1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس نے حجامت کو بھی مشکل بنادیا

24 فروری 2020

چین میں حجاموں کی بیشتر دکانیں عوامی اجتماعات سے بچنے کے لیے عارضی طور پر بند کر دی گئی ہیں۔ وائرس پھیلنے کے خطرات اور خوف و ہراس حد سے زیادہ پایا جاتا ہے۔

China Coronavirus
تصویر: picture-alliance/AP Photo/Yomiuri Shimbun

بیجنگ میں آپ کو اپنے بال ترشوانے کی ضرورت ہے؟ آپ کو انتظار کرنا پڑے گا۔ کورونا وائرس نے جہاں دیگر معمولات زندگی کو بُری طرح متاثر کیا ہے وہاں روزمرہ کی ضروریات کو پورا کرنا بھی بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔ یہاں تک کہ اب چین میں حجام سے بال کٹوانا بھی ایک چیلنج بن گیا ہے۔

چین میں حجاموں کی بیشتر دکانیں عوامی اجتماعات سے بچنے کے لیے عارضی طور پر بند  کر دی گئی ہیں۔ وائرس پھیلنے کے خطرات اور خوف و ہراس حد سے زیادہ پایا جاتا ہے۔اگر صارفین کو حجامت کے لیے باربر شاپ کھُلی مل جائے اور حجام بال کاٹنے پر راضی ہو بھی تو بال کٹوانے والے صارفین کو اپنی اپنی کرسیوں کے درمیان کم از کم ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ برقرار رکھنا ہوتا ہے۔

حجامت بنوانے کی شرائط

حجامت بنوانے کے خواہشمندوں کو سب سے پہلے باربر شاپ میں فون کر کے پتا کرنا ہوگا کہ آیا وہ کُھلی ہے کہ نہیں؟ اگر حجام کی دکان کھلی ہے تو اپوائنٹمنٹ لینا ہوگی۔ جس بھی دن کی اپوائنٹمنٹ ملے اُس روز دکان پر فون کر کے اس امر کی یقین دہانی کرانا ہوگی کہ دکان پر کسی کو  کوئی کھانسی، نزلہ ، زکام، یا بخار تو نہیں۔ یعنی نمونیا کی تمام علامات جو کووڈ 19 وائرس کی وجہ بنتی ہیں، کے موجود نہ ہونے کا یقین دلانا ہوگا۔ اس سلسلے میں تمام تر معلومات بیجنگ کی ہیئر ڈریسنگ اینڈ بیوٹی ایسوسی ایشن کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ 

بیجنگ میں ہر طرف سرجیکل ماسک کے ساتھ شہری خوف کے عالم میں نظر آ رہے ہیں۔تصویر: picture-alliance/AP Images/Y. Shimbun

احتیاطی تدابیر

جے ایف پرو سیلون کے بانی فو جون اپنے صارفین کو سہولیات پہنچانا چاہتے ہیں اس کے لیے تاہم انہیں بہت سی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا پڑ رہی ہیں،''اب ہماری کوشش ہوتی ہے کہ صارفین کے بالوں کو تیزرفتاری سے دھویا جائے ۔ ہم غیر ضروری خدمات منسوخ کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ ایک ایک گاہک پر ہمیں کم سے کم وقت لگانا پڑے۔  اب ہم اپنی دکان کا دروازہ کھلا رکھتے ہیں۔ ایک بار جب صارف اپنے مقررہ وقت پر دکان میں داخل ہو جاتا ہے تو ہم سب سے پہلے اُن کے ہاتھوں اور جوتوں کے سولز کو جراثیم کُش اجزاء سے صاف کرتے، محفوظ بناتے ہیں۔ یہ وہ اقدامات ہیں جو ہم حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کر رہے ہیں۔‘‘

محض بیجنگ کی صرف 130 دکانوں کو پیر تک کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔ جے ایف پرو سیلون کے بانی فو جون کے مطابق بیجنگ میں بیس ہزار سے زائد باربر شاپس حجامت کی خدمات انجام دیتی ہیں تاہم انکے ایک چھوٹے سے حصے کو پیر تک دکان کھولنے کی اجازت ملی۔ خود جے ایف پرو سیلون کی بیجنگ میں قائم آٹھ  شاخوں میں سے چار کو 16 فروری سے کھولنے کی اجازت دی گئی۔ فو جون کے مطابق اُن کے 40 فیصد ملازمین اپنے کام پر واپس آئے ہیں۔ تمام دوسرے  ملازمین خود قرنطینہ میں ہیں۔ حکومت نے تمام اسے افراد پر اس کی پابندی عائد کی ہے جو بیجنگ شہر سے باہر جا کر واپس بیجنگ آئے ہیں، ان کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر لازم ہے کہ وہ خود قرنطینہ میں رہیں۔  شہر سے باہر  گئے ہوئے کچھ لوگ بالکل واپس نہیں آسکتے ہیں کیونکہ متعدد مقامات سے نقل و حمل کے ذرائع مکمل طور پر معطل ہیں۔

ک م / ع ا  /  ایجنسیاں

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں