کولمبو ٹیسٹ، سری لنکا پھر آگے
27 جولائی 2010سری لنکا کو بھارتی ٹیم پر اس وقت 547 رنز کی برتری حاصل ہے۔ منگل کے روز جب سری لنکا نے 313 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا تو کپتان سنگاکارا اورمہیلا جے وردنے نے بھارتی بولروں کو قدم جمانے نہ دئے۔ سنگا کارا نے انتیس چوکوں کی مدد سے 219بنائے، ٹیسٹ میچوں میں یہ ان کی ساتویں ڈبل سنچری تھی۔
لنچ کے فورا بعد ہی وہ سہواگ کی گیند پر راہول ڈریوڈ کے ہاتھوں سلپ میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ دوسری طرف جے وردنے نے ایک چھکے اور بیس چوکوں کے ساتھ ایک سو 74 رنز اسکور کئے، ٹیسٹ میچوں میں یہ ان 28 ویں سنچری تھی۔ جب وہ آؤٹ ہوئے تو سمراویرا نے 76 رنز بنائے تھےاور وہ آؤٹ نہیں ہوئے تھے تاہم وردنے کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز چھ سو بیالیس رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلئیر کردی۔ اس ٹیسٹ میچ کے دوران سری لنکا کے اوپنر پرانوینتا نے بھی سینچری اسکور کی۔
بھارت کی طرف سے ہربھجن سنگھ، وریندر سہواگ ، اشانت شرما اور پی پی اوجھا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت نے ایک بڑے اسکور کے تعاقب میں ابھی تک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سری لنکا کے معروف آف سپنر مرلی دھرن کے ریٹائر اور فاسٹ بولر ملنگا کے زخمی ہونے کے باعث اس ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کا بولنگ اٹیک کمزور سمھجا جا رہا ہے۔ ناقدین کے مطابق اس صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارتی بلے باز بھی اس ٹیسٹ میچ میں ایک بڑا اسکور کر سکتے ہیں۔
سری لنکا میں جاری تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو ابھی تک ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عدنان اسحاق