1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا

صلاح الدین زین ڈی ڈبلیو نیوز، نئی دہلی
2 دسمبر 2020

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ون ڈے کرکٹ میں 12 ہزار رن بنانے والے دنیا کے تیز ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔ بھارت کی طرف سے ونڈے میچز میں بھی ٹنڈولکر کے بعد کوہلی سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز ہیں۔

ICC Cricket World Cup 2019 | Indien vs Afghanistan
تصویر: Getty Images/A. Davidson

بھارتی بلے باز ویرات کوہلی نے بدھ دو دسمبر کو آسٹریلیا کے شہر کینبرا میں ونڈے سیریز کا تیسرا میچ کھیلتے ہوئے اپنے 12ہزار رن مکمل کیے۔ 32 سالہ  کوہلی نے یہ کارنامہ اپنے 251ویں میچ میں اور 242ویں اننگز کھیلتے ہوئے انجام دیا جبکہ سچن ٹنڈولکر نے ون ڈے میچز کی 300 اننگز کھیل کر 12 ہزار رن اسکور کیے تھے اور اس طرح کوہلی 12 ہزار رن بنانے والے تیز ترین بلے باز ہیں۔

پاکستان کے ساتھ بہت کم کھیلا

کھیلوں کے شعبے کے سرکردہ صحافی آدیش گپت کے بقول اس سے پتہ چلتا ہے کہ کوہلی میں رنوں کی کتنی تڑپ ہے اور اتنے طویل عرصے تک اوسط کو برقرار رکھنا بہت اہم بات ہے۔ ڈی ڈبلیو اردو سے بات چیت میں آدیش گپت نے بتایا کہ کوہلی کے لیے خوش قسمتی کی بات یہ رہی ہے کہ انہوں نے پاکستان کے خلاف بہت کم کھیلا، ’’وہ سب کے ساتھ کھیلے تاہم حالات کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ ونڈے یا پھر ٹیسٹ میچوں میں کھیلنے کا موقع بہت کم ملا۔ پاکستان کی شاندار اور خطرناک گیند بازی کا مقابلہ کرتے تو کچھ اور بات ہوتی۔‘‘ 

 آدیش کے مطابق کوہلی کے دور میں زیادہ تر میچ بنگلہ دیش اور سری لنکا جیسی کمزر ٹیموں کے ساتھ ہوئے اور اس دور میں ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا جیسی ٹیموں میں پہلے جیسی بات بھی نہیں رہی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرکٹ شائقین کے نکتہ نظر سے دیکھیں تو پاکستان کے ساتھ کوہلی کا نہ کھیلنا بہت ہی منفی پہلو ہے،''ایک کھلاڑی کے طور بھی خود کوہلی کی تمنا ہوگی کہ کاش وہ عالمی سطح کی پاکستانی گیند بازی کا زیادہ سامنا کرتے۔ بھارت اور پاکستان کے ساتھ ہونے والی سیریز سے ہی بہت سے کرکٹر آفاق کی بلندیوں تک پہنچے۔ ان دونوں کے درمیان یادگار میچوں کی ایک شاندار تاریخ ہے۔‘‘

تصویر: Getty Images/G. Copley

کیریئر کا آغاز

 بھارتی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان ویرات کوہلی نے 2008ء میں سری لنکا کے خلاف اپنے انٹرنیشنل ونڈے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے اپنے 12برس کے کرکٹ کیریئر میں اب تک 43 ونڈے سنچریاں اسکور کی ہیں جبکہ 59 نصف سنجریاں بنائی ہیں۔ کوہلی ونڈے اور ٹیسٹ میچوں میں اب تک 22 ہزار رن اسکور کر چکے اور ابھی ان کا سفر جاری ہے۔

رن بنانے کی مشین

کرکٹ مبصرین کہتے ہیں کہ ایک دور تھا، جب برائن لارا، پونٹنگ اور سچن  ٹنڈولکر جیسے کھلاڑیوں کو رن بنانے کی مشین کہا جاتا تھا اور ان کے مقابلے میں کوہلی کا اوسط بہت اچھا ہے۔ ونڈے میچز میں اننگز کی مناسبت سے سب سے تیز دس ہزار اور 11 ہزار رن بنانے کا ریکارڈ بھی کوہلی کے نام ہے۔ انہوں نے11ہزار رن 222 میچ کھیل کر جبکہ 10 ہزار رن 205 میچ کھیل کر اسکور کیے تھے۔ بھارت کی طرف سے کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کے بعد ونڈے میں سب سے زیادہ رن بھی بنا لیے ہیں۔ سچن  ٹنڈولکر نے 463 میچ کھیل کو 18ہزار 426 رن اسکور کیے تھے۔ 

آسٹریلیا کے موجودہ دورہ بھارت میں کوہلی کی موجودگی مختصر ہے۔ ان کے گھر ایک نئے مہمان کی آمد کا وقت قریب ہے اس لیے وہ ونڈے سیریز کے بعد ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کی کپتانی کریں گے اور پھر واپس آ کر اپنی اہلیہ انوشکا شرما کے پاس رہیں گے جو بہت جلد ماں بننے والی ہیں۔ انوشکا اور کوہلی کی یہ پہلی اولاد ہو گی۔ 

پاکستان - بھارت مقابلہ اور صحافیوں کی مشکلات

02:16

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں