1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیتھولک مسیحیوں کے اجتماع ورلڈ یوتھ ڈے کا آغاز

ندیم گِل24 جولائی 2013

دُنیا بھر سے کیتھولک نوجوان برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں جمع ہیں جہاں مذہبی اجتماع ورلڈ یوتھ ڈے کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ منگل کی شام ریو کے آرچ بشپ نے افتتاحی عبادت کی قیادت کی۔ پاپائے روم اس موقع پر موجود نہیں تھے۔

تصویر: picture-alliance/ZUMA Press

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس برازیل پہنچ چکے ہیں تاہم وہ منگل کی افتتاحی عبادت میں شریک نہیں ہوئے۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق پاپائے روم نے منگل کو ریذیڈینسیا اوسنساؤ میں آرام کیا جہاں وہ 30 کارڈینلز کے ساتھ قیام پذیر ہیں۔

منگل کو ورلڈ یوتھ ڈے کی افتتاحی عبادت ریو ڈی جنیرو کے کوپاکابانا ساحل پر منعقد ہوئی۔ وہاں ایک جشن کا سا سماں تھا۔ ریو کے آرچ بشپ اورانی ژوآؤ ٹیمپیسٹ نے عبادت کی قیادت کی اور اجتماع سے خطاب کیا۔

پاپائے روم جمعرات کو ورلڈ یوتھ ڈے کی ایک عبادت میں شریک ہوں گے۔ یہ عبادت میں کوپاکابانا ساحل پر ہو گی۔ توقع ہے کہ اس میں 20 لاکھ افراد شریک ہوں گے۔

پاپائے روم پیر کو ریو پہنچے تھے اور شہر کی سڑکوں پر موجود ہزاروں لوگوں نے ان کا استقبال کیا تھا۔

اس موقع پر ان کی گاڑی ہجوم میں پھنس کر رہ گئی تھی۔ تاہم پوپ کے ترجمان فیڈریکو لومبارڈی کا کہنا تھا کہ اس موقع پر لوگوں نے گاڑی کی پچھلی نشست پر خطوط اور تحائف پھینکے۔ انہوں نے کہا کہ پوپ فرانسس اس پرجوش استقبال سے بہت خوش تھے، وہ لوگوں کو دیکھ کر مسکرا رہے تھے اور انہیں کسی طرح کا خوف (گاڑی پھنسنے کی وجہ سے) نہیں تھا۔

پوپ فرانسستصویر: AFP/Getty Images

برازیل کی صدر دلما روسیف اور دیگر عہدے داروں سے ملاقات پر پوپ فرانسس کا کہنا تھا: ’’میں نوجوانوں سے ملنے آیا جو دنیا بھر سے مسیح نجات دہندہ (کرائسٹ دی ریڈیمر) کی کھلی بانہوں میں کھنچے چلے آئے ہیں۔‘‘

خیال رہے کہ ریو ڈی جنیرو میں کرائسٹ کا ایک طویل القامت مجسمہ نصب ہے جو دنیا بھر میں اس شہر کی پہچان ہے۔ پاپائے روم کا مزید کہنا تھا: ’’نوجوان ایک ایسی کھڑکی کی مانند ہے جس کے راستے مستقبل دنیا میں داخل ہوتا ہے اور عظیم چیلنجز ہمارے سامنے رکھتا ہے۔‘‘

یہ 28واں ورلڈ یوتھ ڈے ہے۔ اس کا آغاز پوپ جان پال دوم نے کیا تھا اور اس کا پہلا اجتماع 1986ء میں روم میں ہوا تھا۔ تب سے ہی 13 اجتماع دنیابھر میں مختلف شہروں میں چکے ہیں، جن میں برازیل کا حالیہ اجتماع بھی شامل ہے۔

پوپ فرانسس پہلے پاپائے روم ہیں جن کا تعلق لاطینی امریکا سے ہے اور یہ منصب سنبھالنے کے بعد وہ اپنے پہلے غیرملکی دورے میں اپنے ہی خطے میں گئے ہیں۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں