'کورونا کے خوف سے تین ماہ تک ایئرپورٹ میں چھُپا رہا‘
19 جنوری 2021
امریکا کے شکاگو ایئرپورٹ سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جو تین ماہ تک ہوائی اڈے کے اندر چُھپا رہا۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ کورونا کے خوف سے جہاز پر سفر کرنے سے گریز کر رہا تھا۔
اشتہار
چھتیس سالہ بھارتی نژاد ادیتیہ سنگھ کا تعلق ریاست کیلفورنیا سے ہے۔ انہیں پولیس نے ہفتے کو شکاگو کے اوہیئر بین الاقوامی ہوائی اڈے سے گرفتار کیا۔ ان پر ایک ممنوعہ علاقے میں غیر قانونی طورپر داخل ہونے اور وہا ں رہنے کا الزام ہے۔
پولیس کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ کورونا سے خوف زدہ تھے اور گھر واپس سفر نہیں کرنا چاہتے تھے۔ ان پر ایئرپورٹ سکیورٹی کے ایک اہلکار کا بیج چرانے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ سکیورٹی پر سوالیہ نشان
کک کاؤنٹی کی جج سوزانا اورٹیز نے ادیتیہ سنگھ کو ایک ہزار ڈالر جرمانہ ادا کرنے کے بعد رہا کرنے کی اجازت دے دی تاہم سنگھ کو حکم دیا کہ وہ آئندہ سے ہوائی اڈے میں قدم نہ رکھے۔
جج نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ آخر کوئی شخص ایک سکیورٹی ایریا میں اتنے دنوں تک کیسے رہ سکتا ہے۔ سنگھ دس اکتوبر سن 2020 سے سولہ جنوری سن2021 تک ہوائی اڈے پر رہے اور اس کے بارے میں کسی کو پتہ ہی نہ چل سکا۔
جج نے مزید کہا، ”اس دوران جو کچھ بھی ہوا اورعدالت کو جو واقعات اور حقائق بتائے گئے ہیں وہ انتہائی حیران کن ہیں۔ ہوائی اڈہ ایک محفوظ جگہ ہے اور ایک شخص فرضی شناختی بیج کے ذریعہ اتنے دنوں تک وہاں موجود رہا۔ سفر کے لیے ہوائی اڈے کا پوری طرح محفوظ ہونا ضروری ہے۔‘‘
شبہ کیسے ہوا؟
وکیل استغاثہ کیتھلین ہیگرٹی نے بتایا کہ یونائٹیڈ ایئرلائنز کے دو ملازمین کی نگاہ ادیتیہ سنگھ پر پڑی اور وہ انہیں کچھ مشکوک لگا۔ جب سنگھ سے ان کی شناخت معلوم کی گئی تو انہوں نے ایک بیج دکھایا، جواس ممنوعہ علاقے کے ایک آپریشن منیجر کا تھا۔ منیجر نے گزشتہ اکتوبر میں اپنا بیج کھوجانے کی شکایت درج کرائی تھی۔ ایئرلائن اسٹاف نے معاملے کی پولیس کو خبرکی جس کے بعد سنگھ کو گرفتار کرلیا گیا۔
سرکاری وکیل نے بتایا کہ سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ ”کووڈ کی وجہ سے گھر جانے سے خوف زدہ تھا۔" اس نے مزید بتایا کہ اسے ایک سکیورٹی بیج پڑا ہوا ملا، جسے اس نے استعمال کرنا شروع کردیا۔ اس دوران وہ اتنے دنوں ہوائی اڈے پر مسافروں سے کھانا مانگ کر گزارا کرتا رہا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ادیتیہ سنگھ انیس اکتوبر کو ایک فلائٹ سے لاس اینجلس کے اوہیئر ہوائی اڈے آئے تھے۔
وکیل صفائی کورٹنی اسمال ووڈ کا کہنا تھا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ادیتیہ سنگھ شکاگو کیوں آئے۔
وہ بے روزگار ہیں اور ان کا کوئی مجرمانہ پس منظر بھی نہیں ہے۔ انہیں پیر کے روز ضمانت مل گئی۔
ج ا /ش ج (اے ایف پی، ای ایف ای)
دنیا کے دس بڑے ہوائی اڈے کون سے ہیں؟
دنیا کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ قرار دینے کے لیے کیا پیمانے ہیں؟ پروازوں کی آمد و روانگی یا پھر رن وے کی تعداد؟ اس پکچر گیلری میں دیکھیے ایسے دس ہوائی اڈے،جنہیں مسافر براہ راست یا پھر’کنیکٹنگ فلائٹ‘ کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
تصویر: DW/W. Szymanski
ہارٹس فیلڈ جیکسن ایئر پورٹ، امریکا
امریکی ریاست جارجیا میں اٹلانٹا کے ہارٹس فیلڈ جیکسن ایئر پورٹ کا دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں شمار ہوتا ہے۔ سن 2017 میں ایک سو چار ملین مسافروں نے اس ہوائی اڈے سے اڑنے والی پروازوں میں سفر کیا۔ دنیا کے کسی دوسرے ہوائی اڈے سے اتنی تعداد میں مسافر اپنی منزلوں کی جانب روانہ نہیں ہوئے۔
تصویر: picture alliance/AP Photo/D. Goldman
بیجنگ کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں واقع اس بین الاقوامی ہوائی اڈے سے 2017ء میں 95.8 ملین مسافروں کی آمد اور روانگی ہوئی ہے۔ اس وجہ سے ہماری بڑے ہوائی اڈوں کی فہرست میں یہ نمبر دو پر ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Reynolds
دبئی انٹرنیشنل
اماراتی ریاست دبئی میں واقع اس بین الاقوامی ہوائی اڈے سے گزشتہ برس 88 ملین مسافروں نے سفر کیا۔ واضح رہے اس تعداد میں شامل 87.72 ملین مسافروں کا تعلق عرب ممالک سے نہیں تھا۔ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اپنے شاندار ’ڈیوٹی فری شاپ‘ کی منفرد آفرز کی وجہ سے بھی مشہور ہے۔
تصویر: Reuters/A. Mohammad
ٹوکیو - ہانیڈا، جاپان
جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کا ہانیڈا ہوائی اڈہ 85.4 ملین مسافروں کے ساتھ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔
تصویر: AFP/Getty Images/K. Nogi
لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ، امریکا
یہ ہوائی جہاز امریکی ریاست کیلیفورنیا کے خوبصورت شہر لاس اینجلس کی دلکش فضائی منظر کشی کے بعد چند لمحوں میں لینڈنگ کرے گا۔ لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے گزشتہ برس 84.56 ملین مسافروں نے فضائی سفر مکمل کیا۔
تصویر: picture alliance/Markus Mainka
او ہارے بین الاقوامی ایئرپورٹ، شکاگو
جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے لیے ایک سو بیس میچوں میں جلوہ گر ہونے والے باستیان شوائن شٹائیگر شمالی امریکی فٹبال لیگ میں ’شکاگو فائر‘ کے لیے بھی کھیلتے ہیں۔او ہارے ایئرپورٹ پر آنے والے 79.81 ملین مسافروں میں جرمن کھلاڑی شوائن شٹائیگر بھی شامل ہیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa/T. Shen
ہیتھرو ایئر پورٹ، لندن
مصروف ترین ہوائی اڈوں کی فہرست میں یورپی ملک برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں واقع ہیتھرو ایئر پورٹ نمبر سات پر ہے۔ گزشتہ برس ہیتھرو ایئر پورٹ سے 78.01 مسافروں نے سفر کیا۔ واضح رہے ہیتھرو ایئر پورٹ پر صرف دو ’رن وے‘ موجود ہیں۔
تصویر: Getty Images/D. Kitwood
ہانگ کانگ انٹرنیشنل ایئر پورٹ
گزشتہ برس 2017ء میں 72.67 ملین افراد نے ہانگ کانگ انٹرنیشنل ایئر پورٹ مسافروں نے سفر کیا۔
تصویر: picture-alliance/dpa/X. Yun
چین: شنگھائی کا پڈونگ ہوائی اڈہ
ہوائی اڈوں پر عموماﹰ سکیورٹی انتظامات سخت کیے جاتے ہیں۔ سن 2016 میں شنگھائی کے پڈونگ ہوائی اڈے میں بم دھماکے کے بعد مسافروں کی آمد و رفت میں کمی واقع ہوئی۔ گزشتہ برس پڈونگ سے 70 ملین مسافروں نے سفر کیا۔
تصویر: picture-alliance/Imaginechina
پیرس چارلس ڈیگال ایئر پورٹ
فرانس کے دارالحکومت پیرس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو ذریعے گزشتہ برس 69.47 ملین افراد نے سفر کے لیے استعمال کیا۔ اس ایئر پورٹ کی دیگر خصوصیات بھی ہیں، مثال کے طور پر مکمل رقبہ، سامان کی جلدی فراہمی، پروازوں کی وقت پر روانگی اور اور اور۔۔۔
تصویر: AP
برلن ۔ برانڈنبرگ ہوائی اڈہ، جرمنی
جرمن دارالحکومت برلن میں زیر تعمیر برلن ۔ برانڈنبرگ ہوائی اڈے کا شمار سب سے بڑے یا پھر مصروف ترین ہوائی اڈوں میں تو نہیں ہوتا لیکن ایک طویل عرصے سے تعمیراتی کام جاری رہنے کی وجہ سے یہ ہوائی اڈہ سر فہرست ضرور ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ جلد ہی یہ ایئر پورٹ تیار ہوجائے تاکہ اس فہرست میں اول نمبر حاصل کرسکے۔