کھلے سمندر میں ماہی گیری کی کشتی سے ڈھائی ٹن کوکین برآمد
28 مئی 2024فرانسیسی دارالحکومت پیرس سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق حکام نے بتایا کہ منشیات کی بین الاقوامی اسمگلنگ کے خلاف یہ کارروائی کھلے سمندر میں کی گئی اور اس دوران کشتی میں لدی ہوئی 2.4 ٹن کوکین ضبط کر لی گئی۔
فرانسیسی بحریہ نے بتایا کہ ملکی محکمہ کسٹمز کو ملنے والی خفیہ معلومات کے نتیجے میں یہ آپریشن بحیرہ کریبیین کے فرانسیسی جزیرے مارٹینیک سے تقریباﹰ ڈیڑھ ہزار کلومیٹر شمال مشرق کی طرف کیا گیا۔
اس آپریشن کے دوران ایک فرانسیسی فریگیٹ سے بحری دستے ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے کھلے سمندر میں سفر کرنے والی وینزویلا کی ماہی گیری کے ایک کشتی پر اترے، جس کی تلاشی کے دوران اس پر لدی ہوئی ہزاروں کلوگرام کوکین برآمد کر لی گئی۔
کشتی، عملہ اور کوکین وینزویلا کے حکام کے حوالے
فرنچ نیوی کے کریبیین آرمڈ سروسز کہلانے والے شعبے کی طرف سے بتایا گیا کہ اس کارروائی کے دوران 2.4 ٹن کوکین پکڑی گئی اور کشتی کے عملے کو حراست میں لے لیا گیا۔ بعد ازاں یہ کوکین، کشتی اور اس کے عملے کے زیر حراست ارکان کو وینزویلا کے حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
جرمن پولیس نے رواں برس ریکارڈ پینتیس ٹن کوکین ضبط کی
انٹرپول: لاطینی امریکہ میں اربوں ڈالر کی منشیات پکڑی گئیں
فرانسیسی بحریہ کے مطابق اس کی طرف سے سال رواں کے دوران اب تک ایسی کئی کارروائیوں میں 12 ٹن سے زیادہ منشیات قبضے میں لی جا چکی ہیں۔
بحیرہ کریبیین میں کیے جانے والے اینٹی نارکوٹکس آپریشنز کے دوران سال 2022ء میں لاطینی امریکی ممالک سے اسمگل کی گئی مجموعی طور پر 22.7 ٹن کوکین پکڑی گئی تھی۔ 2022ء میں اس سمندری خطے سے پکڑی جانے والی کوکین کی سالانہ مقدار اس سے ایک دہائی پہلے کے مقابلے میں پانچ گنا سے بھی زیادہ تھی۔
سمندر میں تیرتی ہوئی 300 ملین ڈالر مالیت کی کوکین پکڑی گئی
فرانسیسی حکام کے مطابق یہ اس امر کا ثبوت ہے کہ منشیات کے بین الاقوامی اسمگلروں کے لیے گزشتہ چند برسوں کے دوران کریبیین کا خطہ انتہائی اہم ہو چکا ہے اور ان کی بڑی تعداد اسی سمندری راستے سے لاطینی امریکی ممالک سے اسمگل کی جانے والی منشیات شمالی امریکہ اور یورپی یونین کے ممالک تک پہنچانے کی کوشش کرتی ہے۔
م م / ا ا (اے ایف پی)