کیلنڈر سے تیس دسمبر ختم، ساموآ ایک دن آگے چلا گیا
30 دسمبر 2011اس فیصلے کے بعد ایک لاکھ 80 ہزار کی آبادی والا یہ چھوٹا سا ملک بین الاقوامی ڈیٹ لائن سسٹم کی مغربی سمت چلا جائے گا۔
ساموآ کے وزیر اعظم Tuilaepa Sailele نے کہا کہ اس تبدیلی کے باعث ان کے ملک کا اہم تجارتی شراکت داروں کے ساتھ کاروبار کرنا آسان ہو جائے گا اور بہت سے افراد کو پھر اتوار کے روز کام کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
انہوں نے کہا، ’’اب وہ صورت حال نہیں رہے گی جب آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں لوگ پیر کی صبح اٹھ کر کام پر جانے کے لیے تیار ہوتے تھے اور ہمارے ہاں لوگ اتوار کو چرچ میں عبادت کر رہے ہوتے تھے یا سونے کی تیاری کرتے تھے۔ اسی طرح اب یہ بھی نہیں ہو گا کہ جب جمعے کے روز ہم دیگر ملکوں میں اپنے رابطوں کو فون کرتے تھے تو وہ ہفتے کے دن کی چھٹی منا رہے ہوتے تھے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ اس تبدیلی کے ذریعے’ ہمارے سفر کے اوقات میں پائے جانے والے ابہام کا بھی خاتمہ‘ ہو گا۔
جمعرات کو نصف شب کے قریب چرچ کی گھنٹیاں بجیں گی اور دعائیہ تقریبات منعقد ہوں گی اور جمعہ کی بجائے براہ راست ہفتے کا دن شروع ہو جائے گا۔
ساموآ آبزرور اخبار کی مدیر ساویا سانو مالیفا نے کہا، ’’میرے خیال میں لوگ اس حوالے سے مطمئن ہیں اور وہ زیادہ بڑی تبدیلیوں کی توقع نہیں کر رہے۔‘‘
عوامی حمایت حاصل کرنے کے لیے حکومت نے اعلان کیا کہ کارکنوں کو جمعے کے دن کی بھی تنخواہ ادا کی جائے مگر بینکوں کو ضائع ہونے والے دن کے لیے سود وصول کرنے سے منع کر دیا گیا ہے۔
ساموآ کے اس فیصلے کا اثر دنیا کے تمام نقشوں پر بھی پڑے گا جنہیں دوبارہ بنانا پڑے گا۔
ملک میں مسیحی فرقے سیونتھ ڈے ایڈونٹسٹ کے پیروکار بھی اس تبدیلی پر منقسم دکھائی دیتے ہیں کیونکہ اب ان کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہو گیا ہے کہ وہ یوم السبت کا تہوار ہفتے کو منائیں یا پھر اتوار کو۔
نیوزی لینڈ کی سابق نوآبادی ٹوکیلاؤ بھی اس تاریخ کو تبدیل کر رہی ہے جبکہ ہمسایہ امریکی ساموآ میں تاریخ کا پرانا نظام ہی کام کرتا رہے گا۔
یہ تبدیلی ساموآ کی اپنے بڑے ہمسایہ ملکوں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے ساتھ روابط میں آسانی پیدا کرنے کی غرض سے کی گئی ہے۔ اس سے قبل 2009 میں ملک میں ڈرائیونگ اور ٹریفک کا نظام بھی دائیں سے بائیں سمت کر دیا گیا تھا۔
رپورٹ: حماد کیانی
ادارت: مقبول ملک