1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلم اداکار دلیپ کمار مکمل تنہائی میں

17 مارچ 2020

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب دلیپ کمار نے اپنے مداحوں سے بھی صحت سے متعلق ایڈوائزری پر عمل کرنے اور اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

Indien Schauspieler Dilip Kumar Bollywood
تصویر: AP

بالی وڈ کے شہرہ آفاق اداکار اور شہشناہ جذبات دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو کا کہنا ہے کہ وہ اپنے شوہر کی صحت کی طرف سے کوئی جوکھم نہیں اٹھانا چاہتی ہیں اس لیے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر انہوں نے اپنے شوہر کو مکمل طور پر تنہائی میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دلیپ کمار کا کہنا ہے کہ اس وقت جو حالات ہیں اس کے پیش نظر انہوں نے یہ قدم احتیاطی تدابیر کے طور پر اٹھایا ہے۔

اداکار دلیپ کمار کا آبائی وطن  پاکستان کا شہر پشاور ہے۔ ان کی عمر 97 برس ہے اور ممبئی کے باندرہ میں رہتے ہیں۔ انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا، ’’کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے میں مکمل طور پر تنہائی اور قرنطینہ میں ہوں۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ مجھے کسی طرح کا کوئی انفیکشن نہ ہو، سائرہ نے تمام ممکنہ کوشش اور انتظام کیا ہے۔‘‘

راجیش کھنا دلیپ کمار کا ہاتھ چومتے ہوئے۔تصویر: AP

اس موقع پر دلیپ کمار نے اپنے مداحوں سے بھی صحت سے متعلق ایڈوائزری پر عمل کرنے اور اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ اس سے متعلق اپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا، ’’میں آپ سب سے اپیل کرتا ہوں کہ جتنا ممکن ہوسکے گھر کے باہر نہ نکلیں اور اپنے آپ کی حفاظت کریں۔ کرونا وائرس کی وبا تمام حدود و سرحدیں پار کر چکی ہے۔ محمکہ صحت کی جانب سے جو ہدایات جاری کی گئی ہیں اس پر عمل کریں، ایک دوسر سے خلط ملط ہونے سے گریز کیجیے اور اپنے ساتھ دوسروں کو بھی محفوظ رکھیے۔‘‘

اداکار دلیپ کا اصلی نام یوسف خان ہے۔ وہ گيارہ دسمبر سن 1922ء کو پشاور کے قصہ خوانی بازار میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد کا نام لالہ غلام سرور خان جبکہ والدہ کا  عائشہ بیگم تھا۔ انہیں ٹریجڈی فلموں میں جذبات کی بہترین عکاسی کے لیے شہنشاہ جذبات کا لقب ملا ہے۔  انہوں نے فلم اداکاری میں نئی جہتیں پیدا کیں اور حقیقت پسندی کا عنصر اجاگر کیا۔

2008 ء میں دلیپ کمار کو نیشنل فلم ایوارڈ انڈیا سے نوازا گیا تھا۔تصویر: AP

اس سے قبل بھی امیتابھ بچن، پریانکا چوپڑا اور انیل کپور سمیت بالی ووڈ کے کئی اداکاروں نے عوام کو کورونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور اس وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے صلح و مشورے دیے  تھے۔ ریاست مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں لیکن ممبئی کی فلم نگری میں اب تک کسی کے بھی متاثر ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ لیکن ہالی وڈ کے معروف اداکار ٹام ہینکس، ادریس ایلبا اور جیمس باؤنڈ فلموں کی معروف اداکارہ اولگا کوریلینکو اعلان کر چکے ہیں کہ وہ کورونا وائرس سے متاثر ہیں اور ان سب کو قرنطینہ میں رکھا گيا ہے۔

کورونا وائرس کے سبب بالی وُڈ کی بہت سی فلموں، ٹی وی پروگرام اور ویب سیریز کی جہاں شوٹنگ روک دی گئی ہے وہیں، سوریہ ونشی، سندیپ اور پنکی فرار، مولن اور ایف نائن جیسی متعدد فلموں کی ریلیز پر بھی ملتوی کر دی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس وبا کے چلتے بھارتی فلمی صنعت کو کئی کروڑ روپے کا نقصان ہوچکا ہے اور اس کے مضمرات کا مقابلہ کرنے کے لیے بھارتی فلمی صنعت خود کو تیار کر رہی ہے۔ متعدد فلم سازوں نے اپنی فلموں کی شوٹنگ کے ساتھ ہی فلمی تقریبات کو بھی منسوخ کر دیا ہے۔

دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو اپنے شوہر کی صحت کے لیے بہت محتاط رہنا چاہتی ہیں۔تصویر: Getty Images/AFP/STR

کئی ریاستوں میں انتظامیہ نے سنیما گھروں کو بند کر نے کا حکم دیا ہے۔  قومی دارالحکومت دہلی میں حکومت نے تمام سنیما گھروں کو 31 مارچ تک بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ دہلی حکومت کے اس فیصلے سے فلم سازوں میں اپنی فلموں کے حوالے سے خوف پیدا ہوگیا ہے۔ نئی دہلی ہندی فلموں کی ایک بڑی مارکیٹ ہے۔ ایسے میں فلموں کی آمدنی پر یقیناً برا اثر پڑے گا۔ آنے والے دنوں میں ریلیز ہونے والی کئی بڑی فلموں پر بھی اس کا اثر پڑے گا۔

زین صلاح الدین نئی دہلی/ ک م

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں