1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’کورونا وائرس عوام کا دشمن نمبر ایک‘ ڈبلیو ایچ او  

12 فروری 2020

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ اگر کورونا وائرس ان ممالک تک پہنچا، جو اس وبا سے نمٹنے کے لیے تیار نہیں ہیں، تو اس کے بھیانک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

تصویر: Reuters/A. Foto

ڈبلیو ایچ او کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے اب تک ایک ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور اس وبا سے نمٹنے کے لیے فوری تیاری کی ضرورت ہے۔ اس ادارے کے سربراہ ٹیڈروز ایڈہانوم گيبریئس کا کہنا تھا، ’’سیاسی، معاشی اور سماجی سطح پر ہلچل پیدا کرنے کے لیے ایک وائرس دہشتگردانہ حملے سے بھی کہیں زیادہ طاقت ور ہے۔ اگر دنیا اس کے تئیں بیدار نہیں ہوتی اور اس وبا کو عوام کا دشمن نمبر ایک نہیں سمجھتی تو پھر اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم اپنے اسباق سے کچھ سیکھنا نہیں چاہتے۔ یہ پوری دنیا اور انسانیت کے لیے اوّل نمبر کا دشمن ہے۔‘‘
بدھ بارہ فروری تک اس وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 1013 تک بتائی گئی ہے۔ چین کا صوبہ ہوبی کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ہوا ہے، جہاں منگل کے روز مزید 2015 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، جو تیس جنوری کے بعد سے اب تک کی سب سے کم تعداد ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے سربراہ گیبریئرس نے اس وبا کی روک تھام کے لیے سرمایہ کاری کرنے اور صحت کے شعبے میں کمزور ممالک کی مدد کرنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا،’’اگر یہ وائرس طبی سہولیات کے حوالے سے کمزور نظام والے ممالک تک پہنچ گیا تو تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے۔ ابھی تک تو ایسا نہیں ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ایسا نہیں ہو گا، یہ ہو بھی سکتا ہے۔‘‘
کورونا کی وبا کو مزید پھیلنے سے روکنے اور بیماری سے بچنے کے لیے چین کی بیشتر کمپنیوں نے ملازمین کو باہر نکلنے کے بجائے گھروں میں رہنے کے لیے کہا ہے، جس سے چین کی معیشت کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کو 'کووڈ 19' کا نام دیا ہے، جس کا اعلان ایجنسی کے سربراہ گیبریئس نے کیا۔ انہھوں نے اس کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا، ’’ ’کے‘ کورونا کے لیے، ’وی‘ وائرس کے لیے، ’ڈی‘ ڈزیز کے لیے اور 19 سن 2019 کے لیے، کیونکہ اس وائرس کا پہلی بار دسمبر دو ہزار انیس میں ہی پتہ چلا تھا۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او جیو پولیٹیکل، کسی جانور یا پھر گروپ سے وابستہ ناموں سےگریز کرتی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کورونا وائرس جیسی وبا سے نمٹنے اور اس کے لیے روڈ میپ تیار کرنے کے مقصد سے ایک کانفرنس کر رہا ہے، جس میں تقریباً چار سو طبی ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔ اس کانفرنس میں اس وبا کے ممکنہ علاج پر بھی بات چيت کی جائے گی۔ 
اس دوران چین میں وبائی امراض کے ماہر اور سینیئر طبی مشیر ژواگ نشان نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا ہے کہ اس ماہ کے اختتام سے پہلے وبا اپنے عروج پر پہنچ سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’’میرے خیال سے اس وبا پر اپریل تک قابو پا لیا جائے گا۔‘‘

تصویر: picture-alliance/AP/Chinatopix
تصویر: picture-alliance/dpa/Xinhua News Agency/C. Junxia

        

ص ز/ ج ا (ایجنسیاں)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں