1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کن فلمی میلہ: گولڈن پام ایوارڈ فرانسیسی لو سٹوری نے جیتا

27 مئی 2013

فرانس میں 66 ویں کن فلمی میلے کے اختتام پر گولڈن پام کا اعلیٰ ترین اعزاز اتوار کی رات فرانس ہی کی دو ہم جنس پرست خواتین کے باہمی تعلقات کے موضوع پر بنائی گئی فلم نے جیت لیا۔

تصویر: Reuters

فیسٹیول کی جیوری کے سربراہ نے ’محبت کی ایک عظیم داستان‘ کا نام دے کر سراہا۔ Blue is the Warmest Color: The Life of Adele نامی اس فلم کے فرانسیسی ہدایتکار تیونس میں پیدا ہونے والے عبدالطیف کشیش ہیں۔ یہ فلم دو خواتین کی ایک دوسرے کے لیے گہری لیکن نرم و گداز محبت کی کہانی پر مبنی ہے۔ قریب دو ہفتے تک جاری رہنے والے اس بین الاقوامی فلمی میلے کی جیوری کی سربراہی معروف امریکی ہدایتکار اسٹیون اسپیلبرگ نے کی اور جیوری میں معروف امریکی اداکارہ نکول کڈمین بھی شامل تھیں۔ اسٹیون اسپیلبرگ کی سربراہی میں جیوری نے نہ صرف گولڈن پام ایوارڈ اس فلم کو دینے کا فیصلہ کیا بلکہ ساتھ یہ غیر معمولی اعلان بھی کیا کہ یہ ایوارڈ مشترکہ طور پر فلم کے ہدایتکار اور دونوں مرکزی اداکاراؤں کو دیا جاتا ہے۔

جيوری کے ارکان اسٹیون اسپیلبرگ، نکول کڈمین اور آنگ لیتصویر: Anne-Christine Poujoulat/AFP/Getty Images

اس طرح یہ ایوارڈ لینے کے لیے عبدالطیف کشیش کے ساتھ 19 سالہ Adele Exarchopoulos اور Lea Seydoux بھی موجود تھیں۔ Adele نے اس فرانسیسی فلم میں ایک ایسی 15 سالہ لڑکی کا کردار ادا کیا ہے، جسے 27 سالہ Lea سے محبت ہو جاتی ہے۔ ایوارڈ لینے کے بعد آڈیلے نے اپنی مختصر تقریر میں کہا، ’یہ ایک عالمگیر فلم ہے۔ یہ ایک لو سٹوری ہے۔ لہٰذا یہ بات اہم نہیں ہے کہ اس فلم کی کہانی دو عورتوں کے گرد گھومتی ہے۔‘

اس فلم کا دورانیہ تین گھنٹے بنتا ہے اور جب کن فلم فیسٹیول میں اس کی نمائش کی گئی تھی تو یہ فلم اس وقت بھی اس وجہ سے شہ سرخیوں کا موضوع بن گئی تھی کہ یہ بہت طویل فلم ہے جس میں چند حلقوں کی طرف سے کچھ جنسی مناظر کو متنازعہ بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔ اس فلم کے حوالے سے یہ بات بھی اہم ہے کہ اس کی کن فیسٹیول میں پہلی مرتبہ نمائش اس وقت کی گئی جب فرانس میں ہم جنس پرست افراد کو آپس میں باقاعدہ شادیاں کرنے کا حق دیے جانے سے متعلق قانون کے نفاذ کو ابھی چند روز ہی ہوئے ہیں۔

اس فلم کے بارے میں میلے کی جیوری کے سربراہ اسٹیون اسپیلبرگ نے کہا، ’یہ فلم محبت کی ایک عظیم داستان ہے۔ گہری محبت کی ایک ایسی کہانی جس میں بہت تکلیف دہ انداز میں دل ٹوٹنے کے عمل کا بتدریج آغاز شروع سے ہی ہو جاتا ہے‘۔

گولڈن پام ایوارڈ لیتے ہوئے فلم کے ہدایتکار کشیش نے کہا، ’میں ہر وہ کوشش کروں گا جس کے ذریعے اس فلم کو تیونس اور ایسے دیگر ملکوں تک لے جایا جا سکے، جہاں مکمل جمہوریت نہیں ہے اور جہاں اس فلم کے کچھ مناظر ایسے ملکوں کے لیے شاید ایک مسئلہ بھی ہو سکتے ہیں۔‘

اس فلم کو گولڈن پام کا اعلیٰ ترین اعزاز دینے کا فیصلہ ان 20 فلموں میں سے کیا گیا، جو باقاعدہ طور پر اس میلے میں مقابلے کے لیے شامل کی گئی تھیں۔ بہترین اداکار کا ایوارڈ 76 سالہ Bruce Dern کو Alexander Payne کی فلم Nebraska میں ان کے کردار کے لیے دیا گیا۔ اس میلے کا تیسرا اعلیٰ ترین انعام یعنی جیوری پرائز کورے ایدا ہیروکازُو کی فلم Like Father, Like Son کے حصے میں آیا۔ اس کے علاوہ بہترین ہدایتکار کا اعزاز میکسیکو کے فلمساز ایسکالانتے کو ان کی منشیات کی تجارت اور اس وجہ سے ہونے والی خونریز جنگ کے موضوع پر بنائی گئی ڈرامائی فلم Heli کے لیے دیا گیا۔ کن میلے میں بہترین پہلی فیچر فلم کے شعبے میں دیا جانے والا انعام ’گولڈن کیمرا‘ سنگاپور کے ڈائریکٹر انتھونی چَین کو ان کی فلم ’اِیلو اِیلو‘ (Ilo Ilo) کے لیے دیا گیا۔

(mm/as (AP

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں