1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا کی مریضہ اپنی ’موت، تدفین‘ کے نو دن بعد گھر لوٹ آئی

25 جنوری 2021

اسپین میں کورونا وائرس کی ایک پچاسی سالہ مریضہ بظاہر اپنی ’موت اور پھر تدفین‘ کے بعد واپس اپنے گھر لوٹ آئی۔ اس خاتون کے اہل خانہ کے مطابق اس کا دس روز قبل انتقال ہو گیا تھا اور اسے تو نو دن پہلے دفنا بھی دیا گیا تھا۔

تصویر: picture-alliance/NurPhoto/X. Bonilla

ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق 'لا ووز دے گالیسیا‘ نامی اخبار نے لکھا کہ یہ خاتون شمالی اسپین میں زووے نامی چھوٹے سے شہر کی رہنے والی ہے۔ وہ بزرگ شہریوں کی ایک رہائش گاہ میں مقیم تھی اور کورونا وائرس کا شکار ہو جانے کی وجہ سے ہسپتال میں زیر علاج تھی۔

کورونا سے پاکستان سمیت افریقی ملکوں کے اہم مسائل نظر انداز

موت کی اطلاع کے بعد تدفین میں عدم شرکت

اخبار کے مطابق یہ خاتون اور اس کا شوہر دونوں پینشنر ہیں اور ایک ہی اولڈ ہوم میں رہتے تھے۔ پھر جنوری کے وسط میں اس ہسپتال کی طرف سے، جہاں اس مریضہ کا علاج ہو رہا تھا، اس خاتون کے اہل خانہ کو بتایا گیا تھا کہ اس کا انتقال ہو گیا ہے اور اس کی تدفین اگلے روز کی جائے گی۔

اس پر اس خاتون کے لواحقین دکھی تو بہت ہوئے تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ سخت ضوابط کے باعث وہ روگیلیا بلانکو نامی اس خاتون کی تدفین میں شرکت بھی نہیں کر سکے تھے۔

کورونا کے دوران انسانی حقوق کی صورتحال ابتر ہوئی، ایچ آر ڈبلیو

'مرحومہ‘ خود چل کر گھر لوٹ آئی

روگیلیا بلانکو کا شوہر اس وقت ہکا بکا رہ گیا، جب بظاہر نو روز قبل دفن کر دی گئی یہ خاتون ہفتہ تیئیس جنوری کی شام خود اپنے پیروں ہر چلتی ہوئی واپس گھر پہنچ گئی۔ اخبار کے مطابق روگیلیا کا شوہر اپنی اہلیہ کو زندہ اور بظاہر ٹھیک ٹھاک دیکھ کر بہت خوش ہوا اور اس نے اپنے باقی ماندہ اہل خانہ کو بھی اطلاع کر دی کہ روگیلیا زندہ ہے۔

کورونا وائرس، پاکستان بارہ لاکھ ویکسین خوراکیں خریدے گا

اس واقعے کے بعد متعلقہ ہسپتال کی طرف سے کی جانے والے چھان بین سے پتا چلا کہ روگیلیا کی موت کے سلسلے میں ہسپتال کے عملے سے غلطی ہو گئی تھی اور اس نے تقریباﹰ اسی نام کی ایک اور بزرگ مریضہ کے پسماندگان سمجھ کر انتقال کر جانے والی مریضہ کے بجائے زندہ روگیلیا کے لواحقین کو اس کی موت کی اطلاع دے دی تھی۔

جینیاتی طور پر تبدیل شدہ کورونا وائرس اب پاکستان میں بھی

متعلقہ اداروں کی طرف سے معذرت

 ہسپانوی اخبار 'لا ووز دے گالیسیا‘ کے مطابق روگیلیا کے شوہر رامون بلانکو نے بعد ازاں اس جریدے کو بتایا، ''جب مجھے پتا چلا کہ روگیلیا کا انتقال ہو گیا ہے، تو مجھے یقین ہی نا آیا اور میں مسلسل روتا رہا تھا۔ اب میں بہت خوش ہوں کہ میری بیوی زندہ ہے اور واپس آ گئی ہے۔‘‘

کورونا وائرس کے عہد میں موت، ماتم اور تعزیت: سب کچھ بدل گیا

شمالی اسپین کے متعلقہ علاقے میں متعدد اولڈ ہوم چلانے والے ادارے سان روزینڈو فاؤنڈیشن اور متعلقہ ہسپتال نے بھی اپنی اس غلطی پر روگیلیا اور اس کے اہل خانہ سے معذرت کی ہے، جس کے نتیجے میں روگیلیا کے خاندان کو نا صرف اس کی موت کی نادانستہ غلط اطلاع کر دی گئی تھی بلکہ تدفین تک کی تاریخ اور وقت بھی بتا دیے گئے تھے۔

م م / ع ح (روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں