1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا کے خطرات کے سائے میں پولیو مہم کا دوبارہ آغاز

20 جولائی 2020

پاکستان میں پیر کے روز سے پولیو کے خلاف حفاظتی قطرے پلانے کی مہم دوبارہ شروع کر دی گئی۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب چار ماہ قبل پولیو مہم کو روک دیا گیا تھا۔

Pakistan Impfung Impfhelfer Polio Impfung
تصویر: picture alliance/AA

آج بیس جولائی سے اس مہم کو دوبارہ شروع کرنے کا مقصد اُن بچوں کو اس بیماری سے بچانے کی کوشش کرنا ہے جو پولیو کے قطرے نہ ملنے کی صورت میں زندگی بھر کے لیے معذور ہو سکتے ہیں۔

پیر 20 جولائی سے دوبارہ عمل میں لائی جانے والی پولیو مہم میں فیصلہ آباد، جنوبی وزیرستان، اٹک، کراچی اور کوئٹہ کے چند پولیو ہاٹ اسپاٹس میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے خلاف قطرے پلائے جائیں گے۔ گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی اس مہم کے ذریعے پانچ سال سے کم عمر کے آٹھ لاکھ  بچوں کو اس بیماری سے بچانے کی کوشش کی جائے گی۔ پیر 20 جولائی سے دوبارہ شروع ہونے والی یہ مہم تین روز تک جاری رہے گی۔

تصویر: picture-alliance/dpa

محکمہ صحت کے اہلکار کے مطابق اس مہم کے لیے 32 ہزار ہیلتھ ورکرز کو بچوں کو قطرے پلانے کے دوران مکمل حفاظتی اقدامات کی تربیت دی گئی ہے۔ رواں برس مارچ کے بعد سے انسداد پولیو مہم میں تعطل کے سبب 40 ملین بچے اس ویکسین سے محروم رہے ہیں جس کے سبب ان میں اس بیماری کے خلاف قوت مدافعت میں کمی کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور مزید بچوں کے پولیو جیسی بیماری میں مبتلا ہونے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سال اب تک ملک بھر میں پولیو کے 59 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 21 خیبرپختونخوا، 20 سندھ، 15 بلوچستان اور چار کیسز پنجاب میں رجسٹر ہوئے۔

پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی مہم کا آغاز 1994 ء میں ہوا تھا اور اس جنوبی ایشیائی ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کی منزل بہت قریب آ چُکی تھی تاہم انسداد پولیو مہم کے خلاف شروع ہونی والی مہمات اور پولیو ورکرز پر آئے دن ہونے والے حملوں نے اس مقصد کو شدید نقصان پہنچایا۔

2014 ء میں پولیو کیسز عروج پر پہنچ چُکے تھے اور ان کی تعداد 306 ہو گئی تھی۔ یہ وہ نازک وقت تھا جب طالبان کے خلاف ایک جارحانہ آپریشن شروع کیا گیا تھا۔ اس کے بعد 2015ء میں پولیو کیسز میں واضح کمی کے ساتھ ان کی تعداد گر کر 54 ہو گئی تھی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس کے بعد کے تین سالوں کے دوران ملک بھر میں پولیو کیسز کی سالانہ تعداد 20 یا اس سے بھی کم رہ گئی تھی۔

تصویر: picture-alliance/dpa

اقوام متحدہ کے ایما اور اس کی مالی اعانت سے  چلائی جانے والی پولیو مہم کی مخالفت پاکستان کے مذہبی قدامت پسندوں اور عسکریت پسند حلقوں نے کی۔ جن کا یہ ماننا ہے کہ پولیو مہم مغرب کی ایک سازش ہے اور اس کا مقصد مسلمانوں کو اولاد سے محروم کرنا ہے کیونکہ ان کے خیال میں پولیو کے قطرے بانجھ پن کا سبب بن سکتے ہیں۔

پاکستان میں پولیو مہم کی طرح کی دیگر مہموں کو کورونا وائرس کے خلاف اقدامات کے تحت روک دیا گیا تھا۔ کورونا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا نفاذ اور سب سے بڑھ کر 'سوشل ڈسٹنسنگ‘ کی وجہ سسے پولیو ورکرز کے لیے پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کو جاری رکھنا ناممکن تھا۔

ک م / ا ب ا (ڈی پی اے)

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں