کوئٹہ: ہسپتال میں دھماکہ، آٹھ افراد ہلاک
16 اپریل 2010حکام کے مطابق زخمیوں میں قومی اسمبلی کے ایک رکن بھی شامل ہیں۔ پاکستانی صوبے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں جمعہ کی صبح ایک نجی بینک کے افسر ارشد زیدی پر نامعلوم افراد نے منان چوک میں فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے۔ انہیں فوری طور پر سول ہسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔
ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز ظاہر شاہ کاظمی شعبہ حادثات کے باہر صحافیوں کو اس واقعے کی تفصیلات بتا رہے تھے کہ اسی دوران ایک زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز کاظمی اور ایک نجی ٹیلی وژن چینل کے کیمرہ مین عارف ملک سمیت آٹھ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوئے۔
بعض اطلاعات کے مطابق بم دھماکے میں شدید زخمی افراد میں قومی اسمبلی کے رکن آغا ناصرکے علاوہ کئی صحافی اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
اس واقعے کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کوئٹہ قاضی عبدالواحد کے مطابق جائے وقوعہ سے ایک مشتبہ سراور بازو ملے ہیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ یہ ایک خود کش حملہ ہو سکتا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ شہر میں سیکیورٹی کے لئے کم از کم 91 مقامات پر کیمرے نصب ہیں۔
رپورٹ: بخت زمان/خبر رساں ادارے
ادارت: گوہر نذیر گیلانی