پاکستان میں کورونا وائرس کے دو کیسز کی تصدیق کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں حکام کی جانب سے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب حفاظتی ماسک کی ناکافی دستیابی پر شہری شدید غم و غصے میں ہیں۔
اشتہار
پاکستانی وزیر اعظم کے مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بدھ 26 فروری کو تصدیق کی کہ ملک میں کورونا وائرس کے دو کیسز سامنے آئے ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثرہ ایک شخص کا تعلق اسلام آباد جبکہ دوسرے کا کراچی سے ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا کہ دونوں افراد کی صحت مستحکم ہے اور یہ کہ ان کی مناسب دیکھ بھال کی جا رہی ہے اور یہ کہ اس حوالے سے پریشانی کی کوئی بات نہیں۔
کراچی میں ایک شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد صوبہ سندھ کے تمام ہسپتالوں سمیت بلدیہ عظمٰی کے تمام ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ محکمہ صحت سندھ نے ایران سے کراچی پہنچنے والے پانچ سوسے زائد شیعہ زائرین کی فہرست مرتب کرلی ہے۔ یہ فہرست حکومت سندھ نے ایئرپورٹ امیگریشن حکام سے حاصل کی ہے۔ نگران افسران کے ذریعے ان زائرین کے نمونے لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آج سے سرویلینس ٹیم گھروں پر جا کر خون کے نمونے حاصل کر ے گی۔ ان تمام افراد کے طبی ٹیسٹ کرانےکے لیے آج جمعرات سے مہم شروع کی جا رہی ہے۔ وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ فروری میں جو لوگ ایران سے آئے ہیں ان کی نگرانی کی جائے گی۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق کورونا وائرس کے لیے کراچی شہر کے چار ہسپتالوں سمیت سندھ کے نوہسپتالوں میں آئسولیشن وارڈ قائم کر دیے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق کراچی کے آغا خان ہسپتال سمیت جناح ہسپتال، ڈاؤ میڈیکل ایوجھا کیمپس، سول ہسپتال اور لیاقت یونیورسٹی ہسپتال کے علاوہ حیدرآباد میں پی ایم سی ایچ نواب شاہ، سول ہسپتال میر پور خاص، جی ایم ایم ایم سی سکھر ہسپتال اور سی ایم سی ایچ لاڑکانہ ہسپتال میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج کا انتظام کیا گیا ہے۔
حکومت سندھ کے دعوے اپنی جگہ لیکن کراچی کی حد تک تو صورت حال پریشان کن ہے۔ میڈیکل اسٹورز پر پانچ روپے میں فروخت ہونے والا ماسک ناپید ہوچکا ہے۔ میڈیکل اسٹور مالکان کے مطابق ماسک گزشتہ برس دسمبر میں چین میں کرونا وائرس کے نمودار ہونے کے بعد سے ہی کم یاب ہونا شروع ہوگئے تھے اور پھر ان کی دستیابی صرف اسپتال کےعملے اور پیرا میڈیکل اسٹاف تک رہ گئی تھی۔
کورونا وائرس سے بچنے کے ليے احتیاطی تدابیر
دنیا کے کئی ممالک میں کورونا وائرس سے بچنے کے لیے اب ماسک کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے ميں کئی اور طریقے بھی موثر ثابت ہو سکتے ہیں، جن میں سے چند ایک ان تصاویر میں دیکھے جا سکتے ہیں۔
تصویر: Getty Images/Stringer
کچھ نہ ہونے سے بہتر ہے
یہ ابھی تک ثابت نہیں ہو سکا ہے کہ ماسک وائرل انفیکشن کو روکنے میں مؤثر ثابت ہوتے ہیں يا نہيں۔ ایسا بھی کہا جاتا ہے کہ ناک پر چڑھانے سے قبل ماسک ميں پہلے سے بھی جراثیم پائے جاتے ہيں۔ ماسک کا ايک اہم فائدہ یہ ہے کہ کوئی دوسرا شخص آپ کی ناک اور منہ سے محفوظ رہ سکتا ہے۔ بیماری کی صورت میں یہ ماسک دوسرے افراد کو آپ سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔
تصویر: Getty Images/Stringer
جراثیم دور کرنے والے سیال مادے کا استعمال
اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کی ہدايات میں عالمی ادارہٴ صحت نے چہرے کے ماسک کا ذکر نہیں کیا لیکن ان ہدايات میں سب سے اہم ہاتھوں کو صاف رکھنا ہے۔ اس کے لیے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے جراثم کش سیال مادے کے استعمال کو اہم قرار دیا ہے۔ یہ ہسپتالوں میں داخلے کے مقام پر اکثر پايا جاتا ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/S. Pilick
صابن اور پانی استعمال کریں
ہاتھ صاف رکھنے کا سب سے آسان طریقہ صابن سے ہاتھ دھونا ہے۔ لیکن یہ ضروری ہے کہ اس انداز میں بڑی توجہ سے ہاتھ دھوئے جائيں۔
تصویر: picture alliance/dpa/C. Klose
کھانسی یا چھینک، ذرا احتیاط سے
ڈاکٹروں کی یہ متفقہ رائے ہے کہ کھانسی کرتے وقت اور چھینک مارتے ہوئے اپنے ہاتھ ناک اور منہ پر رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ اس موقع پر ٹِشُو پیپر بھی منہ پر رکھنا بہتر ہے۔ بعد میں اس ٹِشُو پیپر کو پھینک کر ہاتھ دھو لینے چاہییں۔ نزلہ زکام کی صورت میں اپنے کپڑے معمول سے زیادہ دھونا بھی بہتر ہوتا ہے۔ ڈرائی کلین کروا لیں تو بہت ہی اچھا ہے۔
تصویر: Fotolia/Brenda Carson
دور رہنا بھی بہتر ہے
ایک اور احتیاط یہ ہے کہ سارا دن دفتر میں کام مت کریں۔ بخار کی صورت میں لوگوں سے زیادہ میل جول درست نہیں اور اس حالت میں رابطے محدود کرنا بہتر ہے۔ بیماری میں خود سے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا مناسب ہے۔
تصویر: picture alliance/empics
بیمار ہیں تو سیر مت کریں، ڈاکٹر کے پاس جائیں
بخار، کھانسی یا سانس لینے میں دشواری ہے تو طبی نگہداشت ضروری ہے۔ بھیڑ والے مقامات سے گریز کریں تاکہ بیماری دوسرے لوگوں ميں منتقل نہ ہو۔ ڈاکٹر سے رجوع کر کے اُس کی بتائی ہوئی ہدایات پر عمل کرنا لازمی ہے۔
تصویر: Reuters/P. Mikheyev
بازار میں مرغیوں یا دوسرے جانوروں کو مت چھوئیں
کورونا وائرس کے حوالے سے یہ بھی ہدایت جاری کی جاتی ہيں کہ مارکیٹ یا بازار میں زندہ جانوروں کو چھونے سے اجتناب کریں۔ اس میں وہ پنجرے بھی شامل ہیں جن میں مرغیوں یا دوسرے جانوروں کو رکھا جاتا ہے۔
تصویر: DW
گوشت پوری طرح پکائیں
گوشت کو اچھی طرح پکائیں۔ کم پکے ہوئے یا کچا گوشت کھانے سے گریز ضروری ہے۔ جانوروں کے اندرونی اعضاء کا بھی استعمال احتیاط سے کریں۔ اس میں بغیر گرم کیا ہوا دودھ بھی شامل ہے۔ بتائی گئی احتیاط بہت ہی ضروری ہیں اور ان پر عمل کرنے سے بیماری کو دور رکھا جا سکتا ہے۔ صحت مند رہیں اور پرمسرت زندگی گزاریں۔
تصویر: picture-alliance/Ch. Mohr
8 تصاویر1 | 8
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا ہنگامی پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ حفاظتی ماسک کی دستیابی کو ممکن بنانے کی کوششیں جاری ہیں، ''جن لوگوں نے ماسک کی ذخیرہ اندوزی کی ہے ہم نے ان کی دکانوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم صحت سے متعلقہ اشیاء کی قیمتیں بڑھنے نہیں دیں گے۔ وفاقی حکومت سے ہم درخواست کر رہے ہیں کہ جو کمپنیاں رجسٹرڈ نہیں ہیں، ان سے بھی سامان خریدنے کی اجازت ہونی چاہیے۔‘‘
ڈائریکٹر جنرل صحت سندھ نے وبائی امراض کے ماہرین پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور ساتھ ہی سے وفاقی ادارے نے ٹریول ایجنٹس رابطہ بھی کر لیا۔ ایران سے کراچی پہنچنے والوں کا تعلق کراچی کے پانچوں اضلاع ہے، جن کی فہرست محکمہ نے بدھ کو مکمل کر لی ہے۔ اس میں مردوں کے ساتھ خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔ محکمہ صحت اور ماہرین طب کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ شہریوں کو پرسکون رہنے کی ہدایات کی گئیں ہیں۔
سرکاری اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز کی کہانی بھی صرف ایک خالی کمرے تک کی ہے جس میں چند بیڈز، معیادی بخار اور نزلہ زکام کی ادویات کے علاوہ چند ڈرپس دستیاب ہیں اور ڈاکٹرز کے مطابق پاکستان میں صحت کے معاملات پہلے ہی پریشان کن ہیں اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورت میں حالات قابو سے باہر ہوسکتے ہیں۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی تجاویز
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے مطابق شہریوں کو چاہیے کہ صاف ستھری اور صحت مند غذا استعمال کریں۔ ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب برتیں۔ موجودہ صورتحال میں پانی کا استعمال زیادہ کر دیں۔ کھلی جگہوں پر کھانسنے اور چھینکنے سے اجتناب برتیں۔ ایک دوسرے سے لی گئی چیزوں کو بھی استعمال نہ کریں۔
کراچی ایئرپورٹ پر سکریننگ کے لیے دو مقامات پر تھرمل اسکینر بھی نصب کیےگئے ہیں۔ کراچی میں کورونا وائرس کا کیس سامنے آنے کے بعد اسکولوں کو تو دو روز کے لیے بند کر دیا گیا ہے لیکن جامعات کے حوالے سے کوئی اعلان جاری نہیں کیا گیا۔ نجی تعلیمی اداروں اور نجی اسکولوں کو بھی دو روز بند رکھنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
کورونا وائرس: کس ملک میں کتنے مریض، کتنے ہلاک، کتنے صحت یاب
کورونا وائرس کی نئی قسم سے آج (10 مارچ 2020ء) تک دنیا کے سو سے زائد ممالک میں قریب سوا لاکھ انسان متاثر ہو چکے ہیں۔ مختلف ممالک میں اس وبا کی صورت حال پر ایک نظر۔
تصویر: AFP/S. Tumbaleka
چین
چین میں اب تک 80756 افراد کورونا وائرس کی نئی قسم میں مبتلا ہو چکے ہیں جب کہ اس مرض کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3136 ہو چکی ہے۔ چین میں مسلسل ایک ہفتے سے نئے کیسز کی تعداد سو سے کم رہی ہے۔ چین میں 60077 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ چین کے زیر انتظام مکاؤ میں بھی اب تک 10 کیس سامنے آ چکے ہیں۔
تصویر: AFP
اٹلی
اٹلی میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ کر 9172 ہو گئی ہے جب کہ 463 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ اس مرض کے تیز پھیلاؤ کے سبب روم حکومت نے ملک بھر میں شہریوں کی نقل و حرکت محدود کر دی ہے۔ اٹلی میں دوبارہ رو بہ صحت ہونے والے مریضوں کی تعداد 724 ہے۔
جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 7513 جب کہ اس کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب 54 ہو چکی ہے۔ اب تک 247 مریض دوبارہ صحت مند ہو چکے ہیں۔ جنوبی کوریا نے بھی تیز رفتار وبا کی شدت کے باعث ملک میں ریڈ الرٹ جاری کر رکھا ہے۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/K. Jun-boem
ایران
ایران میں اس وبا سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد مسلسل اضافے کے ساتھ اب 7161 ہو چکی ہے۔ اب تک 237 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں جب کہ کورونا وائرس سے نجات پا لینے والے افراد کی تعداد 2394 ہے۔
تصویر: picture-alliance/Zumapress/R. Fouladi
فرانس
فرانس میں اب تک کورونا وائرس کی نئی قسم سے متاثرہ 1412 مریضوں اور 30 ہلاکتوں کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ 12 افراد دوبارہ صحت مند بھی ہوئے ہیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/F. Nascimbeni
سپین
اسپین میں اب تک 1231 مریضوں میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی تصدیق ہوئی ہے۔ 30 مریض اب تک انتقال کر چکے ہیں جب کہ 32 صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
تصویر: Reuters/S. Perez
جرمنی
جرمنی میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور اس وقت ایسے مصدقہ کیسز کی تعداد 1224ہے۔ اب تک اس مرض سے دو مریض ہلاک ہوئے ہیں۔ دوبارہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 18 ہے۔
تصویر: Reuters/W. Rattay
امریکا اور کینیڈا
امریکا میں مریضوں کی تعداد 754 ہو گئی ہے۔ اب تک 26 امریکی شہری کورونا وائرس کی نئی قسم سے متاثر ہو کر جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ آٹھ افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔ کینیڈا میں اس وقت تک 77 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے آٹھ افراد صحت یاب ہوئے اور ایک مریض ہلاک ہوا۔
تصویر: picture-alliance/AA/T. Coskun
جاپان
جاپان میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد 530 ہے۔ اب تک 9 افراد ہلاک اور 101 مریض کورونا وائرس سے نجات پا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ’ڈائمنڈ پرنسس‘ نامی کروز شپ کے 696 مسافروں میں اس مرض کی تصدیق ہوئی تھی جن میں سے 6 ہلاک اور 40 دوبارہ صحت یاب ہوئے۔
تصویر: picture-alliance/AP/The Yomiuri Shimbun
سوئٹزرلینڈ
یورپی ملک سوئٹزرلینڈ میں کووِڈ انیس کے مریضوں کی تعداد 374 ہے جن میں سے 2 افراد ہلاک جب کہ 3 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa/G. Kefalas
ہالینڈ اور برطانیہ
ہالینڈ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 321 ہے جن میں سے 4 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اب تک ہالینڈ میں کوئی مریض صحت یاب نہیں ہوا۔ برطانیہ میں بھی آج کے دن تک 321 مریضوں میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی تشخیص کی جا چکی ہے۔ 5 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جب کہ 18 مریض اس مرض سے نجات پا چکے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/empics/PA Wire/S. Parsons
بیلجیم، ناروے، سویڈن اور آسٹریا
اس مرض کے مریضوں کی تعداد یورپی ملک بلیجیم میں 239، ناروے میں 227، سویڈن میں 261 اور آسٹریا میں 131 ہے۔ آسٹریا میں 2 جب کہ دیگر ممالک میں ایک ایک شہری صحت یاب بھی ہو چکا ہے۔
تصویر: Reuters/J. P. Pelissier
سنگاپور، ہانگ کانگ اور تھائی لینڈ
سنگاپور میں اس وقت ایسے مریضوں کی تعداد 160 ہے اور 78 افراد اس بیماری سے نجات حاصل کر چکے ہیں۔ ہانگ کانگ میں مریضوں کی تعداد 115 ہے، 3 افراد ہلاک اور 60 صحت یاب ہو چکے ہیں۔ تھائی لینڈ میں اس وقت 50 مریض ہیں۔ اب تک ایک شخص ہلاک اور 33 صحت یاب ہو چکے ہیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/A. Wallace
پاکستان، بھارت اور افغانستان
پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 16 ہو چکی ہے جب کہ ایک شہری صحت یاب ہو چکا ہے۔ بھارت میں اس وقت 47 مریض ہیں جب کہ 4 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ افغانستان کے 4 شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
تصویر: picture-alliance/AP/A. Solanki
مجموعی صورت حال
آج کی تاریخ تک یہ مرض سو سے زائد ممالک میں پہنچ چکا ہے اور دنیا کے سبھی براعظم اس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ مریضوں کی مجموعی تعداد 114544 ہو چکی ہے۔ 4026 افراد اس مرض کے باعث ہلاک ہوئے ہیں۔ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 64031 ہے۔