کورونا کے کيسز سولہ ملين، صرف جولائی ميں پانچ ملين نئے کيس
26 جولائی 2020دنيا بھر ميں نئے کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد ايک کروڑ ساٹھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد چھ لاکھ پينتاليس ہزار سے زائد ہے۔ اس وبائی مرض سے سب سے زيادہ متاثرہ ملک امريکا ميں اکتاليس لاکھ اٹھہتر ہزار سے زائد افراد ميں اس مرض کی تشخيص ہو چکی ہے جبکہ ايک لاکھ چھياليس ہزار سے زيادہ افراد ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔ ديگر شديد متاثرہ ممالک ميں برازيل، بھارت، روس اور جنوبی افريقہ شامل ہيں۔ يکم جولائی سے لے کر اب تک دنيا بھر ميں کورونا کے پانچ ملين کيسز بڑھ چکے ہيں۔ يورپی بر اعظم ميں کيسز کی تعداد تيس لاکھ باون ہزار سے زائد جبکہ اموات دو لاکھ سات ہزار سے متجاز ہيں۔
شمالی کوريا ميں کووڈ انيس کا پہلا مشتبہ مريض
شمالی کوريا ميں ممکنہ طور پر نئے کورونا وائرس کے اولين کيس کی تشخيص ہوئی ہے۔ بتايا گيا ہے کہ تين سال قبل جنوبی کوريا فرار ہونے والا ايک منحرف اتوار کو وطن واپس لوٹا، تو اس ميں کووڈ انيس کی علامات پائی گئيں۔ اس وقت اس کے ٹيسٹ کرائے جا رہے ہيں اور حتمی نتائج جلد متوقع ہيں۔ مذکورہ شخص قرنطينہ ميں ہے۔ کووڈ انيس کے مشتبہ کيس کے تناظر ميں رہنما کم جونگ ان نے فوری طور پر ايک ہنگامی اجلاس طلب کر ليا ہے۔ واضح رہے کہ شمالی کوريا ميں اب تک کووڈ انيس کا ايک بھی کيس سامنے نہيں آيا۔
اسرائيل ميں کئی ہفتوں سے حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسرائيلی عوام کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کی وزير اعظم بينجمن نيتن ياہو کی حکمت عملی سے ناخوش ہيں اور مظاہرين ان کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہيں۔ ہفتے کو يروشلم اور تل ابيب ميں سب سے بڑے مظاہرے ہوئے جبکہ ملک کے ديگر کئی شہروں ميں بھی عوام سڑکوں پر نکلے۔ نيتن ياہو کی جانب سے وسط مارچ ميں متعارف کردہ پابنديوں کے تناظر ميں نو ملين آبادی والے ملک اسرائيل ميں بے روزگاری بيس فنصد تک پہنچ گئی ہے۔ اسرائيل ميں آبادی کے ہر ايک ملين افراد ميں سے اوسطاً دو سو کيسز سامنے آ رہے ہيں، جو انفيکشن بڑھنے کی کافی تيز رفتار ہے۔ وہاں اس وقت تيتيس ہزار افراد کووڈ انيس ميں مبتلا ہيں۔
ع س / اا، نيوز ايجنسياں