’ کولا ڈبل روٹی پر لگا کر نوش فرمائیے‘، انوگا فوڈ فیئر کے نئے انداز
6 اکتوبر 2013انوگا فیئر میں اس مرتبہ بھی صارف کی سہولت کے لیے تیار کردہ مصنوعات یعنی کنوینیئنس پروڈکٹس اور بائیو فوڈ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔’’کنوینیئنس‘‘ کا مطلب ہے آسان اور سہل۔ یہ مصنوعات ان افراد کے لیے ہیں جن کے پاس وقت کم ہوتا ہے۔ یہ کھانے پکانے کا ایک جدید انداز ہے، جس میں مائیکرو ویو میں ہی اچھا اور معیاری کھانا تیار کیا جاسکتا ہے۔ اس سے قبل بھی انوگا میں کنوینیئنس پروڈکٹس کو مرکزی اہمیت حاصل رہی ہے۔ تقریباً سات ہزار نمائش کنندگان اپنی مصنوعات کے ساتھ انوگا میں موجود ہیں۔
امسالہ فوڈ فیئر میں متعارف کرائے جانے والے نت نئے انداز کے کھانوں میں اٹلی سے لایا گیا اسٹک پیزا بھی شامل ہے اور شائقین اس میں بڑی دلچسپی لے رہے ہیں۔ پیزے کی یہ قسم آئسکریم کی طرح ایک لکڑی سے جڑی ہوئی ہے۔ ساتھ ہی آئر لینڈ کی ایک کمپنی نے بچوں کے لیے کیلشیم والے نوڈلز متعارف کرائے ہیں اور مائیکرو ویو میں گرم کر کے کھانے والے ہسپانوی ٹاپاس کو بھی انوگا کے جدید کھانوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ سمندری نمک والے فرینچ فرائز، ڈسک سے مشابہت رکھنے والی انڈے یا گوشت کی سلاد اور شہد لہسن کے ساتھ پیش کیا جا رہا ہے۔ انوگا میں سبزی کے شوقین افراد کے لیے بھی انواع و اقسام کے کھانے پیش کیے جا رے ہیں۔ ساتھ ہی کھانے پینے کی علاقائی مصنوعات اور منصفانہ تجارتی اصولوں پر تیار کی جانے والی اشیاء کی بڑی تعداد بھی نمائش میں پیش کی جاری رہی ہے۔ بیکری کی مصنوعات تیار کرنے والی متعدد کمپنیاں بھی اس نمائش میں شریک ہیں۔ دنیا بھر سے سو سے زائد ممالک نت نئی اشیاء کے ساتھ موجود ہیں۔
جرمنی میں کرائے جانے والے ایک تازہ سروے کے مطابق کھانے پینے کی اشیاء خریدنے کے حوالے سے صارفین کے مزاج میں واضح تبدیلی آتی جا رہی ہے۔ اب صارفین کی ایک بڑی تعداد اشیائے خورد و نوش خریدنے سے قبل اس بات کا خاص خیال کرتی ہے کہ یہ شے کہاں اور کس طرح تیار کی گئی ہے۔ اب اکثر لوگ یہ تک پوچھتے ہیں کہ ان اشیاء کی تیاری میں کہیں جانوروں کے ساتھ کوئی برا سلوک تو نہیں کیا گیا اور اس دوران منصفانہ تجارتی اصولوں کو کس حد تک مد نظر رکھا گیا۔ اسی وجہ سے متعدد مصنوعات کی پیکنگ پر اس حوالے سے تفصیلات درج ہوتی ہیں۔
انوگا فوڈ فیئر میں صارفین کے تبدیل ہوتے ہوئے اس رجحان کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ آئندہ برسوں کے دوران فیئر ٹریڈ اصولوں پر تیار کی جانے والی مصنوعات کی مانگ میں اضافہ ہو گا۔ ہر دو سالوں میں منقعد کیے جانا والا یہ فوڈ فیئر نو اکتوبر تک جاری رہے گا۔