1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیتھولک مسیحیوں کے نئے روحانی پیشوا ارجنٹائن کے کارڈینل برگولیو

14 مارچ 2013

ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے کارڈینل خورگے ماریو برگولیو کو نیا پوپ منتخب کر لیا گیا ہے۔ بیونس آئرس کے آرچ بشپ 76سالہ برگولیو کو بطور پوپ فرانسس اول کے نام سے پکارا جائے گا۔

تصویر: AFP/Getty Images

بدھ کی شب سِسٹین چیپل کی چمنی سے جیسے ہی سفید رنگ کا دھواں برآمد ہوا تو یہ واضح ہو گیا کہ کیتھولک مسیحیوں کے نئے روحانی پیشوا کو چن لیا گیا ہے۔ برگولیو  266 ویں پوپ منتخب کیے گئے ہیں جبکہ لاطینی امریکی ممالک سے تعلق رکھنے والے وہ پہلے پوپ ہیں۔ یہ امر بھی اہم ہے کہ ایک ہزار برس سے زائد عرصے کے بعد کسی غیر یورپی کارڈنیل کو اس انتہائی اہم عہدے کے لیے چنا گیا ہے۔

ہزارہا کیتھولک مسیحی نئے پوپ کا پہلا دیدار کرتے ہی خوشی سے جھوم اٹھےتصویر: Reuters

ویٹی کن نے بتایا ہے کہ برگولیو انیس مارچ کو سابق پوپ بینیڈکٹ شانز دہم کی جگہ باقاعدہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔ اپنے انتخاب کے بعد جب برگولیو پہلی مرتبہ پوپ کا مخصوص لباس زیب تن کیے ہوئے سینٹ پیٹرز اسکوائر کی بالکونی میں آئے تو انہوں نے کہا کہ دیندار لوگ ان کے لیے دعا کرتے رہیں۔ اس موقع پر سینٹ پیٹرز اسکوائر پر موجود ہزارہا کیتھولک مسیحی نئے پوپ کا پہلا دیدار کرتے ہی خوشی سے جھوم اٹھے۔ برگولیو کے انتخاب پر ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں بھی خوشی کا سماں برقرار رہا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ویٹی کن کے ذرائع سے بتایا ہے کہ نئے پوپ کا انتخاب رائے شماری کے پانچ ادوار کے بعد ممکن ہوا۔ 115 کارڈنیلز کی اس رائے شماری کے بعد بروز بدھ مقامی وقت کے مطابق شام چھ بجکر آٹھ منٹ پر سِسٹین چیپل کی چمنی سے سفید رنگ کا دھواں برآمد ہوا۔ یہ اس بات کا اعلان تھا کہ نیا پوپ منتخب کر لیا گیا ہے۔

اس عمل کے ایک گھنٹے بعد نئے پوپ کا نام عام کیا گیا۔ اس دوران سینٹ پیٹرز اسکوائر پر موجود لوگوں کی ایک بڑی تعداد بارش اور خراب موسم کے باوجود وہیں موجود رہی تاکہ وہ اپنے نئے روحانی پیشوا کا پہلا دیدار کر سکیں۔

خورگے ماریو برگولیو انیس مارچ کو باقاعدہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گےتصویر: Getty Images

بطور کارڈنیل اپنا تمام تر کیرئر ارجنٹائن میں ہی گزارنے والے برگولیو اپنی سیاسی بصیرت اور عاجزی کی وجہ سے مشہور ہیں۔ لاطینی امریکا میں سب سے زیادہ قدامت پسند سمجھے جانے والے ملک ارجنٹائن میں کلیساء کو ’مارڈنائز‘ بنانے میں ان کا اہم کردار ہے۔ برگولیو اپنی سادہ مزاجی کی وجہ سے بھی انتہائی مقبول ہیں۔ نہ صرف وہ اپنا کھانا خود پکاتے ہیں بلکہ وہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے میں بھی کوئی عار محسوس نہیں کرتے۔

امریکی صدر باراک اوباما نے نئے پوپ کے لیے اپنے عوام کی طرف سے نیک خواہشات ارسال کی ہیں جبکہ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے بھی تہنیتی پیغام بھیجا ہے۔ ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ وہ پوپ فرانسس اول کی ’دانشمندانہ قیادت‘ سے تعاون کے متمنی ہیں۔

(ab/as(dpa,Reuters, AFP

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں