فٹ بال کے معروف کھلاڑی اور پانچ مرتبہ بيلن ڈور ايوارڈ يافتہ کرسٹيانو رونالڈو کورونا وائرس ميں مبتلا ہو گئے ہيں۔ اس پيش رفت کے بعد يہ بحث بھی شروع ہو گئی ہے کہ بين الاقوامی سطح پر کھيل کتنے محفوظ ہيں۔
اشتہار
فٹ بال سپر اسٹار کرسٹيانو رونالڈو کورونا وائرس ميں مبتلا ہو گئے ہيں۔ اب تک موصولہ اطلاعات کے مطابق رونالڈو ميں اس وبائی مرض کی کوئی علامات نہيں۔ وہ بدھ کی شب نيشنل ليگ ٹورنامنٹ ميں سويڈن کے خلاف فٹ بال ميچ ميں اپنے ملک پرتگال کی نمائندگی کرنے والے تھے تاہم اب وہ اس ميچ ميں حصہ نہيں ليں گے۔ آخری مرتبہ وہ گزشتہ اتوار کو فرانس کے خلاف ميدان ميں اترے تھے۔ پرتگال کی قومی ٹيم کے کوچ فرنانڈو سانتوس نے رپورٹرز کو بتايا کہ انتظاميہ نے تمام قواعد و ضوابط کا خيال رکھا تھا تاہم پھر بھی رونالڈو اس وائرس کا شکار ہو گئے۔ پرتگال اور فرانس کی ٹيم کے تمام ارکان کے ٹيسٹ کرائے گئے اور کسی بھی ديگر کھلاڑی ميں وائرس کی تشخيص نہيں ہوئی۔
دريں اثناء گولف کی عالمی رينکنگ ميں پہلی پوزيشن پر براجمان ڈسٹن جانسن کا کورونا ٹيسٹ بھی مثبت آيا ہے۔ نتيجتاً چھتيس سالہ جانسن اس ہفتے امريکی شہر لاس ويگاس ميں ہونے والے 'سی جے کپ‘ سے باہر ہو گئے ہيں۔
ان دنوں چوٹی کے کھلاڑيوں کے کورونا وائرس ميں مبتلا ہونے کے بعد اس بارے ميں بحث شروع ہو گئی ہے کہ آيا کھلاڑيوں کو اپنی اپنی قومی ٹيموں کے نمائندگی کے ليے 'بايو سکيور ببل‘ چھوڑ کر جانا چاہيے يا نہيں۔ رونالڈو ان دنوں اطالوی کلب يوونٹس کا حصہ ہيں۔ اس کلب کے اور کئی فٹ بالر بھی اپنے اپنے ممالک کی ٹيموں کے ميچوں ميں شرکت کے ليے 'بايو سکيور ببل‘ چھوڑ کر جا چکے ہيں۔ کلب حکام نے اس عمل کو 'پروٹوکال‘ کی خلاف ورزی قرار ديا ہے۔
تاہم انگلينڈ کی فٹ بال ٹيم کے مينيجر گيريتھ ساؤتھ گيٹ نے بين الاقوامی مقابلوں کے انعقاد اور ان ميں کھلاڑيوں کی شرکت کا دفاع کيا ہے۔ ان کے بقول اس وقت صورتحال کچھ ايسی ہے کہ قوانين واضح نہيں۔ '' ان دنوں ہر ہفتے فيصلے کرنے ہوں گے۔ ايسے ميں کوئی جواز نہيں کہ ديگر کھيلوں کے مقابلے ميں بين الاقوامی فٹ بال زيادہ خطرناک ہے۔‘‘
کورونا وائرس کی لپیٹ میں آنے والی معروف شخصیات
ہالی وُوڈ سے بالی وُوڈ تک، کئی اہم فلمی شخصیات کورونا وائرس کی لپیٹ میں آچکی ہیں۔ ان کے علاوہ کئی نامی سیاستدانوں کو بھی کووڈ انیس کی بیماری نے اپنی گرفت میں لیا۔
تصویر: picture-alliance/dpa/Sputnik/E. Chesnokova
رابرٹ پیٹینسن
چونتیس سالہ اداکار رابرٹ پیٹینسن نے فلم ’ٹوائلائٹ‘ میں ایک ایسے خونخوار مردے کا کردار ادا کیا تھا، جو رات کو باہر نکلتا تھا۔ وہ ’بیٹمین‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ فلم بیٹمین میں پہلے بین ایفلیک کو کاسٹ کیا گیا تھا۔
تصویر: picture-alliance/dpa/Sputnik/E. Chesnokova
ڈوائن جانسن: دا راک
امریکا کے مشہور ریسلر یا پہلوان ’دا راک‘ کا اصلی نام ڈوائن جانسن ہے۔ وہ ہالی وُوڈ کی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاتے ہیں۔ ان کو بیوی اور دو بیٹیوں سمیت کورونا وائرس نے گرفت میں لے لیا تھا۔ اب سبھی اس بیماری کے چنگل سے نکل آئے ہیں۔ انہوں نے لوگوں کو تلقین کی ہے کہ ماسک پہن کر رہیں کیونکہ اسی میں بہتری ہے۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/R. Shotwell
فٹ بالر نیمار
مشہور و معروف برازیلی فٹ بالر نیمار، فرانسیسی فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمین کی جانب سے کھیلتے ہیں۔ کلب کے تین کھلاڑیوں کے دو ستمبر سن 2020 کو کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔ کلب کے کھلاڑیوں میں اس بیماری کی وبا پھوٹنے کو ٹیم کے ہسپانوی تفریحی جزیرے ابیٹسا کے دورے کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔ نیمار کے ساتھ ان کے بیٹے کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/D. Ramos
