1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیا پاکستانی کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش جائے گی؟

طارق سعید، لاہور6 جنوری 2014

پاکستانی کرکٹ ٹیم اس وقت متحدہ عرب امارات میں جاری ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا سے برسرپیکار ہے مگر خیبر سے مکران تک آج زیادہ دلچسپی کا حامل سوال یہ ہے کہ آیا بنگلہ دیش ایشیا کپ اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کی میزبانی کرسکے گا؟

تصویر: Karim Sahib/AFP/Getty Images

بنگلہ دیش اگر ایشیا کپ اور آئی سی سی ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کی میزبانی کرتا بھی ہے تو کیا پاکستان ان مقابلوں میں شریک ہوگا ؟ یہ بھی ایک ایسا سوال ہے، جس کا جواب جاننے کے لیے پاکستانی عوام بے چین ہیں۔ تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ اس سلسلے میں دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ہفتے کو ایشیائی کرکٹ کونسل﴿ اے سی سی﴾ نے بنگلہ دیش میں جاری سنگین سیاسی بحران اور پرتشدد انتخابات کے بعد بھی اگلے ماہ ہونے والے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کو کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کا امکان مسترد کر دیا تھا۔ تاہم اس بابت پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایشیائی کرکٹ کونسل کے درمیان تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔

پی سی بی نے اے سی سی کے چیف ایگزیکٹو اشرف الحق، جن کا اپنا تعلق بھی بنگلہ دیش سے ہے، کے اس بیان کو مسترد کر دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان نے ایشیا کپ میں شرکت پر رضا مند ظاہر کردی ہے۔ پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی کا حتمی فیصلہ نو جنوری کو آئی سی سی کے دبئی میں ہونیے والے اجلاس میں ہوگا۔

بنگلہ دیش اس وقت شدید سیاسی بحران کا شکار ہےتصویر: DW

حال ہی میں جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے عبدلقادر ملا کو انیس سواکہتر کے مشرقی پاکستان بحران کا جنگی مجرم ٹھہرا کر پھانسی لگانے کے بعد جہاں بنگلہ دیش میں خون ریز ہنگاموں میں شدت آئی ہے وہیں پاکستان کے ساتھ اس کی سیاسی کشیدگی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ان ہنگاموں میں اب تک درجنوں لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

پاکستانی پارلیمان کے عبدلقادر ملا کی پھانسی کی مذمت کرنے پر بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے حامیوں کا پاکستانی پرچم اور کرکٹ ٹیم کی وردی نذر آتش کیے جانے کے واقعات نے بھی جلتی پر تیل کا کام کیا۔ حکومت پاکستان نے اب تک اس معاملے میں چپ سادھ رکھی ہے مگرسب سے بڑی اپوزیشن پارٹی پاکستان تحریک انصاف نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش بھجوانے کی مخالفت کردی ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بنگلہ دیش جا کر کھیلنے کی مخالفت اس لیے بھی عام ہے کیونکہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ گزشتہ دو برس میں دو مرتبہ اپنی ٹیم پاکستان بھجوانے کے فیصلے سے روگردانی کر چکا ہے۔ جواب میں پی سی بی نے پچھلے برس پاکستانی کرکٹرز کو بنگلہ دیش میں پرکشش ٹوئنٹی ٹوئنٹی لیگ میں شرکت کی اجازت نہیں دی تھی۔

بات پاکستان اور بنگلہ دیش کی سیاست تک محدود رہتی تو شاید آئی سی سی کوئی راستہ نکال لیتی مگر پانی اب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سر سے اونچا ہو رہا ہے کیونکہ چٹاگانگ میں ہوٹل کے قریب بم دھماکے کے بعد ویسٹ انڈیز انڈر نائنٹین ٹیم کا دورہ ادھورہ چھوڑ کر واپس جانا آئی سی سی اورمغربی ممالک کے لیے ہضم کرنا اتنا آسان نہ ہوگا۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں