجی کا خاتمہ اس وقت ہوا جب سن 2018 میں معالجین نے انہیں ایک نفسیاتی مرض ’بائی پولر ڈس آرڈر‘ کا شکار قرار دیا۔ اس نشاندہی کا تذکرہ انہوں نے اپنے میوزیکل البم ’ژے‘ میں بھی کیا۔ نفسیاتی عارضے کی تشخیص کے بعد اس جوڑے نے اپنے شائقین سے درخواست کی کہ وہ ان سے خاص شفقت اور ہمدردی کا برتاؤ کریں تا کہ وہ اس مشکل صورت حال سے باہر آ سکیں۔
تصویر: picture alliance/dpa/AP/The Post And Courier/L.P. Ipetracca/
مختلف مفادات
کِم کارداشیان جیلوں کی اصلاحات کی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ قانون کی تعلیم مکمل کر کے ایک وکیل بننے کی کوشش میں ہیں۔ انہوں نے سن 2018 میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کر کے عمر قید کی سزا پانے والی ایک قیدی ایلس میری جونسن کی رہائی کی درخواست کی اور پھر ٹرمپ نے ملاقات کے ایک ہفتے بعد خاتون قیدی کی سزا معاف کر دی تھی۔ اس صورت حال سے بھی کانیا ویسٹ کو کسی حد تک بے چینی لاحق رہی۔
تصویر: picturealliance/AP Photo/E. Agostini
بیماری اور صحت
کِم کارداشیان کے مطابق سن 2020 میں اکتوبر کے مہینے میں کانیا ویسٹ کو کووڈ انیس کی بیماری لاحق ہو گئی تھی اور انہوں نے اپنے شوہر کا بہت خیال رکھا تھا۔ کِم نے اس نگہداشت کی تفصیلات ایک فیشن میگزین ’گرازیا‘ کو بیان کی تھیں۔ انہوں نے بیماری کے وقت کو پریشان کن قرار دیا کیونکہ اس دوران وہ اپنا اور چار بچوں کا بھی خیال رکھ رہی تھیں۔
تصویر: Reuters/L. Jackson
’بیٹی ہلاک ہونے لگی تھی‘
سن 2020 میں اپنی صدارتی انتخابی مہم کے دوران جنوبی کیرولائینا میں ایک مقام پر تقریر کرتے ہوئے کانیا ویسٹ نے کہا کہ جب وہ ابھی اپنی ماٰں کے رحم میں تھے تو ان کے والد نے حمل گرانے کا مشورہ ان کی والدہ کو دیا تھا لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ ویسٹ کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اپنی بیوی کا بھی حمل گرانے کی خواہش رکھتے تھے اور اگر ایسا ہو جاتا تو انہوں نے اپنی بیٹی کو مار دیا ہوتا۔
تصویر: picture alliance/AP/The Post And Courier/L.P. Ipetracca
طلاق کا امکان
اس جوڑے کے درمیان علیحدگی کی خبریں زور پکڑ چکی ہیں۔ اگر ایسا ہو جاتا ہے تو کانیا ویسٹ کی پہلی اور کم کارداشیان کی تیسری شادی کا انجام طلاق ہو گا۔ طلاق کی کارروائی میں لارا ویسر کم کارداشیان کی وکیل ہو سکتی ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ لارا ویسر قبل ازیں کِم کی باسکٹ بال کھلاڑی کرس ہمفریز سے طلاق کے کیس میں بھی وکیل تھیں۔ یہ شادی 72 روز برقرار رہی تھی۔