سلویو برلسکونی
تراسی سالہ اطالوی سیاستدان اور سابق وزیر اعظم سلویو برلسکونی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ اس کا اعلان ان کی سیاسی جماعت نے دو ستمبر سن 2020 کو کیا۔ ان کے دو بیٹے اور تیس سالہ خاتون دوست کے بھی ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ وہ سارڈینا کی ساحلی پٹی پر چھٹیاں گزارنے گئے ہوئے تھے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/D. Vojinovic
یُوسین بولٹ
تیز رفتار دوڑنے کے مقابلے میں لیجنڈ کا درجہ رکھنے والے یوسین بولٹ بھی کورونا وائرس کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔ ان کا وائرس ٹیسٹ ان کی چونتیسویں سالگرہ کی آؤٹ ڈور پارٹی کے بعد سامنے آیا۔ اس پارٹی میں مہمانوں نے ماسک نہیں پہن رکھے تھے۔ وہ ایک سو میٹر اور دو سو میٹر کی دوڑ میں ریکارڈ رکھتے ہیں۔
تصویر: Reuters/M. Childs
انٹونیو بینڈراس
ہسپانوی اداکار انٹونیو بینڈراس کو اپنی ساٹھویں سالگرہ پر حیران کن انداز میں کورونا وائرس کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ انہیں اپنی سالگرہ کا دن آئسولیشن یا قرنطینہ میں گزارنا پڑا۔ رواں برس کے مہینے اگست کے وسط میں ان کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ اب وہ صحتیاب ہو چکے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/Captital Pictures
امیتابھ بچن اور خاندان
بھارت فلمی صنعت بالی وُوڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن اور ان کا تقریباً سارا خاندان ہی جولائی میں کورونا وائرس کی گرفت میں آ گیا تھا۔ ان کے بیٹے ابھیشیک بچن، اداکارہ بہو اور سابقہ مس ورلڈ ایشوریا رائے کے ساتھ پوتی آرادیا کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر، ان کو ہسپتال داخل کر دیا گیا تھا۔ اب سبھی رُو بہ صحت ہو چکے ہیں۔ ان کی بیوی جیا بچن کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔
تصویر: AFP/Getty Images/S. Jaiswal
جائیر بولسونارو
برازیل کے صدر جائیر بولسونارو کورونا وائرس کی وبا کو محض نزلہ زکام قرار دیتے رہے ہیں اور پھر جولائی سن 2020 میں ان کو کورونا وائرس نے آن دبوچا۔ انہیں کورونا وبا اور دیگر احتیاطی تدابیر کو نظرانداز کرنے پر ملک اور بیرون ملک شدید تنقید کا سامنا رہا۔ ان کے بیٹے اور بیوی کے بھی ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/E. Peres
ٹام ہینکس
امریکی فلمی صنعت ہالی وُوڈ کے مشہور اداکار ٹام ہینکس اور ان کی گلوکارہ و اداکارہ بیوی ریٹا ولسن کے کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ چکے ہیں۔ وہ اس وبا کی لپیٹ میں آنے والی ابتدائی مشہور شخصیات میں سے تھے۔ ہینکس اور ان کی بیوی کو آسٹریلیا کے دورے کے دوران وائرس نے جکڑ لیا تھا۔ اب وہ صحت یاب ہو کر واپس امریکا لوٹ چکے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/AP/Invision/J. Strauss
صوفی گریگوئر ٹروڈو
کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ صوفی ٹروڈو کا ٹیسٹ برطانوی دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچنے پر مثبت آیا تھا۔ بیوی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کینیڈین وزیر اعظم نے خود کو دو ہفتوں کے لیے قرنطینہ کر لیا تھا۔
تصویر: Reuters/P. Doyle
بورس جانسن
برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن بھی رواں برس مارچ میں کورونا کی گرفت میں آ گئے تھے۔ ان کی طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں ہنگامی طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ وہ ایک ہفتہ ہسپتال میں داخل رہے تھے۔ ہسپتال میں انہیں آکسیجن فراہم کی گئی اور معالجین مسلسل ان کی علالت پر نگاہ رکھے ہوئے تھے۔