کیا امریکا کو عراق میں مزید کردار ادا کرنا چاہیے؟
15 جون 2015جنرل ڈیمپسی اکتالیس برسوں سے امریکی فوج کے لیے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ امریکی صدر باراک اوباما کے فوجی مشیر بننے سے پہلے بھی وہ امریکا کے محکمہ دفاع کے ایک اہم اور چوٹی کے اہلکار رہ چُکے ہیں۔ اُن کا فوجی کیرئیر کئی جنگوں کے تجربے سے تشکیل پایا ہے۔ جنرل ڈیمپسی اپنے تجربات کی بنا پر عراق کی موجودہ صورتحال کو نہایت مایوس کُن قرار دیتے ہوئے اس شورش زدہ ریاست میں مستقبل قریب میں کسی بہتری کی امید وابستہ نہیں کیے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عراق میں عسکریت پسند جہادی تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے خلاف پائیدار فتح کی راہ اب بھی ہموار نہیں ہوئی ہے تاہم ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک بار پھر عراق میں امریکی فوجیوں کو بھیجنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
صبر سے کام لیا جائے
جنرل ڈیمپسی کا ماننا ہے کہ عراق میں اسلامک اسٹیٹ کے خلاف کسی بڑی کامیابی کی کوئی خاص امید نہیں پائی جاتی اور اس معاملے میں کوئی نئی حکمت عملی وضع کرنا غلط ہوگا۔ انہوں نے عراق کے سلسلے میں صبر و تحمل سے کام لینے پر زور دیا ہے۔ گزشتہ جمعرات کو امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر نیپلز میں امریکی فوجیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے جنرل ڈیمپسی کا کہنا تھا،’’عراقیوں کو مزید وقت دیا جانا چاہیے تاکہ وہ اپنے داخلی مسائل اور تقسیم ختم کر کے اپنی جنگ خود لڑنے کے متحمل ہو سکیں۔ عراقیوں کے اندر اسلامک اسٹیٹ کے خلاف مزاحمت پیدا ہونا ضروری ہے، تب ہی وہ اس گروپ کا مقابلہ کرتے ہوئے کوئی کامیابی حاصل کر سکیں گے۔ عراق میں پائیدار کامیابی کسی فوجی قوت کے استعمال سےکہیں زیادہ موثر ثابت ہوگی۔ اس کے لیے پڑوسیوں کی حمایت والے ایک متحد عراق کی ضروت ہے‘‘۔
پلان بی
جنرل ڈیمپسی اگرچہ اس امر پر یقین رکھتے ہیں کہ اگر عراق میں اسلامک اسٹیٹ کو پسپا کرنے کی مہم کی ذمہ داری امریکی فوجیوں کو سونپ دی جائے تو ممکنہ طور پر داعش شکست خوردہ ہو گی اور یہ عمل تیز رفتار بھی ہوگا تاہم اس میں امریکی مرد اور خواتین فوجیوں کی ایک بڑی تعداد میں جانوں کا ضیائع ہو سکتا ہے۔ جنرل ڈیمپسی کا کہنا تھا،’’ شاید ISIL عراق سے چلی جائے، ممکنہ طور پر اسے فوجی شکست کا سامنا ہو لیکن اب سے دو سال بعد کوئی ایک نیا عسکری گروپ، ایک نئے نام اور نظریے کے ساتھ وجود میں آجائے گا اور ہم پھر اُسی مقام پر کھڑے ہوں گے۔ اس جنگ کو ہمارے اتحادی پارٹنرز اور خود عراقیوں کو لڑنا ہوگا۔ یہ بنیادی مفروضہ ہے اگر اس مفروضے میں کوئی تبدیلی آئی تو میں ’پلان بی‘ پر کام کرنے کو ترجیح دوں گا‘‘۔
جنرل ڈیمپسی کا کیرئیر
جنرل ڈیمپسی کا کیرئیر چار عشروں سے زیادہ عرصے پر محیط ہے۔ نائن الیون کے دہشت گردانہ حملوں کے بعد ڈیمپسی ریاض میں سعودی داخلہ دفاعی امور کے مشیر کی حیثیت سے وہاں تعینات رہے۔ 2003 ء اور 2004 ء کے درمیان عراق کی جنگ میں جنرل ڈیمپسی نے امریکا کی فرسٹ آرمرڈ ڈویژن کی قیادت کی۔ 2005 ء تا 2007 ء وہ بغداد میں امریکی فوجی تربیت کے مشن کی کمانڈ سنبھالے ہوئے تھے۔
2008 ء میں وہ مشرق وسطیٰ کے وسیع تر علاقے میں امریکی فوج کی سنٹرل کمانڈ کے قائم مقام کمانڈر رہے اور بحیثیت جوائنٹ چیفس چیئرمین جنرل ڈیمپسی امریکی صدر باراک اوباما اور اُن کی نیشنل سکیورٹی کونسل کے چیف ملٹری ایڈوائزر یا مُشیر بن گئے۔
جنرل ڈیمپسی کے ذہن پر متعدد فوجی محاذوں پر اپنے فوجیوں کو لگنے والی ضرب اور اُن کی ہلاکتوں کے نقوش بھی موجود ہیں۔ پینٹاگون میں اُن کے دفتر کی میز پر ایک ڈبہ پڑا رہتا ہے جس پر کم از کم اُن 100 امریکی فوجیوں کے کارڈز جمع ہیں، جو جنرل ڈیمپسی کی کمان میں عراق میں 2003ء تا 2004 ء دوران جنگ ہلاک ہوئے تھے۔