کيمپ ڈيوڈ ميں جی آٹھ کانفرنس
18 مئی 2012
واشنگٹن کی کاؤنسل آف فارن رليشنز کے بين الاقوامی سياست کے ماہر ڈاکٹر اسٹيوارٹ پيٹرک کا کہنا ہے کہ فرانس کے نو منتخب صدر اولاند پر جرمنی کے دورے کی طرح کيمپ ڈيوڈ میں بھی سخت دباؤ پڑے گا کہ وہ کوئی ايسا قدم نہ اٹھائيں جس سے طے شدہ يورپی
مالی معاہدہ ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے۔ امريکہ ميں کيمپ ڈيوڈ ميں ہونے والی جی آٹھ کانفرنس ميں سوشلسٹ اولاند کے اقتصادی نمو کے اقدامات کے مطالبے اور يونان کے حکومتی بحران کو مرکزی اہميت حاصل رہے گی اور اسی مناسبت سے بيانات کی بھی توقع ہے۔
کيمپ ڈيوڈ کی صرف 24 گھنٹے جاری رہنے والی سربراہی کانفرنس ميں موضوعات کی کمی نہيں ہے۔ اُن کا دائرہ افريقہ ميں غذائی اشياء کی قلت سے لے کر ايران کے ساتھ ايٹمی تنازعے، افغانستان سے فوجی انخلا کے منصوبے اور شمالی کوريا اور شام سے متعلق آئندہ اقدامات اور آب و ہوا کے تحفظ تک پھیلا ہوا ہے۔ امريکی صدر بارک اوباما کی دعوت پر آج برطانيہ، کينيڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور روس کے رياستی اور حکومتی سربراہان کيمپ ڈيوڈ ميں اکٹھے ہو رہے ہيں۔
نو منتخب روسی صدر پوٹن وزيراعظم ميدویديف کو کيمپ ڈيوڈ بھيج رہے ہيں۔ روس پوٹن کے تحت مطلق العنانی کی سمت بڑھ رہا ہے اور وہ سياسی طور پر حساس امور ميں کوئی قابل اعتماد ساتھی نہيں ہے۔ ايران اور شام کے تنازعات اس کی روشن مثاليں ہيں۔ پوٹن کی عدم موجودگی ميں اس بارے میں کوئی پيش رفت ممکن نظر نہيں آتی۔
جی آٹھ کانفرنس کی افاديت کا سوال بھی بار بار اٹھتا ہے۔ يہ حقيقت ہے کہ اس ميں شامل ممالک دنيا کی 15 فيصد آبادی اور عالمی اقتصادی کارکردگی کے دوتہائی حصے کی نمائندگی کرتے ہيں۔ يہ ان ممالک کی ايک ڈھيلی ڈھالی برادری ہے، ٹھوس تنظيم، مالی ضابطوں يا قواعد کے بغير۔ يہ، 1970ء کے عشرے ميں تيل کے بحران کے دوران اقتصادی اور تجارتی معاملات کو مربوط کرنے کے ليے فورم کے طور پر وجود ميں آئی تھی، ليکن اب اُس کے ايجنڈے ميں سياسی اور اقتصادی امور بھی شامل ہو چکے ہيں۔ جی 20 اس سے زيادہ طاقتور اقتصادی فورم سمجھا جاتا ہے اور سلامتی کونسل کے پاس تو طاقت استعمال کرنے کے اختيارت بھی ہيں۔
بروکنگز انسٹيٹیوٹ کے بين الاقوامی سياست کے ماہر بروس جونز مستقبل ميں جی آٹھ فورم ميں توسيع کو ممکن سمجھتے ہيں۔ وہ يہ بھی کہتے ہيں کہ جی آٹھ کانفرنس ميں سياستدانوں کو کسی خصوصی ملاقات کے نسبتاً مشکل انتظام کے بغير غير رسمی طور پر آپس ميں تبادلہء خيالات کا موقع بھی مل جاتا ہے اور مسائل کے انبار کو پيش نظر رکھتے ہوئے اس کی ضرورت اور اہميت سے انکار نہيں کيا جا سکتا۔
C.Bergmann/R.Mudge/sas/km