’کونسون‘ طوفان، ویت نام میں بھی ایک ہلاک
18 جولائی 2010ہنوئے میں قائم سیلاب اور طوفان جیسی ناگہانی آفات سے نمٹنے کی نیشنل کمیٹی کے ایک اہلکار کے مطابق کم از کم تین لاپتہ افراد میں سے ایک خاتوں ہلاک ہو گئی ہے جبکہ دو مچھیرے ابھی تک لاپتہ ہیں۔ طوفان کونسون ہفتے کی شب ویت نام کے ساحلی علاقے میں انتہا شدت اور طاقتور لہروں کے ساتھ داخل ہوا تھا۔
انتظامیہ کے اہلکاروں کے مطابق ’کونسون طوفان بادوباراں کی شکل اختیار کرچکا ہے اور ویت نام کے وسطی اور شمالی علاقے بُری طرح اس کی لپیٹ میں ہیں۔‘ اطلاعات کے مطابق ملک کا بنیادی ڈھانچہ، خاص طور سے پانی کی تنصیبات کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔
کونسون سے متاثرہ علاقوں سے تقریباً تیس ہزار افراد کے انخلا کا مرحلہ طے کر لیا گیا ہے اور ان علاقوں کی دیکھ بھال کے لئے ہزاروں ویت نامی فوجی تعینات کر دئے گئے ہیں۔
کونسون ویت نام سے پہلے گزشتہ منگل کو منیلا میں آیا تھا۔ دارالحکومت منیلا کو براہ راست متاثر کرتے ہوئے یہ طوفان چین کے جنوبی ساحل سمندر کی طرف اس شدت سے بڑھ رہا تھا کہ محکمہ موسمیات کے اہلکاروں کو اس نے حیران کر دیا۔
اتوار کو امدادی کارکنوں نے سمندر سے مزید تین لاشیں برآمد کیں۔ جس کے بعد اس طوفان کی زد میں آکر ہلاک ہونے والے فلپائن کےباشندوں کی تعداد 68 ہو گئی۔ تاہم موسم کی بدستور خرابی کے سبب مزید لاشوں کی تلاش کے کام میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کی شدت کے دوران اتنی تیز بارش کی امید نہیں کی جا رہی تھی۔
فلپائن بحرالکاہل پر قائم ممالک کے ’ٹائیفون بیلٹ‘ پر واقع ہے۔ اس ملک میں ہر سال تقریباً بیس بار سمندری طوفان آتا ہے، جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد لقمہ اجل بن جاتے ہیں اور ملکی بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصانات پہنچتا ہے۔
رپورٹ:کشور مصطفیٰ
ادارت: عاطف بلوچ