1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پیٹھ پر وار کرنا چھوڑ دیں، اسفندیار ولی

فریداللہ خان، پشاور
11 جولائی 2018

عوامی نیشنل پار‌ٹی کے جلسے میں منگل کے روز ہونے والے خود کش حملے میں مرنے والوں میں سے گیارہ افراد کو پشاور میں سپرد خاک کردیا گیا۔ دوسری طرف مرنے والوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔

Pakistan -  Asfandyar Wali Khan
تصویر: Imago/ZUMA Press/PPI

عوامی نیشنل پارٹی کے جلسے میں منگل 10 جولائی کو یہ خودکش حملہ اس وقت ہوا جب عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار ہارون بشیر بلور انتخابی مہم کے سلسلے میں پشاور کے علاقہ یکہ توت میں ایک کارنر میٹنگ میں شریک تھے۔ جونہی انہیں تقریر کے لیے اسٹیج پر بلایا گیا اس وقت دھماکہ ہوا جس میں ہارون بشیر بلور سمیت اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق اکیس افراد جان بحق جبکہ باسٹھ زخمی ہیں۔

اس واقعے پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تین دن تک اس سانحے کا سوگ منائیں گے جبکہ اس کے بعد انتخابی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد عوامی نیشنل پارٹی کو میدان سے باہر رکھنا چاہتے ہیں وہ پیٹھ پر وار کرنا چھوڑ دیں اور سامنے آ کر مقابلہ کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ بھی ہوجائے میدان نہیں چھوڑیں گے۔ اسفندیار ولی کے مطابق پہلے بھی عوامی نیشنل پارٹی کو انتخابی عمل سے دور رکھنے کی کوششیں کی گئیں لیکن اس میں بھی انہیں ناکامی ہوئی، تین روزہ سوگ کے بعد پارٹی کا اجلاس بلائیں گے اور اس میں آئندہ کا لائحہ عمل تیار کر کے کارکنوں کو اس کے مطابق انتخابات میں حصہ لینے کا کہیں گے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے ہارون بشیر بلور کو گزشتہ عام انتخابات میں بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ تصویر: picture-alliance/Zuma Press/Ppi

ملک بھر کے سیاسی جماعتوں کے قائدین نے ہارون بلور پر ہونے والے خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے الیکشن کو پرامن اور شفاف بنانے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ سیاسی کارکنوں، پارٹی رہنماؤں اور عوام کی ایک بڑی تعداد ہارون بلور کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔ ان کا جنازہ آج بدھ 11 جولائی کی شام کو پانچ بجے ہوگا۔ انہیں وزیر باغ کے مقبرے میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

اس خود کش دھماکے بعد پشاور بھر کی فضا سوگوار رہی۔ زیادہ تر بازار بند رہے جبکہ تاجر تنظیموں سمیت پشاور بار کونسل نے بھی تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے بھی اس سانحے کے حوالے سے ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سابق مرکزی صدر افراسیاب خٹک اور مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا، ’’یہ سانحہ ہمارے لیے بھولنے کا نہیں ہے لیکن اے این پی کبھی بھی دہشت گردوں کے سامنے نہیں جھکے گی۔ دہشت گردوں کی کوشش ہے کہ اے این پی کو میدان سے ہٹا دیں لیکن ہم ان کی اس کوشش کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ الیکشن میں حصہ لیں گے اور عوام سے یہی اپیل کریں گے کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف اے این پی کا ساتھ دیں ہم اس واقعے کی فوری تحقیقات اور حقائق عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘‘

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کے ہارون بشیر بلور کو گزشتہ عام انتخابات میں بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس دھماکے میں 17 افراد جان بحق ہوئے تھے جبکہ ان کے والد بشیر احمد بلور کو اسی طرح دسمبر دو ہزار بارہ میں ایک خود کش حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

خود کش حملے میں مرنے والوں میں سے گیارہ افراد کو پشاور میں سپرد خاک کردیا گیا۔ تصویر: Reuters/F. Aziz

پشاور پولیس کے سربراہ قاضی جمیل کے مطابق، ’’یہ ایک خود کُش دھماکا تھا اور حملہ آور پہلے سے ہی جلسہ گاہ میں موجود تھا۔‘‘ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے سربراہ شفقت ملک کے مطابق اس دھماکے کے لیے دس کلو گرام بارود استعمال کیا گیا۔

پولیس کے انسپکٹر جنرل محمد طاہر نے اس واقعے کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انوسٹی گیش ٹیم تشکیل دی ہے جو سات دن کے اندر رپورٹ تیار کرے گی۔ ادھر پولیس نے پشاور بھر میں سیکورٹی سخت کردی جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پشاور کے حلقہ PK-78 میں انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ادھرخیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلٰی جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان نے کابینہ کے ہنگامی اجلاس کے دوران واقعے کی فوری تحقیقات کرنے اور جلد سے جلد رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں