کورونا کس طرح ہمارے باقی اعضاء پر حملہ آور ہو سکتا ہے؟
12 مئی 2020
اس وائرس کی مہلک نئی قسم پھیپھڑوں کو مفلوج کرتی ہے۔ لیکن اب یہ بات سامنے آ رہی ہے کہ اس کا جارحانہ پیتھوجن جسم کے دیگر مرکزی اعضاء پر بھی حملہ آور ہوتا ہے۔
اشتہار
کووڈ۔انیس وائرس عام طور پر سانس کی نچلی نالی پر حملہ آور ہوتا ہے، جس سے مریض کو سانس کی تکلیف، خشک کھانسی اور پھر نمونیہ ہو سکتا ہے۔ لیکن اب اشارے ملے ہیں کہ یہ وائرس جسم کے دیگر اہم اعضاء کو بھی نقصان پہنچاتا ہے، جن میں دل، دماغ، گردے، اعصابی نظام، خون کی رگیں اور جِلد شامل ہیں۔
دل کا معاملہ
امریکا، چین، اٹلی اور دیگر ممالک سے ملنے والے شواہد سے پتا چلتا ہے کہ یہ وائرس دل پر بھی حملہ آور ہوتا ہے کیونکہ ان ملکوں میں انتقال کر جانے والے مریضوں کی خاصی تعداد پہلے سے ہائی بلڈ پریشر اور دل کے دیگر عارضوں میں مبتلا تھی۔
ماضی میں بھی سارس اور مارس وبا کے دوران وائرس دل کو نقصان پہنچانے کا سبب بنا تھا اور اس وائرس کی نئی قسم کا پیتھوجن اُن سے کافی ملتا جلتا ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ وائرس خود دل پر حملہ آور ہوتا ہے یا پھر انفیکشن کے دوران مدافعتی ردعمل کے باعث دل کو نقصان پہنچتا ہے۔ تاہم اس پر ابھی تحقیق جاری ہے۔
پھیپھڑوں کی کمزوری
اگر پھیپھڑوں کی بات کی جائے تو یہ بات سامنے آئی ہے کہ کورونا سے جو لوگ تندرست ہو جاتے ہیں بعض اوقات ان کے پھیپھڑے پوری طرح دوبارہ ٹھیک نہیں ہو پاتے۔
چینی محققین کے مطابق بعض ٹھیک ہو جانے والے مریضوں کے پھیپھڑوں میں دودھیا رنگ کی پتلی سی جھلی دیکھی گئی ہے، جس سے پھیپھڑے مستقل طور پر خراب ہو جاتے ہیں۔ ڈاکٹر اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ کیا اس وائرس سے پھیپھڑوں میں فائبروسس بنتا ہے۔ فائبروسس پھیپھڑوں میں سوجن پیدا کرتے ہیں جس کے باعث آکسیجن کی ترسیل متاثر ہوتی ہے۔ سانس لینے میں مشکل اتنی بڑھ جاتی ہے کہ انسان کے لیے کام کاج کرنا دشوار ہو جاتا ہے۔ پھیپڑوں میں فائبروسس کا ابھی تک کوئی علاج نہیں۔
دماغ پر زور
اسی طرح کورونا کے اسی فیصد سے زائد مریضوں میں دیکھا گیا ہے ان کی سونگھنے اور چکھنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہیں۔ عمومی طور پر نزلے زکام میں اس قسم کی علامات کافی بعد میں سامنے آتی ہیں۔ لیکن اس انفیکشن میں یہ علامات ابتدائی دنوں میں محسوس کی جاتی ہیں۔
سائنسدانوں کے مطابق اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ کہ کئی مریضوں میں کووڈ۔انیس اعصابی نظام کو متاثر کرتا ہے کیونکہ سونگھنے کا سیدھا تعلق ناک کے ذریعے دماغ کے سینٹرل نروس سسٹم سے ہے۔
چین اور جاپان کے محققین کے مطابق شاید یہی وجہ ہے کہ کچھ لوگوں میں کورونا کا نیا پیتھوجن دماغ تک پہنچ کر سانس سے متعلق حصے کو نقصان پہنچاتا ہے، جس کے باعث بعض عمر رسیدہ مریض یکا یک سانس لینا بند کر دیتے ہیں۔
جِلد کا نقصان
اسی طرح کئی ممالک سے اطلاعات ہیں کہ کورونا وائرس جلد کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔ ڈاکٹروں کی طرف سے بچوں اور نوجوان مریضوں کے پیروں پر جامنی رنگ کے نشان دیکھے گئے، جو بظاہر خسرہ اور چکن پاکس سے ملتے جلتے ہیں۔ پیروں کی انگلیوں پر سوجن اور زخم اکثر خون جمنے یا فراسٹ بائیٹ جیسے ہوتے ہیں۔ بعض اوقات جسم کے دوسرے حصوں پر بھی نشانات دانے پائے جاتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق قوی امکان ہے کہ یہ جلد کا یہ نقصان وائرس کی وجہ سے بلڈ کلاٹنگ کا نتیجہ ہو۔
کورونا وائرس کی عالمی وبا، آج دنيا کہاں کھڑی ہے؟
مئی کے وسط تک کورونا وائرس کے متاثرين ساڑھے چار ملين سے متجاوز ہيں۔ انفيکشنز ميں مسلسل اضافے کے باوجود دنيا کے کئی حصوں ميں پابنديوں ميں بتدريج نرمياں بھی جاری ہيں۔ يہ وائرس کيسے اور کب شروع ہوا اور آج دنيا کہاں کھڑی ہے؟
تصویر: Reuters/Y. Duong
نئے کورونا وائرس کے اولين کيسز
اکتيس دسمبر سن 2019 کو چين ميں ووہان کے طبی حکام نے باقاعدہ تصديق کی کہ نمونيہ کی طرز کے ايک نئے وائرس کے درجنوں مريض زير علاج ہيں۔ اس وقت تک ايسے شواہد موجود نہ تھے کہ يہ وائرس انسانوں سے انسانوں ميں منتقل ہوتا ہے۔ چند دن بعد چينی محققين نے ايک نئے وائرس کی تصديق کر دی۔
تصویر: AFP
وائرس سے پہلی موت
گيارہ جنوری سن 2020 کو چينی حکام نے نئے وائرس کے باعث ہونے والی بيماری کے سبب پہلی ہلاکت کی اطلاع دی۔ مرنے والا اکسٹھ سالہ شخص اکثر ووہان کی اس مارکيٹ جايا کرتا تھا، جس سے بعد ازاں وائرس کے پھيلاؤ کو جوڑا جاتا رہا ہے۔ يہ پيش رفت چين ميں اس وقت رونما ہوئی جب سالانہ چھٹيوں کے ليے لاکھوں لوگ اندرون ملک سفر کرتے ہيں۔
يہ تصويو سيول کی ہے، جس ميں ديکھا جا سکتا ہے کہ لوگ ماسک خريدنے کے ليے قطاروں ميں کھڑے ہيں۔ رواں سال جنوری کے وسط ميں عالمی ادارہ صحت نے اس بارے ميں پہلی رپورٹ جاری کی اور بيس جنوری کو جاپان، جنوبی کوريا اور تھائی لينڈ ميں نئے وائرس کے اولين کيسز کی تصديق ہوئی۔ اگلے ہی دن ووہان سے امريکا لوٹنے والے ايک شخص ميں وائرس کی تشخيص ہوگئی اور يوں اکيس جنوری کو امريکا ميں بھی پہلا کيس سامنے آ گيا۔
تصویر: Reuters/K. Hong-Ji
ووہان کی مکمل بندش
گيارہ ملين کی آبادی والے شہر ووہان کو تيئس جنوری کو بند کر ديا گيا۔ شہر کے اندر اور باہر جانے کے تمام ذرائع بشمول ہوائی جہاز، کشتياں، بسيں معطل کر ديے گئے۔ نيا وائرس اس وقت تک تيئس افراد کی جان لے چکا تھا۔
تصویر: AFP/H. Retamal
گلوبل ہيلتھ ايمرجنسی
چين ميں ہزاروں نئے کيسز سامنے آنے کے بعد تيس جنوری کے روز عالمی ادارہ صحت نے صورت حال کو ’گلوبل ہيلتھ ايمرجنسی‘ قرار دے ديا۔ دو فروری کو چين سے باہر کسی ملک ميں نئے کورونا وائرس کے باعث کسی ایک شخص کی ہلاکت رپورٹ کی گئی۔ مرنے والا چواليس سالہ فلپائنی شخص تھا۔ چين ميں اس وقت تک ہلاکتوں کی تعداد 360 تھی۔
تصویر: picture-alliance/empics/The Canadian Press/J. Hayward
’کووڈ انيس‘ کا جنم
عالمی ادارہ صحت نے گيارہ فروری کو نئے کورونا وائرس کے باعث ہونے والی پھيپھڑوں کی بيماری کا نام ’کووڈ انيس‘ بتایا۔ بارہ فروری تک يہ وائرس چين ميں گيارہ سو سے زائد افراد کی جان لے چکا تھا جبکہ متاثرين ساڑھے چواليس ہزار سے زائد تھے۔ اس وقت تک چوبيس ملکوں ميں نئے وائرس کی تصديق ہو چکی تھی۔
تصویر: AFP/A. Hasan
يورپ ميں پہلی ہلاکت
چودہ فروری کو فرانس ميں ايک اسی سالہ چينی سياح جان کی بازی ہار گيا۔ يہ ايشيا سے باہر اور يورپی بر اعظم ميں کووڈ انيس کے باعث ہونے والی پہلی ہلاکت تھی۔ چين ميں اس وقت ہلاکتيں ڈيڑھ ہزار سے متجاوز تھیں، جن کی اکثريت صوبہ ہوبے ميں ہی ہوئی تھیں۔
تصویر: Getty Images/M. Di Lauro
پاکستان ميں اولين کيس
پاکستان ميں نئے کورونا وائرس کا اولين کيس چھبيس فروری کو سامنے آيا۔ ايران سے کراچی لوٹنے والے ايک طالب علم ميں وائرس کی تشخيص ہوئی۔ اٹھارہ مارچ تک ملک کے چاروں صوبوں ميں کيسز سامنے آ چکے تھے۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/F. Khan
کورونا کا دنيا بھر ميں تيزی سے پھيلاؤ
آئندہ دنوں ميں وائرس تيزی سے پھيلا اور مشرق وسطی، لاطينی امريکا و ديگر کئی خطوں ميں اولين کيسز سامنے آتے گئے۔ اٹھائيس فروری تک نيا کورونا وائرس اٹلی ميں آٹھ سو افراد کو متاثر کر چکا تھا اور يورپ ميں بڑی تيزی سے پھيل رہا تھا۔ اگلے دن يعنی انتيس فروری کو امريکا ميں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت رپورٹ کی گئی۔
يورپ اور امريکا کے دروازے بند
امريکی صدر نے گيارہ مارچ کو يورپ سے تمام تر پروازيں رکوا ديں اور پھر تيرہ مارچ کو ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کر ديا۔ بعد ازاں سترہ مارچ کو فرانس نے ملک گير سطح پر لاک ڈاون نافذ کر ديا اور يورپی يونين نے بلاک سے باہر کے تمام مسافروں کے ليے يورپ ميں داخلہ بند کر ديا۔
تصویر: picture-alliance/Xinhua/A. Morrisard
متاثرين کی تعداد ايک ملين سے متجاوز
دو اپريل تک دنيا کے 171 ممالک ميں نئے کورونا وائرس کی تصديق ہو چکی تھی اور متاثرين کی تعداد ايک ملين سے زائد تھی۔ اس وقت تک پوری دنيا ميں اکاون ہزار افراد کووڈ انيس کے باعث ہلاک ہو چکے تھے۔ دس اپريل تک يہ وائرس دنيا بھر ميں ايک لاکھ سے زائد افراد کی جان لے چکا تھا۔
تصویر: picture-alliance/xim.gs
ہلاکتيں لگ بھگ دو لاکھ، متاثرين اٹھائيس لاکھ
بائيس اپريل تک متاثرين کی تعداد ڈھائی ملين تک پہنچ چکی تھی۔ پچيس اپريل کو کووِڈ انیس کی وجہ سے دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتیں ایک لاکھ ستانوے ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں جب کہ اس مرض سے متاثرہ افراد کی تعداد بھی اٹھائیس لاکھ پندرہ ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ عالمی سطح پر اس بیماری سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد سات لاکھ پچیانوے ہزار سے زائد ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/F. Gambarini
متاثرين ساڑھے چار ملين سے اور ہلاک شدگان تين لاکھ سے متجاوز
مئی کے وسط تک نئے کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد ساڑھے چار ملين سے جبکہ ہلاک شدگان کی تعداد تين لاکھ سے متجاوز ہے۔ امريکا ساڑھے چودہ لاکھ متاثرين اور قريب ستاسی ہزار اموات کے ساتھ سب سے زيادہ متاثرہ ملک ہے۔ متاثرين کی تعداد کے معاملے ميں بھارت نے چين پر سولہ مئی کو سبقت حاصل کر لی۔ بھارت ميں کووڈ انيس کے مريضوں کی تعداد تقريباً چھياسی ہزار ہے جبکہ ڈھائی ہزار سے زيادہ لوگ ہلاک ہو چکے ہيں۔
تصویر: Reuters/J. Cabezas
بنڈس ليگا پھر سے شروع، شائقين غائب
سولہ مئی سے جرمن قومی فٹ بال ليگ بنڈس ليگا کے ميچز شروع ہو رہے ہيں۔ يورپی سطح پر بنڈس ليگا پہلی قومی ليگ ہے، جس کے ميچز کئی ہفتوں کی معطلی کے بعد دوبارہ شروع ہو رہے ہيں۔ البتہ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدايات کے مطابق شائقين کو اسٹيڈيمز کے اندر موجود ہونے کی اجازت نہيں ہے۔ حکام نے شائقين کو خبردار کيا ہے کہ اگر اسٹيڈيمز کے باہر شائقين مجمے کی صورت ميں جمع ہوئے، تو ميچز منسوخ کيے جا سکتے ہيں۔
تصویر: picture-alliance/dpa/I. Fassbender
يورپ بھر ميں پابنديوں ميں نرمياں جاری
دو مئی کو اسپين کے مشہور بارسلونا بيچ کو عوام کے ليے کھول ديا گيا۔ سولہ مئی سے فرانس اور اٹلی ميں بھی سمندر کنارے تقريحی مقامات لوگوں کے ليے کھول ديے گئے ہيں۔ يورپ کے کئی ممالک ميں پابنديوں ميں بتدريج نرمياں جاری ہيں اور بلاک کی کوشش ہے کہ جون کے وسط تک تمام تر سرحدی بنشيں بھی ختم ہوں اور يورپ ميں داخلی سطح پر سياحت شروع ہو سکے۔