1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

 کیا امریکا اور طالبان کے مابین مذاکرات کا آغاز ہو گا ؟ 

بینش جاوید
2 اکتوبر 2019

افراسیاب خٹک کا کہنا ہے کہ امریکا اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات بحال ہونے کے قوی امکانات ہیں لیکن طالبان کو جنگ بندی پر آمادہ ہونا ہوگا اورافغان حکومت کو اس عمل میں شامل نہ کیے جانے کا مطالبہ واپس لینا ہوگا۔

تصویر: picture alliance/AP Photo/A. Zemlianichenko

افغان طالبان کا وفد ملا عبدال غنی برادر کی قیادت میں اسلام آباد میں موجود ہے۔ طالبان کی قیادت نے پاکستانی حکام سے ملاقات کی۔ اس موقع پر امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد بھی اسلام آباد میں موجود ہیں۔ 

پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان نے دوحہ میں طالبان سیاسی کمیشن کو پاکستان دورے کی دعوت دی ہے۔ اس دورے میں امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا ایک مرتبہ پھر آغاز کیے جانے پر غور کیا جائے گا ۔ دورے کے دوران تعطل  کے شکار سیاسی عمل کا دوبارہ سے آغاز کرنے کے امکانات پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

 مذاکرات کے آغاز ہونے کا عندیہ

سیاسی جماعت عوامی نیشنل پارٹی کےسابق رکن افراسیاب خٹک نے ڈی ڈبلیو کو بتایا،''جو سیاسی مبصرین صورتحال کو دیکھ رہے تھے ان کا خیال تھا کہ مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے کیوں کہ حل مذاکرات کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔‘‘ افراسیاب خٹک نے کہا کہ اب بات چیت میں افغان ریاست کو شامل ہونا چاہیے، یہ مذاکرات منصفانہ ہونے چاہیں اور افغان حکومت سے مذاکرات نہ کرنے کی طالبان کی ضد کو ختم ہونا چاہیے کیوں کہ ریاست اصل فریق ہے اس کے بغیر بات نہیں بن سکتی۔

 اطلاعات کے مطابق طالبان کا وفد پاکستانی قیادت کو امریکا کے ساتھ ہونے والے مذاکراتی عمل کے خاتمے کی ممکنہ وجوہات سے آگاہ کرے گا۔ مصنف اور تجزیہ کار زاہد حسین نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ طالبان نے مذاکرات کے لیے دروازے بند نہیں کیے تھے۔ لیکن دیکھنا یہ ہوگا کہ کیا زلمے خلیل زاد نئے مینڈیٹ کے ساتھ آرہے ہیں ؟ اور کیا وہیں سے مذاکراتی عمل شروع ہوگا جہاں سے یہ سلسلہ ختم ہوا تھا ؟

 

تصویر: picture-alliance/dpa/A.Arbab

مذاکرات کا مینڈیٹ کیا ہو گا ؟

افراسیاب خٹک کہتے ہیں بغاوت کی لڑائی مذاکرات سے ہی ختم ہو سکتی ہے۔ افغانستان میں اب انتخابات کے بعد حکومت افغان عوام کے ووٹ سے بنے گی، وہ اہم فریق ہے لہٰذا اگر امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوتا ہے توبین الافغان مذاکرات اور امریکا اور طالبان  کی جانب سے جنگ بندی مذاکراتی عمل کا اہم نقطہ ہونا چاہیے۔ افراسیاب خٹک نے مزید کہا، ''طالبان کو تنگ نظری سے نکلنے کی ضرورت ہوگی اور پاکستان میں جو طالبان کے سر پرست ہیں ان کو بھی طالبان کو بتانا چاہیے کہ جنگ اور تشدد مسئلے کا حل نہیں ہے، طالبان کو اپنا رویہ بدلنا ہوگا۔‘‘ افراسیاب خٹک کی رائے میں طالبان جانتے ہیں کہ افغان عوام جنگ سے خوش نہیں ہیں اور اگر جنگ بند ہوگئی تو دوبارہ جنگ شروع کرنا مشکل ہوجائے گا۔ لہذا وہ جنگ کی پالیسی کو چھوڑنا نہیں چاہتے لیکن مذاکرات کامیاب تب ہی ہوں گے جب جنگ بندی پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

امریکا اور افغان طالبان کے مابین قریب ایک سال تک جاری رہنے والے مذاکراتی عمل کو اس وقت دھچکا پہنچا جب افغانستان میں ایک حملے میں ایک امریکی فوجی اور گیارہ افغان شہریوں کی ہلاکت کے بعد امریکی صدر نے مذاکرات ختم کرنے سے متعلق ایک ٹویٹ کی۔ اس ڈیل کے ذریعے امریکا افغانستان سے اپنے فوجیوں کا انخلاء چاہتا تھا۔ تاہم گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ افغان طالبان کو مذاکراتی میز پر لانے کی کوشش کریں گے اور افغان طالبان کو افغان حکومت سے بات کرنے پر بھی آمادہ کریں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ انہیں مذاکراتی عمل ختم ہونے کا علم صدر ٹرمپ کی ٹویٹ سے ہوا تھااور اچھا ہوتا اگر امریکا پاکستان سے اس بارے میں مشاورت کر لیتا۔

امریکا کے ساتھ امن معاہدے کے لیے ابھی بھی تیار ہیں، طالبان

افغان صدارتی انتخابات، طالبان کی دھمکیوں کے باوجود پولنگ جاری

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں