کورونا وائرس کے حوالے سے کہاں کہاں، کيا کيا ہو رہا ہے؟
29 جنوری 2020
چين ميں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 132 جبکہ متاثرين کی تعداد چھ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ دريں اثناء کئی ممالک نے ووہان ميں پھنسے اپنے شہريوں کو خصوصی پروازوں کے ذريعے نکالنا شروع کر ديا ہے۔
اشتہار
پچھلے چوبيس گھنٹوں کے دوران چين ميں چھبيس مزيد افراد کی کورونا وائرس کے سبب ہلاکت کی تصديق ہو چکی ہے۔ وبا کو پھيلنے سے روکنے کے ليے 17 شہروں ميں قريب پچاس ملين افراد محصور ہيں۔ اٹھائيس جنوری کو ملک بھر ميں 1,459 افراد ميں کورونا وائرس کی تشخيص ہوئی اور اب مجموعی طور پر چھ ہزار سے زائد افراد اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہيں۔ اب تک تمام ہلاکتيں ہوبائی ميں ہوئيں، جس کا صدر مقام ووہان شہر ہے، جہاں سے يہ وبا پھيلی۔ ہوبائی کے سترہ شہروں ميں لگ بھگ ساٹھ ملين افراد محصور ہيں۔
غير ملکی شہريوں کا ووہان سے انخلاء شروع
کئی ممالک نے ووہان سے اپنے شہريوں کو خصوصی پروازوں کے ذريعے نکالنا شروع کر ديا ہے۔ آج صبح امريکا اور جاپان کے ليے پروازيں روانہ ہوئيں جبکہ نيوزی لينڈ اور آسٹريليا اس پر غور کر رہے ہيں۔ جرمن حکام نے ايک طيارہ روانہ کيا ہے، جس کے ذريعے جرمن شہريوں کو چين سے واپس لايا جائے گا۔ اطلاع ہے کہ تقريباً نوے جرمن شہريوں کو خصو۲ی فوجی طيارے پر واپس لايا جائے گا۔
کورونا وائرس کہاں کہاں پھيل چکا ہے؟
ووہان سے پھيلنے والی کورونا وائرس کی يہ نئی قسم دنيا کے کئی ملکوں ميں پھيل چکی ہے۔ بدھ تک چين کے علاوہ آسٹريليا، کمبوڈيا، ملائيشيا، نيپال، سنگاپور، جنوبی کوريا، سری لنکا، تائيوان، تھائی لينڈ، ويت نام، کينيڈا، امريکا، فرانس، جرمنی اور متحدہ عرب امارات ميں تصديق ہو چکی ہے۔
کن کن ايئر لائنز نے چين کے پروازيں منسوخ کی ہيں؟
برٹش ايئر ويز نے چين کے ليے اپنی تمام پروازيں منسوخ کر دی ہيں۔ اس بارے ميں اعلان بدھ کی صبح کيا گيا۔ برطانوی ايئر لائن پہلی ايسی بڑی ايئر لائن ہے، جس نے چين کے ليے اپنی تمام پروازيں منسوخ کيں۔ انڈونيشيا کے لائن ايئر گروپ نے بھی ہفتے سے چين کے ليے اپنی پروازيں منسوخ کرنے کا اعلان کيا ہے۔ کيتھے پيسيفک نے بھی اپنی پروازوں میں کمی کا کہہ ديا ہے۔ ايئر فرانس، فن ايئر، يونائیٹڈ ايئر لائنز نے بھی پروازيں کم کرنے کا اعلان کيا ہے۔
کورونا وائرس سے بچنے کے ليے احتیاطی تدابیر
دنیا کے کئی ممالک میں کورونا وائرس سے بچنے کے لیے اب ماسک کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے ميں کئی اور طریقے بھی موثر ثابت ہو سکتے ہیں، جن میں سے چند ایک ان تصاویر میں دیکھے جا سکتے ہیں۔
تصویر: Getty Images/Stringer
کچھ نہ ہونے سے بہتر ہے
یہ ابھی تک ثابت نہیں ہو سکا ہے کہ ماسک وائرل انفیکشن کو روکنے میں مؤثر ثابت ہوتے ہیں يا نہيں۔ ایسا بھی کہا جاتا ہے کہ ناک پر چڑھانے سے قبل ماسک ميں پہلے سے بھی جراثیم پائے جاتے ہيں۔ ماسک کا ايک اہم فائدہ یہ ہے کہ کوئی دوسرا شخص آپ کی ناک اور منہ سے محفوظ رہ سکتا ہے۔ بیماری کی صورت میں یہ ماسک دوسرے افراد کو آپ سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔
تصویر: Getty Images/Stringer
جراثیم دور کرنے والے سیال مادے کا استعمال
اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کی ہدايات میں عالمی ادارہٴ صحت نے چہرے کے ماسک کا ذکر نہیں کیا لیکن ان ہدايات میں سب سے اہم ہاتھوں کو صاف رکھنا ہے۔ اس کے لیے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے جراثم کش سیال مادے کے استعمال کو اہم قرار دیا ہے۔ یہ ہسپتالوں میں داخلے کے مقام پر اکثر پايا جاتا ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/S. Pilick
صابن اور پانی استعمال کریں
ہاتھ صاف رکھنے کا سب سے آسان طریقہ صابن سے ہاتھ دھونا ہے۔ لیکن یہ ضروری ہے کہ اس انداز میں بڑی توجہ سے ہاتھ دھوئے جائيں۔
تصویر: picture alliance/dpa/C. Klose
کھانسی یا چھینک، ذرا احتیاط سے
ڈاکٹروں کی یہ متفقہ رائے ہے کہ کھانسی کرتے وقت اور چھینک مارتے ہوئے اپنے ہاتھ ناک اور منہ پر رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ اس موقع پر ٹِشُو پیپر بھی منہ پر رکھنا بہتر ہے۔ بعد میں اس ٹِشُو پیپر کو پھینک کر ہاتھ دھو لینے چاہییں۔ نزلہ زکام کی صورت میں اپنے کپڑے معمول سے زیادہ دھونا بھی بہتر ہوتا ہے۔ ڈرائی کلین کروا لیں تو بہت ہی اچھا ہے۔
تصویر: Fotolia/Brenda Carson
دور رہنا بھی بہتر ہے
ایک اور احتیاط یہ ہے کہ سارا دن دفتر میں کام مت کریں۔ بخار کی صورت میں لوگوں سے زیادہ میل جول درست نہیں اور اس حالت میں رابطے محدود کرنا بہتر ہے۔ بیماری میں خود سے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا مناسب ہے۔
تصویر: picture alliance/empics
بیمار ہیں تو سیر مت کریں، ڈاکٹر کے پاس جائیں
بخار، کھانسی یا سانس لینے میں دشواری ہے تو طبی نگہداشت ضروری ہے۔ بھیڑ والے مقامات سے گریز کریں تاکہ بیماری دوسرے لوگوں ميں منتقل نہ ہو۔ ڈاکٹر سے رجوع کر کے اُس کی بتائی ہوئی ہدایات پر عمل کرنا لازمی ہے۔
تصویر: Reuters/P. Mikheyev
بازار میں مرغیوں یا دوسرے جانوروں کو مت چھوئیں
کورونا وائرس کے حوالے سے یہ بھی ہدایت جاری کی جاتی ہيں کہ مارکیٹ یا بازار میں زندہ جانوروں کو چھونے سے اجتناب کریں۔ اس میں وہ پنجرے بھی شامل ہیں جن میں مرغیوں یا دوسرے جانوروں کو رکھا جاتا ہے۔
تصویر: DW
گوشت پوری طرح پکائیں
گوشت کو اچھی طرح پکائیں۔ کم پکے ہوئے یا کچا گوشت کھانے سے گریز ضروری ہے۔ جانوروں کے اندرونی اعضاء کا بھی استعمال احتیاط سے کریں۔ اس میں بغیر گرم کیا ہوا دودھ بھی شامل ہے۔ بتائی گئی احتیاط بہت ہی ضروری ہیں اور ان پر عمل کرنے سے بیماری کو دور رکھا جا سکتا ہے۔ صحت مند رہیں اور پرمسرت زندگی گزاریں۔
تصویر: picture-alliance/Ch. Mohr
8 تصاویر1 | 8
کھيل بھی متاثر
بيجنگ ونٹر اولمپکس 2022 کے ليے چينی ريزورٹ يانکنگ ميں ٹيسٹ ايونٹس منعقد ہونے تھے، جنہيں کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے منسوخ کر ديا گيا ہے۔ يہ مقابلے فروری ميں ہونے تھے، جن کی منسوخی کا اعلان بدھ کو کيا گيا۔
کورونا وائر کے ليے ويکسين؟
بدھ کو سامنے آنے والی ايک خبر يہ ہے کہ روس اور چين نے اعلان کيا ہے کہ ماسکو ميں اس وائرس کے ليے ايک ويکسين تيار کی جا رہی ہے۔ چين ميں روسی سفارتی مشن نے اس کی تصديق بھی کر دی ہے۔ بتايا گيا ہے کہ بيجنگ حکام نے وائرس کا 'جينوم‘ متعلقہ روسی ماہرين کے حوالے کر ديا ہے۔