کَن فلم فیسٹول کی جیوری: سربراہ کیٹ بلانچیٹ ہوں گی
3 مئی 2018
معروف اداکارہ کیٹ بلانچیٹ دو آسکر ایوارڈ جیت چکی ہیں۔ وہ اب تک پچاس سے زائد فلموں میں جلوہ گر ہو چکی ہیں۔ وہ تھیئٹر کی دنیا کی بھی ایک مشہور شخصیت ہیں۔
اشتہار
بیس برس قبل آسٹریلین اداکارہ کیٹ بلانچیٹ عالمی فلمی منظر پر اُس وقت نمودار ہوئیں جب انہوں نے بھارتی ہدایت کار شیکھر کپور کی تاریخی فلم ’ایلزبتھ اول‘ میں ٹائٹل کردار ادا کیا تھا۔ عالمی فلمی صنعت میں اس فلم کو بہت زیادہ پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔
فلم ’ایلزبتھ اول‘ میں کردار نگاری پر انہیں پہلے آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ اُن کو دوسرے آسکر ایوارڈ کا حقدار سن 2014 میں ہدایتکار وُڈی ایلن کی فلم ’ بلُو جیسمین‘ میں دیا گیا۔ اپنے طویل فلمی و تھیئٹر کیریئر میں انہیں کئی نامی گرامی ہدایتکاروں کے ساتھ کام کرنے کا بھی موقع ملا۔
کیٹ بلانچیٹ آسٹریلوی شہر میلبورن سے تعلق رکھتی ہیں۔ اڑتالیس سالہ آسٹریلوی اداکارہ آسکر ایوارڈ کے علاوہ کئی اور ایوارڈز بھی جیت چکی ہیں۔ اُن کے شاندار فلمی کیریئر میں ایک نیا اعزاز انہیں بین الاقوامی شہرت کے حامل فرانس میں منعقد ہونے والے کَن فلمی میلے کی جیوری کی سربراہی کا حاصل ہوا ہے۔ وہ اس فلمی میلے کی جیوری کی سربراہی سنبھالنے والی بارہویں خاتون ہوں گی۔
کن فلمی میلے کی جیوری کی سربراہ بنائے جانے پر بلانچیٹ نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ کئی مرتبہ مختلف حیثیتوں میں کَن جا چکی ہیں لیکن اس مرتبہ حیثیت منفرد ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کن فیسٹول میں بطور اداکارہ، پروڈیوسر، مارکیٹ کے نمائندے اور ریڈ کارپٹ میں شرکت کے ساتھ مقابلوں میں بھی شریک رہی ہیں۔
کَن فلم فیسٹول کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ تھیئری فریمو نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ رواں برس جیوری کی سربراہی ایک ایسی منفرد اداکارہ کو سونپی گئی ہے، جو انتہائی صلاحیتوں کی مالک ہوتے ہوئے بیک وقت فلم اور تھیئٹر کی دنیا کا معتبر حوالہ ہیں۔ کن فلمی میلے کی جیوری نو ارکان پر مشتمل ہے۔ اس جیوری میں امریکی اداکارہ کرسٹن اسٹیورٹ، تائیوانی ادار چانگ چن، فرانسیسی اداکارہ لے سیدُو اور بلغاریہ کی شاعرہ خدیجہ نِن بھی دوسرے اراکین کے ساتھ شامل ہیں۔
فرانس کے سیاحتی و ساحلی شہر کَن، ہر سال اس بین الاقوامی فلمی میلے کا میزبان ہوتا ہے۔ رواں برس یہ فلمی میلہ آٹھ مئی سے لے کر انیس مئی تک جاری رہے گا۔ مرکزی مقابلے میں اکیس فلمیں شریک ہیں۔
فلمی ستارے برلینالے کے ’ریڈ کا رپٹ‘ پر
رچرڈ گیئر، پال ویئرہوون، ڈی اِیگو لُونا اور میگی جیلن ہال: برلینالے کے فلم فیسٹیول میں ہمیشہ دنیا بھر سے معروف فلم اسٹارز شرکت کرتے ہیں اور 2017ء بھی مختلف نہیں ہے۔ اس میلے کے ریڈ کارپٹ پر چند معروف ستاروں کی تصاویر۔
تصویر: Getty Images/AFP/O. Andersen
میگی جیلن ہال
برلینالے فلم فیسٹیول 2017ء میں شرکت کرنے والی اہم ترین شخصیات میں اس فیسٹیول کی جیوری کی رُکن میگی جیلن ہال بھی شامل ہیں۔ ریڈکارپٹ پر انہیں انتہائی پرجوش انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔ فیسٹیول کی افتتاحی پریس کانفرنس کے دوران جیلن ہال کا کہنا تھا، ’’ایک بین الاقوامی میلے میں ایک امریکی ہونا انتہائی دلفریب ہے۔‘‘
تصویر: Getty Images/AFP/O. Andersen
کلوٹلڈ کوئرو
فرانسیسی اداکارہ کلوٹلڈ کوئرو نے انتہائی دلکش سیاہ پشواز زیب تن کر رکھا تھا۔ ان کی آمد پر ہر شخص صرف انہی کی طرف متوجہ تھا۔
تصویر: Getty Images/AFP/J. MacDougall
بین الاقوامی جیوری
رواں برس کی سات رُکنی جیوری میں آئس لینڈ کے اداکار اولافوئر الیاسن، تیونس کی پروڈیوسر ڈورا بشوشا فوراٹی، جرمن اداکارہ ژولیا ژینٹش، امریکی اداکارہ میگی جیلن ہال، ڈچ ڈائریکٹر پال ویئرہوون (جیوری کے صدر)، چینی ڈائریکٹر وانگ چوانان اور میکسیکو سے تعلق رکھنے والے ڈائریکٹر ڈی اِیگو لُونا شامل ہیں۔ اس تصویر میں یہ ارکان بالترتیب بائیں سے دائیں موجود ہیں۔
تصویر: AFP/Getty Images
جناب صدر، پال ویئرہوون
جیوری کے صدر ڈائریکٹر پال ویئرہوون (روبو کوپ، بیسِک انسٹینکٹ) نے یہ بات تسلیم کی کہ گولڈن بیئر کے مقابلے کے شعبے میں شریک 18 فلموں میں سے بہت سی ایسی ہیں، جن کی کہانیاں سیاست سے متعلق ہیں۔ تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ جیوری فلموں کے معیار کو پرکھے گی نہ کہ ان میں دیے گئے سیاسی پیغام کو۔
تصویر: Getty Images/AFP/J. MacDougall
’جانگو‘ کا افتتاحی شو
67ویں برلینالے فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب کے شرکاء کو فلم ’جانگو‘ دکھائی گئی، جو اس کا بین الاقوامی پریمیئر تھا۔ یہ پیرس کے ایک جاز موسیقار کی زندگی پر بنائی گئی ہے جنہیں دوسری عالمی جنگ کے دوران نازیوں کے اقدامات کے باعث ملک چھوڑنا پڑا۔ یہ فلم گولڈن بیئر کے مقابلے میں شریک ہے اور اسے کافی توجہ مل رہی ہے۔
تصویر: Roger Arpajou
’جانگو‘ فلم کے اداکار
فلم جانگو کی کاسٹ میں شامل چھ اداکار اس فلم کے افتتاحی شو میں شامل ہوئے۔ ان میں بیلجیم سے تعلق رکھنے والی اداکارہ سیسیل ڈے فرانس (بائیں سے دوسری)، فرانسیسی ڈائریکٹر ایٹیئن کومار (بائیں سے تیسرے)، فرانسیسی اداکار ریدا کاتب (دائیں سے تیسرے) اور ہنگری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ اور گلوکارہ بیاٹا پائیلا (دائیں سے دوسری) شامل ہیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/J. MacDougall
صرف فلموں کے دنیا کے اسٹار ہی نہیں
67 ویں برلینالے فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریبات کے 1600 سے زائد مہمانوں میں جرمنی کے کئی اہم شخصیات بھی شامل تھیں۔ ان میں کامیڈین آنکے اینگلیکے، فلم ڈائریکٹر آندریاس ڈریسن اور جرمنی کی قومی فٹبال ٹیم کے رکن جیروم بوآتنگ (تصویر میں دکھائے گئے) بھی شامل تھے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/P. Zinken
وی لاگر اور ماڈل
ریڈ کارپٹ پر آنے والوں میں ایسے نامور افراد بھی شامل تھے جنہوں نے کیمرے کے سامنے مگر مختلف انداز سے شہرت کمائی۔ اس تصویر میں یوٹیوب وی لاگ کرنے والے برطانوی کامیڈین مارکوس بٹلر اور جرمنی کی ’نیکسٹ ٹاپ ماڈل‘ کا مقابلہ جیتے والی اسٹیفانی گائیزنگر کو ایک ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔
تصویر: Getty Images/P. Le Segretain
فیسٹیول میں شریک فلم ساز
برلینالے فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب اور جانگو کی اسکریننگ میں کئی جرمن ایوارڈ یافتہ ڈائریکٹرز بھی شامل ہوئے۔ فولکر شلوئنڈورف کو یہاں اپنی بیوی انگلیکا کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ آندریاز ڈریسن اور وِم وینڈرز بھی اس تقریب میں شریک ہوئے۔
تصویر: picture alliance/AP Photo/M. Sohn
گرین پارٹی کی رکن پارلیمان، مگر ایک پیغام کے ساتھ
جرمنی کی گرین پارٹی کی رکن پارلیمان کلاؤڈیا روتھ ریڈکارپٹ پر ایک پیغام کے ساتھ جلوہ گر ہوئیں۔ قبل ازیں وہ اپنے دوست رچرڈ گیئر سے بھی ملیں، جنہوں نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے ایک پرائیویٹ میٹنگ کے دوران تبت کے معاملے پر بات چیت کی۔
تصویر: picture-alliance/dpa/B. von Jutrczenka
ایک اسٹار کے ساتھ سیلفی
جرمنی کے معروف ترین فنکاروں میں سے ایک اور جرمن فلم اکیڈمی کی صدر ایرِس بیربن نے ریڈکارپٹ پر رُک کر اپنے ایک مداح کے ساتھ سیلفی بنوائی۔