کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ، آٹھ سالہ بچہ ہلاک
عابد حسین
20 فروری 2018
پاکستانی وزارت خاجہ کے مطابق کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک آٹھ سالہ بچے کی موت واقع ہوئی ہے۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے صدر دفتر میں بھارتی سفارت کار کو طلب کر احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا۔
اشتہار
آج منگل کے روز اسلام آباد میں پاکستان کی وزارت خارجہ میں بھارتی سفارت خانے کے نائب ہائی کمشنز جے پی سنگھ کو طلب کر کے احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا۔ اس مراسلے میں کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک آٹھ برس کے بچے کی ہلاکت پر احتجاج کیا گیا تھا۔ بھارتی فوج کی جانب سے آج منگل کے روز فائرنگ کھوئی رٹا علاقے کے سرحدی گاؤں جنجھوٹ بہادر پر کی گئی تھی۔ ہلاک ہونے والا بچہ اپنے گھر کے باہر کھیل رہا تھا۔
پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق رواں برس کے دوران اب تک بھارتی فوج کنٹرول لائن کی 335 مرتبہ خلاف ورزی کر چکی ہے۔ ان خلاف ورزیوں کے دوران کی جانے والی شیلنگ اور خودکار ہتھیاروں کی فائرنگ سے پندرہ افراد کی ہلاکت اور پینسٹھ زخمی ہوئے ہیں۔
پاکستان کے احتجاج پر نئی دہلی حکومت حکومت کا کوئی ردعمل ابھی تک سامنے نہیں آیا ہے۔
حکام کے مطابق کوٹلی سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ اُس پاکستان مسلح کارروائی کے جواب میں خیال کی گئی ہے، جس میں بھارتی فوج کی ایک چیک پوسٹ کو تباہ کر دیا گیا تھا۔
چیک پوسٹ کو تباہ کرنے کی وجہ کوٹلی کے علاقے تتا پانی میں عام شہریوں پر کی جانے والی فائرنگ تھی۔ اس چیک پوسٹ کی تباہی میں پانچ بھارتی فوجی ہلاک اور اتنے ہی زخمی ہوئے تھے۔ بھارتی چیک پوسٹ کو بدھ چودہ فروری کو تباہ کیا گیا تھا۔
کشمیر میں کرفیو، موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل
بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں آج علیحدگی پسند رہنما برہان وانی کی پہلی برسی منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر کشمیر کے زیادہ تر حصوں میں کرفیو نافذ ہے اور موبائل سمیت انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے۔
تصویر: Picture Alliance/AP Photo/ K. M. Chauday
بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں مشتعل مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
تصویر: Picture Alliance/AP Photo/ K. M. Chauday
اس موقع پر بھارتی فورسز کی طرف سے زیادہ تر علیحدگی پسند لیڈروں کو پہلے ہی گرفتار کر لیا گیا تھا یا پھر انہیں گھروں پر نظر بند کر دیا گیا تھا۔
تصویر: Reuters/C.McNaughton
بھارتی فورسز کی جانب سے مظاہرین کے خلاف آنسو گیس کے ساتھ ساتھ گولیوں کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔
تصویر: Reuters/D. Ismail
مظاہرین بھارت مخالف نعرے لگاتے ہوئے حکومتی فورسز پر پتھر پھینکتے رہے۔ درجنوں مظاہرین زخمی ہوئے جبکہ ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
تصویر: Reuters/C.McNaughton
ایک برس پہلے بھارتی فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہو جانے والے تئیس سالہ عسکریت پسند برہان وانی کے والد کے مطابق ان کے گھر کے باہر سینکڑوں فوجی اہلکار موجود ہیں۔
تصویر: Reuters/D. Ismail
برہان وانی کے والد کے مطابق وہ آج اپنے بیٹے کی قبر پر جانا چاہتے تھے لیکن انہیں گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
تصویر: Getty Images/T.Mustafa
باغی لیڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے شروع ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے دوران سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائیوں میں اب تک ایک سو کے قریب انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔
تصویر: Reuters/C.McNaughton
کشمیر کے علیحدگی پسند لیڈروں نے وانی کی برسی کے موقع پر ایک ہفتہ تک احتجاج اور مظاہرے جاری رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
تصویر: Reuters/D. Ismail
ایک برس قبل آٹھ جولائی کو نوجوان علیحدگی پسند نوجوان لیڈر برہان وانی بھارتی فوجیوں کے ساتھ ایک جھڑپ میں مارا گیا تھا۔