1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا: دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد دس لاکھ سے متجاوز

29 ستمبر 2020

کورونا وائرس کی وبا سے پوری دنیا میں اب تک دس لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں، فرانس، نیدرلینڈ اور کچھ دیگر یورپی ملکوں نے انفیکشن کے دوبارہ پھیلنے سے روکنے کے لیے پابندیاں سخت کردی ہیں۔

Peru Coronavirus | Beisetzung der Opfer
تصویر: Getty Images/AFP/D. Ramos

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد پیر 28 ستمبر کی رات کو دس لاکھ سے تجاوز کرگئی۔

کووڈ 19کی اس عالمگیر وبا کے شروع ہونے کے بعد سے اب تک دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 3.32 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ متاثرین کی تعداد اس سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے کیوں کہ کئی معاملے جانچ کے دائرے میں نہیں آرہے ہیں۔

امریکا میں اس وبا سے اب تک دو لاکھ پانچ ہزار سے زیادہ لوگ لقمہ اجل بن چکے ہیں اور 71 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوچکے ہیں۔ امریکا کے بعد ہلاک ہونے والوں کی سب سے زیادہ تعداد برازیل میں ہے۔  برازیل میں اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے ایک لاکھ 42 ہزار سے زائد افراد کی موت ہوچکی ہے۔

کورونا سے متاثرین اور ہلاک ہونے والوں کے معاملے میں بھارت بھی دنیا کے تین سرفہرست ملکوں میں شامل ہے۔  متاثرین کے لحاظ سے اس نے برازیل کوپیچھے چھوڑ دیا ہے۔ بھارت میں متاثرین کی تعداد 61 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 96 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد دس لاکھ سے تجاوز ہوجانے کے بعد اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے کہا کہ یہ ”دماغ کو ماؤف" کردینے والے اعدادو شمار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ”ہمیں کبھی بھی کسی کی زندگی سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔ ہم اس چیلنجز پر قابو پاسکتے ہیں لیکن ہمیں غلطیوں سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔  ذمہ دار قیادت اس حوالے سے کافی اہمیت کا حامل ہے۔ سائنس اہمیت کی حامل ہے۔ باہمی تعاون اہمیت کا حامل ہے لیکن غلط اطلاعات جان لے لیتی ہے۔"

پہلی موت

خیال رہے کہ اس سال جنوری کے پہلے ہفتے میں کووڈ 19کی وجہ سے چین کے ووہان میں ایک 61 سالہ شخص کی موت ہوئی تھی۔  اس وقت تک اس بیماری کا نام دیا جاچکا تھا۔ کووڈ 19چین کے ووہان سے شروع ہوا اور اس کے بعد پوری دنیا میں انتہائی تیزی سے پھیلتا گیا لیکن اس وبا کے علاج کے فقدان میں لاکھوں لوگ دم توڑ تے گئے۔  ہر گزرتے دن اور مہینے کے ساتھ ہلاکتوں اور متاثرین کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہوتا گیا اور نو ماہ بعد ہلاکتوں کی تعداد 10لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ اب صورت حال یہ ہے کہ ہر 16ویں سیکنڈ میں کورونا وائرس کے ایک مریض کی موت ہورہی ہے  اور ہر 24 گھنٹے میں دنیا بھر میں 5400 مریض دم توڑ رہے ہیں۔

دنیا میں کووڈ 19سے جتنی اموات ہوئی ہیں ان میں امریکا، برازیل اور بھارت کا حصہ 45 فیصد ہے۔ جبکہ لاطینی امریکی خطے میں ایک تہائی سے زیادہ اموات ہوئیں۔  پریشانی صرف کورونا سے ہونے والی اموات کی وجہ سے ہی نہیں ہے بلکہ آخری رسومات کی ادائیگی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ کورونا کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کی آخری رسومات کی ادائیگی بھی ہیلتھ ورکروں اور متاثرہ خاندان کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔

ج ا /  ص ز (روئٹرز، اے پی، ڈی پی اے)

کیا دو میٹر کا سماجی فاصلہ، کورونا سے بچاو کے لیے کافی ہے؟

03:39

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں