1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’کون کہتا ہے کہ ہم تم میں جدائی ہو گی‘

25 جنوری 2010

ہالی ووڈ کے اسٹارز بریڈ پٹ اور انجلینا جولی کے قریبی حلقوں نے ایسی تمام خبروں کی تردید کی ہے کہ وہ علیحدگی اختیار کر رہے ہیں۔

انجلینا جولی اور بریڈ پٹتصویر: dpa

چھیالیس سالہ بریڈ پٹ اورچونتیس سالہ انجلینا جولی کےایک قربیی ساتھی نے معروف سلیبرٹی ویب سائٹ people.com کو بتایا ہے کہ دونوں ستاروں کےمابین تعلقات معمول کے مطابق ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہے‘‘۔

اسی طرح ایک اور قریبی ساتھی نے بھی نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ برطانوی جریدے میں چھپنے والی ایسی خبریں کہ بریڈ پٹ اور انجلینا جولی نے علیحدگی کے لئے ایک معروف وکیل سے ملاقات کی ہے ’بالکل بے بنیاد‘ ہیں۔

گزشتہ ویک اینڈ پر یہ خبریں کچھ زیادہ ہی زور و شور سے شوبز کے پرستاروں میں گردش کرنے لگیں کہ پٹ اور جولی نے ایک معروف وکیل سے ملاقات کے دوران اپنی 205 ملین پونڈ کی جائیداد اور چھ بچوں کے مقدر کا فیصلہ کرنے کے لئے صلاح مشورہ کیا۔

سترہ جنوری منعقدہ گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب میں دونوں کی عدم موجودگی کی وجہ سے ایسی خبروں نے جلتی پر تیل کا کام کیا۔ ایسی خبریں بھی منظر عام پر آئیں کہ رواں ماہ کے دوران ہی پٹ اور جولی باقاعدہ طور پر علحیدگی اختیار کر لیں گے۔ بریڈ پٹ اور انجلینا جولی نے تین بچے گود لئے ہیں جبکہ تین بچے ان کی اپنی ہی اولاد ہیں۔

بریڈ پٹ کی سابقہ اہلیہ جنیفر اینسٹنتصویر: AP

ان افواہوں کے بیچ showbizspy.com نے اپنی ایک نئی بم شیل رپورٹ میں لکھا ہے کہ پٹ اور جولی میں علیحدگی ہو چکی ہے جبکہ اس وقت یہ جوڑا اس بات پر جھگڑ رہا ہے کہ بچے کس کے پاس رہیں گے۔ اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بریڈ پٹ نے اس حوالے سے اپنی سابقہ اہلیہ جینیفر اینسٹن سے بھی مشورہ کیا ہے۔ پانچ سال کی شادی کے بعد سن دو ہزار پانچ میں جینیفر اور پٹ کی علیحدگی ہوئی تھی۔

ان دونوں کی علیحدگی کی وجہ بھی انجلینا جولی تھی۔ فلم مسٹر اینڈ مسز سمتھ کی شوٹنگ کے دوران پٹ اور جولی کی ملاقات ہوئی اور پٹ جولی کے عشق میں مبتلا ہوگئے۔ بعدازاں پٹ نے جینیفر سے علیحدگی اختیار کر لی۔

ایک اور معروف سلیبرٹی ویب سائٹ tmz.com نے بھی جولی اور پٹ کی علیحدگی کو صرف ایک افواہ ہی قرار دیا ہے۔ شو بز دنیا کے با اعتماد اور معروف سلیبرٹی بلاگر پیریز ہلٹن نے بھی اپنے بلاگ پر لکھا ہے کہ انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کے مابین کوئی اختلاف نہیں ہے اور وہ علیحدگی اختیار نہیں کر رہے ہیں۔ پیریز ہلٹن نے ایک نشریاتی انٹرویو میں کہا کہ انہیں شک ہے کہ بریڈ پٹ اور انجلینا جولی علیحدگی کے سلسلے میں کسی وکیل سے ملیں ہوں۔ دریں اثناء یہ بھی کہا جا رہا کہ اگر ان کی کوئی ایسی ملاقات کسی وکیل سے ہوئی ہے تو شائد وہ باقاعدہ طور پر شادی کا ارادہ کر رہیں ہوں۔

ان سب خبروں کے بعد اب معلوم ہوتا ہے کہ

’یہ ہوائی کسی دشمن نے اڑائی ہو گی‘

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: کشور مصطفیٰ

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں