کیلیفورنیا: بار میں فائرنگ، پولیس افسر سمیت 12 افراد ہلاک
8 نومبر 2018پولیس کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے نواحی علاقے تھاؤزینڈ اوکس میں پیش آنے والے اس واقعے میں متعدد دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تمام افراد اس شراب خانے میں ہی ہلاک ہوئے اور ان میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے جسے مدد کے لیے وہاں بلایا گیا۔ وینچورا کاؤنٹی کے پولیس سربراہ جیوف ڈین کے مطابق فائرنگ کرنے والا شخص بھی موقع پر ہی مارا گیا۔ جس وقت فائرنگ کا یہ واقعہ پیش آیا اُس وقت وہاں ایک کالج کا موسیقی کا فنکشن جاری تھا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ’کنٹری لائن بار اینڈ گرِل‘ میں پیش آنے والے فائرنگ کے اس واقعے میں نامعلوم تعداد میں افراد زخمی ہوئے۔ پولیس افسر جیوف ڈین کے مطابق، ’’یہاں ایک خوفناک منظر ہے۔ ہر طرف خون ہے اور فائرنگ کرنے والا مشتبہ شخص بھی مرنے والوں میں شامل ہے۔‘‘ ڈین کے مطابق مارا جانے والے پولیس افسر کی شناخت 29 سالہ سارجنٹ رون ہیلوس کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس شیرِف کے مطابق مسلح شخص کی شناخت ابھی تک نہیں ہوئی اور نہ ہی یہ معلوم ہوا ہے کہ اس فائرنگ کے پیچھے کیا عوامل کارفرما تھے۔ روئٹرز کے مطابق اس واقعے کے بارے میں وہاں موجود لوگوں سے مختلف معلومات ملی ہیں۔ کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ حملہ آور کو پولیس نے گرفتار کر لیا تھا تاہم پولیس کی طرف سے اس کی ہلاکت کا بتایا گیا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جب پولیس موقع پر پہنچی تو اس وقت فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا۔
ا ب ا / ش ح (اے ایف پی، روئٹرز)