1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کڑے حفاظتی انتظامات میں بھارت کے یوم آزادی کی تقریبات

15 اگست 2011

بھارت میں یوم آزادی کے موقع پر دارالحکومت نئی دہلی اور دیگر شہروں میں سکیورٹی کے کڑے انتظامات کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق کسی ممکنہ دہشت گردانہ حملے سے بچنے کے لیے حفاظتی انتظامات کو سخت کرنا بہت ضروی تھا۔

تصویر: AP

بھارت میں آج ملک کا پینسٹھواں یوم آزادی منایا جا رہا ہے۔ روایت کے مطابق نئی دہلی کے لال قلعے میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے قوم سے خطاب کیا، جس میں بدعنوانی کے موضوع کو مرکزی اہمیت حاصل رہی۔ ’’ حکومت بدعنوانی اور اس میں ملوث افراد کے خلاف ہر ممکن قدم اٹھائےگی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ان معاملات سے دور رہا جائے، جن سے ملک کی ترقی متاثر ہوتی ہے۔

اس دن کی مناسبت سے دار الحکومت نئی دہلی میں لال قلعے کے ارد گرد ہزاروں پولیس اور نیم فوجی دستوں کے اہلکار تعینات کیے گئے۔ قلعے کے اطراف میں خصوصی کیمرے نصب ہیں اور مختلف مقامات پر نشانہ باز پولیس اہلکار بھی تعینات ہیں۔ بھارتی یوم آزادی کی مرکزی تقریب کا آغاز قومی ترانے اور پرچم کشائی سے ہوا۔ اس دوران فضا میں ہیلی کاپٹر گشت کرتے رہے اور فضائیہ کو بھی چوکنا رہنے کا حکم دیا گیا تھا۔

بھارت بھر بالخصوص حساس علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہےتصویر: AP

پارلیمنٹ ہاؤس، ہوائی اڈوں، ریلوے اور بس اڈوں پر بھی بڑی تعداد میں سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے۔ اقتصادی مرکز ممبئی میں پولیس کے گشت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ یہاں حال ہی میں دہشت گردوں نے حملہ کرتے ہوئے 23 افراد کو ہلاک اور 100 سے زائد کو زخمی کر دیا تھا۔ بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں بھی سکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ اس ریاست میں ماؤ نواز باغیوں نے عوام سے کہا ہے کہ وہ یوم آزادی کی تقریبات سے دور رہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے بہت سے علاقوں میں پمفلٹ تقسیم کیے ہیں اور بینرز لگائے ہیں۔

شمال مشرقی بھارت میں باغیوں کے 12 گروپوں نے 17 گھنٹے کی ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بھی 15 اگست کے دن غیر معمولی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہاں بھی علیحٰدگی پسندوں نے یوم آزادی کی تقریبات کا بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں