1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سفر و سیاحتجرمنی

جرمنی آنے والوں کے لیے نئے اور سخت ضوابط

1 اگست 2021

جرمنی میں موسم گرما کی چھٹیوں کے اختتام پر کورونا وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نئے ضابطے نافذ ہو گئے ہیں۔ ان ضوابط کے تحت جرمنی آنے یا واپس لوٹنے والوں کے لیے کورونا ٹیسٹ کو دوبارہ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

Einreise EU | Covid-19: Airport Corona Testing
تصویر: Zumapress/picture alliance

ان ضوابط کے تحت جرمنی آنے یا واپس لوٹنے والوں کے لیے کورونا ٹیسٹ کو دوبارہ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

نئے ضوابط کا اطلاق آج یکم اگست بروز اتوار سے کر دیا گیا ہے۔ ان سخت قوانین کا مقصد جرمنی میں کورونا وائرس کے ڈیلٹا ویریئنٹ کا پھیلاؤ روکنا ہے۔ ماہرین کو خدشہ ہے کہ موسم گرما کی چھٹیوں کے دوران جرمنی سے دیگر ممالک کا سفر کرنے والے افراد کی واپسی پر ڈیلٹا ویریئنٹ کا پھیلاؤ بڑھ سکتا ہے۔

جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے خبردار کیا ہے کہ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

نئے ضوابط کیا ہیں؟

بارہ سال سے زائد عمر کے جرمنی میں داخلے کے خواہش مند تمام افراد کے لیے لازمی ہو گا کہ وہ ثابت کریں کہ ان کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کا خطرہ بہت ہی کم ہے۔

اس کے لیے ایسے ہر فرد کو ویکسینیشن کا ثبوت، کورونا کی بیماری سے مکمل طور پر صحت یاب ہو چکنے یا پھر کورونا کا منفی ٹیسٹ رزلٹ پیش کرنا ہو گا۔

ماضی میں ایسے ضوابط صرف فضائی مسافروں کے لیے نافذ تھے۔ اب ان کا اطلاق کسی بھی ذریعہ سفر کی مدد سے جرمنی آنے والے مسافروں پر ہو گا۔

پی سی آر ٹیسٹ کے بعد جرمنی آنے والے افراد کا ٹیسٹ زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے پرانا ہو سکتا ہے جب کہ 'ریپڈ ٹیسٹ‘ زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹےتک موثر سمجھا جائے گا۔

جن ممالک کو 'وائرس ویریئنٹ‘ والے ممالک قرار دیا گیا ہے، وہاں سے واپس آنے والوں کا 'ریپڈ ٹیسٹ‘ چوبیس گھنٹے سے پرانا نہیں ہو سکتا۔

جرمنی میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں ایک مرتبہ پھر اضافہ

جرمنی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں ایک مرتبہ پھر اضافہدیکھا جا رہا ہے۔ روبرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق ہفتے کے روز مزید دو ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔

جرمنی میں اب تک نصف سے زائد آبادی کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے جب کہ 61 فیصد سے زائد افراد کو کم از کم ایک انجکشن لگایا جا چکا ہے۔

اس وبا کے ب‍اعث جرمنی میں اب تک مجموعی طور پر اکانوے ہزار چھ سو انسٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ش ح/م م (ڈی پی اے، روئٹرز)

پاکستان کا بھارت کے ساتھ اظہار یکجہتی

02:07

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں