کورونا، امریکا میں داخلے کے لیے منفی ٹیسٹ رپورٹ لازمی قرار
13 جنوری 2021
امریکا نے چھبیس جنوری سے بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کے لیے منفی ٹیسٹ رپورٹ دکھانا لازمی قرار دے دیا ہے۔
اشتہار
امریکا میں وبائی امراض سے متعلق نگراں ادارے 'سینٹر فار ڈزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن' (سی ڈی سی) نے منگل کو اعلان کیا کہ باہر سے آنے والے تمام مسافروں کو ایئرپورٹ پر تحریری رپورٹ دکھانی ہوگی کہ پچھلے تین دن کے اندر ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
اس شرط کا نفاذ پہلے برطانیہ سے آنے والے مسافروں کے لیے اس وقت کیا گيا جب وہاں وائرس کی نئی قسم کا پتہ چلا تھا۔ تاہم 26 جنوری سے اس کا اطلاق تمام مسافروں پر ہوگا۔
سی ڈی سی نے امریکا پہنچنے کے بعد مسافروں کو ایک ہفتے تک اپنے گھروں میں قرنطینہ میں رہنے کی تلقین کی ہے۔ نئے ضوابط کے مطابق مسافروں کو آمد کے تین سے پانچ روز کے اندر کورونا کا ایک اور ٹیسٹ بھی کرانا ہوگا۔
وبائی ماہرین کو خدشہ ہے کہ برطانیہ، برازیل اور جنوبی افریقہ میں تیزی سے پھیلنے والی وائرس کی نئی قسم ممکنہ طور پر پہلے ہی امریکا پہنچ چکی ہے۔
سی ڈی ایس کے ڈائریکٹر رابرٹ ریڈفیلڈ کا کہنا تھا، ''ٹیسٹنگ سے تمام خطرات کا ازالہ تو نہیں ہوتا، تاہم کچھ عرصہ گھر میں رہنے، روزانہ ماسک پہننے اور سماجی فاصلے برقرار رکھنے جیسی احتیاطی تدابیر پرعمل کرنے سے سفر کو مزید محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔‘‘
وبا میں منافع: کووڈ انیس کے بحران میں کس نے کیسے اربوں ڈالر کمائے؟
کورونا وائرس کے بحران میں بہت ساری کمپنیوں کا دیوالیہ نکل گیا لیکن کچھ کاروباری صنعتوں کی چاندی ہو گئی۔ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران کچھ امیر شخصیات کی دولت میں مزید اضافہ ہو گیا تو کچھ اپنی جیبیں کھنگالتے رہ گئے۔
تصویر: Dennis Van TIne/Star Max//AP Images/picture alliance
اور کتنے امیر ہونگے؟
ایمیزون کے بانی جیف بیزوس (اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ) کا الگ ہی انداز ہے۔ ان کی ای- کامرس کمپنی نے وبا کے دوران بزنس کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ بیزوس کورونا وائرس کی وبا سے پہلے بھی دنیا کے امیر ترین شخص تھے اور اب وہ مزید امیر ہوگئے ہیں۔ فوربس میگزین کے مطابق ان کی دولت کا مجموعی تخمینہ 193 ارب ڈالر بنتا ہے۔
تصویر: Pawan Sharma/AFP/Getty Images
ایلون مَسک امیری کی دوڑ میں
ایلون مسک کی کارساز کمپنی ٹیسلا الیکٹرک گاڑیاں تیار کرتی ہے لیکن بازار حصص میں وہ ٹیکنالوجی کے ’ہائی فلائر‘ کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ مسک نے وبا کے دوران ٹیک اسٹاکس کی قیمتوں میں اضافے سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ جنوبی افریقہ میں پیدا ہونے والے مسک نے دنیا کے امیر ترین لوگوں میں شمار ہونے والے بل گیٹس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ 132 ارب ڈالرز کی مالیت کے ساتھ وہ جیف بیزوس کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔
تصویر: Getty Images/M. Hitij
یوآن کی زندگی میں ’زوم کا بوم‘
کورونا وبا کے دوران ہوم آفس یعنی گھر سے دفتر کا کام کرنا بعض افراد کی مجبوری بن گیا، لیکن ایرک یوآن کی کمپنی زوم کے لیے یہ ایک بہترین موقع تھا۔ ویڈیو کانفرنس پلیٹ فارم زوم کو سن 2019 میں عام لوگوں کے لیے لانچ کیا گیا۔ زوم کے چینی نژاد بانی یوآن اب تقریباﹰ 19 ارب ڈالر کی دولت کے مالک ہیں۔
تصویر: Kena Betancur/Getty Images
کامیابی کے لیے فٹ
سماجی دوری کے قواعد اور انڈور فٹنس اسٹوڈیوز جان فولی کے کام آگئے۔ اب لوگ گھر میں ورزش کرنے کی سہولیات پر بہت زیادہ رقم خرچ کر رہے ہیں۔ وبائی امراض کے دوران فولی کی کمپنی ’پیلوٹون‘ کے حصص کی قیمت تین گنا بڑھ گئی۔ اس طرح 50 سالہ فولی غیر متوقع انداز میں ارب پتی بن گئے۔
تصویر: Mark Lennihan/AP Photo/picture alliance
پوری دنیا کو فتح کرنا
شاپی فائے، تاجروں کو اپنی آن لائن شاپس بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس پلیٹ فارم کا منصوبہ کینیڈا میں مقیم جرمن نژاد شہری ٹوبیاس لئٹکے نے تیار کیا تھا۔ شاپی فائے کینیڈا کا ایک اہم ترین کاروباری ادارہ بن چکا ہے۔ فوربس میگزین کے مطابق 39 سالہ ٹوبیاس لئٹکے کی مجموعی ملکیت کا تخمینہ تقریباﹰ 9 ارب ڈالر بنتا ہے۔
تصویر: Wikipedia/Union Eleven
راتوں رات ارب پتی
اووگر ساہین نے جنوری 2020ء کے اوائل سے ہی کورونا کے خلاف ویکسین پر اپنی تحقیق کا آغاز کر دیا تھا۔ جرمن کمپنی بائیو این ٹیک (BioNTech) اور امریکی پارٹنر کمپنی فائزر کو جلد ہی اس ویکسین منظوری ملنے کا امکان ہے۔ کورونا کے خلاف اس ویکسین کی تیاری میں اہم کردار ادا کرنے والے ترک نژاد سائنسدان ساہین راتوں رات نہ صرف مشہور بلکہ ایک امیر ترین شخص بن گئے۔ ان کے حصص کی مجموعی قیمت 5 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے۔
تصویر: BIONTECH/AFP
کامیابی کی ترکیب
فوڈ سروسز کی کمپنی ’ہیلو فریش‘ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ وبا کے دوران اس کمپنی کے منافع میں تین گنا اضافہ دیکھا گیا۔ ہیلو فریش کے شریک بانی اور پارٹنر ڈومنک رشٹر نے لاک ڈاؤن میں ریستورانوں کی بندش کا بھر پور فائدہ اٹھایا۔ ان کی دولت ابھی اتنی زیادہ نہیں ہے لیکن وہ بہت جلد امیر افراد کی فہرست میں شامل ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
تصویر: Bernd Kammerer/picture-alliance
ایک بار پھر ایمیزون
ایمیزون کمپنی میں اپنے شیئرز کی وجہ سے جیف بیزوس کی سابقہ اہلیہ میک کینزی اسکاٹ دنیا کی امیر ترین خواتین میں سر فہرست ہیں۔ ان کی ملکیت کا تخمینہ تقریباﹰ 72 ارب ڈالر بتایا جاتا ہے۔
تصویر: Dennis Tan Tine/Star Max//AP/picture alliance
8 تصاویر1 | 8
یورپ
بدھ کے روز شائع ہونے والی ایک نئی رپورٹ میں کہا گيا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران برطانیہ میں انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں کام کرنے والے تقریبا نصف افراد شدید تناؤ اور افسردگی کا شکار پائے گئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ صحت کے ملازمین پر دباؤ کا اثر ان کی ذہنی صحت پر بھی پڑا ہے جس سے ان کے معیار زندگی اور کام کرنے کی صلاحیت پر گہرے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
ادھر بدھ کے روز جرمنی میں کورونا وائرس کے 19 ہزار 600 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ مزید ایک ہزار سے زائد افراد اس وبا سے ہلاک ہوئے ہیں۔ اس دوران بیلجیئم نے لاک ڈاؤن کے تحت عائد پابندیوں میں مارچ تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایشیا
چین میں بھی بدھ کو گزشتہ پانچ ماہ کے دوران پہلی بار سب سے زیادہ 155 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ ایک روز قبل یہ تعداد محض 55 تھی۔ چین میں یہ اضافہ ملک کے بعض حصوں میں سخت بندشوں اور ٹیسٹنگ کے عمل کو تیز کرنے کے دوران ہوا ہے۔
اس دوران انڈونیشیا میں کورونا سے بچنے کے لیے ویکیسن لگانے کی مہم کا آغاز ہوگیا ہے اور پہلی ویکسین ملک کے صدر جوکو ویدودو کو لگائی گئی ہے۔ چین کی تیار کردہ اس ویکسین کا نام سینوویک ہے۔
ص ز/ ش ج (روئٹرز، اے ایف پی)
جب کووڈ انيس نے دس سالہ لورينزو سے اس کے دادا کو چھين ليا