1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کَن فلم فیسٹول کا آغاز سولہ مئی سے

15 مئی 2012

فرانس کے سیاحتی و ساحلی شہر کَن میں کل سولہ مئی سے عالمی شہرت کے حامل بین الاقوامی فلمی میلے کا باقاعدہ افتتاح ہو رہا ہے۔ یہ فلمی میلہ ستائیس مئی تک جاری رہے گا۔

تصویر: Bettmann/Corbis.

بین الاقوامی کَن فلمی میلے کے مرکزی مقابلے کے لیے جیوری کی سربراہی اٹلی کے شہرہ آفاق ہدایتکار نینی موریٹی (Nanni Moretti) کے سپرد کی گئی ہے۔ موریٹی اپنے پروفیشنل فلمی کیرئر میں کئی شہرہ ایوارڈز حاصل کر چکے ہیں۔ کَن میلے کی افتتاحی اور اختتامی تقریبات کی میزبانی ممتاز فرانسیسی اداکارہ بیرنس بی ژو (Bérénice Bejo) کو سونپی گئی ہے۔ کَن فلمی میلے کی افتتاحی فلم امریکی فلم انڈسٹری سے ہے اور اس کا نام مُون رائر کنگڈم (Moonrise Kingdom) ہے۔ اس فلم کے ہدایتکار ویس اینڈرسن ہیں اور فلم کا موضوع محبت کے عالمگیر جذبے پر مبنی ہے۔

رواں برس کن فلمی میلے کی جیوری کے سربراہ نینی موریٹیتصویر: Getty Images

کَن فلمی میلے کے مرکزی مقابلے میں تقریباً دو درجن فلمیں شامل ہیں۔ ان کا اعلان انیس اپریل کو کیا گیا تھا۔ مرکزی مقابلے میں شامل فلموں میں چار ایسی فلمیں ہیں جن کا تعلق بلاواسطہ یا بالواسطہ جرمنی سے ہے۔ ایران سے تعلق رکھنے والے مشہور ہدایتکار عباس کیرستمی کی جاپانی زبان میں بنائی گئی فلم بھی شامل ہے۔ مصر کے ہدایتکار یسری نصر اللہ کی فلم بعد الموقع کو بھی مرکزی مقابلے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ بہترین فلم کا ایوارڈ Palme d'Or کہلاتا ہے۔

کن فلمی میلے کا لوگوتصویر: picture-alliance/dpa

کَن فلمی میلے کو انتہائی گلیمرس خیال کیا جاتا ہے۔ عالمی شہرت کے ڈیزائنر مختلف خواتین ماڈلز اور اداکاراؤں کے لیے خصوصی لباس تیار کرتے ہیں۔ اس مناسبت سے اداکاراؤں اور خواتین سپر ماڈلز کے ساتھ ڈیزائنر اپنے رابطوں کو مہینوں قبل ہی شروع کر دیتے ہیں۔ فلموں کے ساتھ ساتھ کَن فلمی میلے کو لباس اور میک اپ میں بھی اختراعات کا مرکز و محور خیال کیا جاتا ہے۔ ممتاز ڈیزائنر کارل لیگر فیلڈ نے اس میلے کے لیے اپنے لباس کو عام کر دیا ہے جو کَن میلے کے دوران امکاناً اداکارہ ٹلڈا سونٹن (Tilda Swinton) یا گلو کارہ وینیسا پیراڈیس (Vanessa Paradis) زیب تن کر سکتی ہیں۔

کَن فلمی میلے میں بھارت کی فلم انڈسٹری بھی زور شور سے شرکت کرتی ہے۔ اس مرتبہ سونم کپور کو خاص طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ بھارتی اداکارہ ایشوریا رائے اپنی بیٹی کی ولادت کے بعد وزن کم کرنے کی کوششوں میں ہیں اور کَن فلمی میلے میں ان کی سمارٹ نس کو خاص طور پر دیکھا جائے گا۔ بھارتی فلم انڈسٹری کی گلیمر گرل ملکہ شراوت بھی اپنی ایک نئی فلم کے ساتھ اس میلے میں موجود ہوں گی۔

ah/ab ( AP, TOI)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں