کورونا کے مریض اب آٹھ لاکھ سے زائد، 'سنجیدگی دکھانا پڑے گی‘
31 مارچ 2020
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے مریضوں کی تعداد آٹھ لاکھ سے بڑھ چکی ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس وبا پر فوری طور پر قابو پانا ممکن نہیں۔ تاہم ماہرین پر امید ہیں کہ پابندیوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
تصویر: picture-alliance/Zumapress/R. Pinney
اشتہار
جرمنی کے روبرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کووڈ انیس کی وبا کئی ہفتوں بلکہ مہینوں تک جاری رہ سکتی ہے۔ اس ادارے کے سربراہ لوتھار ویلر نے عوام سے اس بیماری کے حوالے سے سنجیدہ رویہ اختیار کرنے کی درخواست کی ہے، ''ابھی تک بہت سے لوگ کووڈ انیس کے خطرے کو سمجھ ہی نہیں رہے۔‘‘
اس موقع پر لوتھار ویلر نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا کہ آنے والے دنوں میں جرمنی میں اس بیماری سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد کافی بڑھ بھی سکتی ہے۔ جرمنی میں اس دوران کورونا کے مریضوں کی تعداد تریسٹھ ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بھی چھ سو کے لگ بھگ ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/AP/LaPresse/C. Furlan
دیں اثناء دنیا بھر میں نئے کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد آٹھ لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے جبکہ اس بیماری کی زد میں آ کر اب تک 38 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس وقت کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے جہاں انفیکشنز کی تعداد ایک لاکھ پیسنٹھ ہزار ہے۔
امریکا میں کووڈ انیس کے سب سے زیادہ مریض ریاست نیو یارک میں ہیں۔ امریکا میں اس مرض کی وجہ سے ہونے والی تین ہزار سے زائد ہلاکتوں میں سے تقریباﹰ ایک ہزار ریاست نیو یارک میں ہی ہوئی ہیں۔ اس امریکی ریاست میں یکم مارچ کو پہلے مریض میں کووڈ انیس کی تشخیص ہوئی تھی۔
کورونا وائرس کی اس نئی قسم سے سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہوئی ہیں جن کی تعداد گیارہ ہزار چھ سو ہے۔ اس ملک میں ایک لاکھ سے زائد افراد اس بیماری میں مبتلا ہیں۔ انفیکشنز اور ہلاکتوں کے اعتبار سے اس کے بعد اسپین کا نمبر آتا ہے، جہاں نوے ہزار کے قریب افراد اس کا شکار ہیں اور آٹھ ہزار کے لگ بھگ موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔
اس دوران گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ایران میں کورونا سے مزید 141 شہریوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے، جس کے بعد اس ملک میں ہلاکتوں کی تعداد تقریباﹰ تین ہزار ہو گئی ہے۔ ایران میں کورونا کے مریض 44 ہزار سے زائد ہیں۔
تصویر: picture-alliance/Geisler-Fotopress
چین میں گزشتہ کئی دنوں سے کورونا کے متاثرین کی تعداد 81 ہزار کے لگ بھگ ہے اور تین ہزار تین سو چینی شہری کووڈ انیس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ برطانیہ کے ہسپتالوں میں ماسک اور ایک مرتبہ استعال ہونے والے دستانوں سمیت ایسی طبی اشیاء کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ نرسوں نے بتایا ہے کہ انہیں کسی تحفظ کے بغیر ہی مریضوں کی دیکھ بھال کرنا پڑ رہی ہے۔ برطانیہ میں کورونا وائرس کی وجہ اب تک چودہ سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ایک دوسری تازہ ترین پیش رفت میں انڈونیشیا نے اپنے ہاں تمام غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ دریں اثناء دنیا بھر میں کووڈ انیس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد بھی اب ایک لاکھ بہتر ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
کورونا وائرس کے حوالے سے يوميہ بنيادوں پر منفی خبريں اور پيشرفت سامنے آ رہی ہيں تاہم دنيا بھر ميں معالج، محققين، سائنسدان، سياستدان، صحافی و ديگر شعبہ جات سے وابستہ افراد موجودہ بحران کو مات دينے کے ليے دن رات سرگرم ہيں۔
تصویر: picture-alliance/NurPhoto/M. Ujetto
پاکستان ميں وائرس کی شدت ممکنہ طور پر کم
سائنسدان ڈاکٹر عطا الرحمن نے ايک مقامی صحافتی ادارے کو بتايا کہ پاکستان میں کورونا وائرس میں پائے جانے والے کروموزومز چین سے مختلف ہیں اور امکاناً ان کی شدت کم ہے۔ ان کے بقول يہ تحقیق کراچی کے جمیل الرحمان سینٹر فار جینومکس ریسرچ ميں کی گئی۔ اس کا عملی طور پر مطلب يہ نکل سکتا ہے کہ شايد بيماری کی شدت بھی کم ہو۔ مگر طبی ذرائع سے اس بارے ميں مزيد تحقيق و ضاحت درکار ہے۔
تصویر: DW/T. Shahzad
مليريا کے خلاف کارآمد ادويات کی امريکی اتھارٹی سے منظوری
’امريکی فوڈ اينڈ ڈرگ ايڈمنسٹريشن‘ اتھارٹی (FDA) نے نئے کورونا وائرس کے چند مخصوص اور ہنگامی صورت حالوں ميں علاج کے ليے مليريا کے خلاف کارآمد دو مختلف ادويات کی منظوری دے دی ہے۔ انتيس مارچ کو سامنے آنے والی اس پيش رفت ميں ايف ڈے اے نے بتايا کہ کووڈ انيس کے علاج کے ليے chloroquine اور hydroxychloroquine پر تحقيق جاری ہے۔ امريکی صدر نے پچھلے ہفتے ان دو ادويات کو ’خدا کی طرف سے تحفہ‘ بھی قرار ديا تھا۔
تصویر: Getty Images/AFP/G. Julien
تحليق و تحقيق کا نتيجہ، سانس ميں مدد فراہم کرنے والا آلہ
فارمولا ون کی جرمن کار ساز کمپنی مرسڈيز نے ايک آلہ تيار کر ليا ہے، جو کووڈ انيس کے ان مريضوں کے ليے موزوں ثابت ہو گا جنہيں انتہائی نگہداشت درکار ہو۔ يہ يونيورسٹی کالج لندن کے اشتراک سے تيار کيا گيا۔ CPAP نامی يہ آلہ ناک اور منہ کے ذریعے آکسيجن پہنچاتا رہتا ہے اور مريض کے پھيپھڑوں ميں زيادہ آکسيجن جاتی ہے۔ توقع ہے کہ اس آلے ميں رد و بدل کے بعد وينٹيليٹرز کی شديد قلت کے مسئلے سے نمٹا جا سکے گا۔
تصویر: Universität Marburg/Martin Koch
کئی ملکوں ميں ويکسين کی آزمائش جاری
اگرچہ ماہرين بار بار دہرا رہے ہيں کہ وائرس کے انسداد کے ليے کسی ويکسين کی باقاعدہ منظوری و دستيابی ميں ايک سال سے زائد عرصہ لگ سکتا ہے، کئی ممالک ميں ويکسين کی آزمائش جاری ہے۔ ’جانسن اينڈ جانسن‘ کی جانب سے تيس مارچ کو بتايا گيا ہے کہ ويکسين کی انسانوں پر آزمائش ستمبر ميں شروع ہو گی اور کاميابی کی صورت ميں يہ آئندہ برس کے اوائل ميں دستياب ہو سکتی ہے۔ مارچ ميں کئی ممالک ميں ويکسين کی آزمائش جاری ہے۔
تصویر: Reuters/B. Guan
مالی نقصانات کے ازالے کے ليے امدادی پيکج
ہر ملک اپنے وسائل کے مطابق امدادی سرگرمياں جاری رکھے ہوئے ہے۔ امريکا ميں متاثرہ کاروباروں کے ليے 2.2 کھرب ڈالر کے امدادی پيکج کی منظوری دی جا چکی ہے۔ جرمنی نے بھی لاک ڈاؤن کے باعث مالياتی نقصانات کے ازالے کے ليے ساڑھے سات سو بلين ڈالر کے ريسکيو پيکج پر اتفاق کر ليا ہے۔ پاکستان نے يوميہ اجرت پر کام کرنے والوں کو چار ماہ تک تین ہزار روپے ماہانہ دینے کے ليے دو سو ارب روپے کا پیکج منظور کر ليا ہے۔
تصویر: Reuters/J. Ernst
ماحول پر مثبت اثر
کورونا وائرس کے باعث عالمی سطح پر متعارف کردہ بندشوں کے نتيجے ميں کئی بڑے شہروں ميں فضائی آلودگی ميں واضح کمی ديکھی گئی ہے۔ روم، ميلان، نئی دہلی، بارسلونا، پيرس، لندن لگ بھگ تمام ہی بڑے شہروں کی ہوا ميں پچھلے دو ہفتوں کے دوران نائٹروجن ڈائی آکسائڈ (NO2) کی مقدار ميں چوبيس تا چھتيس فيصد کمی نوٹ کی گئی۔ يہ اعداد و شمار ’يورپی انوائرمنٹ ايجنسی‘ (EEA) نے جاری کيے۔
تصویر: Reuters/ESA
چين ميں وبا بظاہر کنٹرول ميں
کورونا وائرس کی نئی قسم کے اولين کيسز چينی صوبہ ہوبے کے شہر ووہان ميں سامنے آئے تھے۔ سخت اقدامات اور قرنطينہ کی پاليسی رنگ لائی اور دو ڈھائی ماہ کی دقت کے بعد اب ووہان ميں عائد پابندياں آہستہ آہستہ اٹھائی جا رہی ہيں۔ چين ميں پچھلے قريب ايک ہفتے کے دوران مقامی سطح پر نئے کيسز بھی شاذ و نادر ہی ديکھے گئے۔ يوں سخت قرنطينہ کی پاليسی بظاہر با اثر رہی۔
تصویر: Getty Images/K. Frayer
جنوبی کوريا کی کامياب حکمت عملی
چند ہفتوں قبل چين کے بعد کورونا وائرس کے سب سے زيادہ کيسز جنوبی کوريا ميں تھے۔ تاہم آج پوری دنيا سيول حکومت کی تعريف کے پل باندھ رہی ہے کہ کس طرح اس ملک نے وبا پر کنٹرول کيا۔ پير تيس مارچ کو جنوبی کوريا ميں کووڈ انيس کے اٹھہتر کيسز سامنے آئے۔ جنوبی کوريا نے وسيع پيمانے پر ٹيسٹ کرائے، حتی کہ گاڑی چلانے والے بھی رک کر ٹيسٹ کرا سکتے تھے۔ يوں مريضوں کی شناخت اور پھر علاج ممکن ہو سکا۔
تصویر: Imago Images/Xinhua/Wang Jingqiang
صحت ياب ہونے والوں کی تعداد حوصلہ بخش
تيس مارچ تک دنيا بھر ميں ايک لاکھ چھپن ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے صحت ياب بھی ہو چکے ہيں۔ چين ميں صحت ياب ہونے والوں کی تعداد پچھتر ہزار سے زيادہ ہے۔ اسپين ميں لگ بھگ سترہ ہزار، ايران ميں چودہ ہزار، اٹلی ميں تيرہ ہزار سے زائد اور جرمنی ميں نو ہزار سے زائد افراد صحت ياب ہو چکے ہيں۔ جرمنی ميں شرح اموات اعشاريہ نصف سے بھی کم ہيں يعنی درست حکمت عملی با اثر ثابت ہو سکتی ہے۔