امریکی ریاست کیلیفورنیا کی آگ شدید سے شدید تر ہوتی جا رہی ہے۔ کئی دوسری ریاستوں اور چند ممالک سے بھی فائر فائٹرز اس آگ کو بجھانے کے لیے کیلیفورنیا پہنچ گئے ہیں۔
اشتہار
امریکی ریاست کیلیفورنیا کی جنگلاتی آگ کی لپیٹ میں آ کر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 35 تک پہنچ گئی ہے۔ پہلے یہ تعداد چھتیس بتائی گئی تھی۔ انتظامی حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کا شکار علاقوں میں زخمیوں اور ممکنہ طور پر جلے ہوئے افراد کی نعشوں کی تلاش جاری ہے۔ یہ ٹیمیں اب ایسے علاقوں تک پہنچ رہی ہیں، جہاں پہلے آگ کی وجہ سے داخل ہونا ناممکن تھا۔
اس تلاش کے ساتھ ساتھ مسلسل پھیلتی آگ کے رقبے کو کنٹرول کرنے پر بھی ترجیحی بنیادوں پر کام ہو رہا ہے۔ بظاہراب تک اس میں اب تک کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔ ریاست کے شمالی حصے میں اس آگ کو لگے پانچ دن ہو گئے ہیں جس کے سبب تقریباً نوے ہزار افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔ ساڑھے پانچ ہزار سے زائد مکانات جل چکے ہیں۔ آگ اس وقت سترہ مختلف مقامات پر لگی ہوئی ہے۔
آگ پر قابو پانے کے لیے نو ہزار سے زائد فائر فائٹرز جدوجہد میں مصروف ہیں۔ ایک ہزار سے زائد فائر انجن مسلسل پانی کی سپلائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فضا سے بھی ہوائی جہاز اور ہیلی کاپٹر پانی اور آگ بجھانے والے مادے پھینک رہے ہیں۔ کئی رضاکار بھی آگ بجھانے والے عملے کے ساتھ شامل ہیں۔
وسیع پیمانے پر پھیلی اس آگ پر قابو پانے کے لیے امریکی ریاستوں نیواڈا، واشنگٹن، اڈاہو، مونٹانا، نیو میکسیکو اور اوریگن سمیت کئی دوسری ریاستوں کے فائر بریگیڈز کیلیفورنیا پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں شامل ہیں۔ آسٹریلیا اور کینیڈا سے بھی آگ پر قابو پانے کے ماہرین اور فائر فائٹرز کیلیفورنیا پہنچ گئے ہیں۔
کیلی فورنیا کی خوفناک جنگلاتی آگ
کیلی فورنیا کی خوفناک جنگلاتی آگ میں تیز ہوا سے شدت پیدا ہوتی جا رہی ہے۔ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اس آگ کی لپیٹ میں مزید علاقہ آ سکتا ہے۔
تصویر: Getty Images/J.Edelson
آگ کے شعلے اور امریکی جھنڈا
کیلیفورنیا کے مختلف علاقوں میں لگی شدید جنگلاتی آگ ہر شے کو جلاتی جا رہی ہے۔ متاثرہ اورو وِل کے علاقے میں ایک عالیشان مکان پر نصب جھنڈے کو جل کر خاک ہونے سے بچانے میں فائر فائٹرز مصروف ہیں۔
تصویر: Getty Images/J.Edelson
آگ کے انتہائی بلند شعلے
کیلیفورنیا کے جن علاقوں کے گھنے جنگلات آگ کی لیپٹ میں ہیں، وہ کئی سو ایکڑ پر پھیلا ہوا علاقہ ہے۔ ان میں بلند قامت جلتے درختوں سے اٹھنے والے اونچے شعلے دور سے دکھائی دیتے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/AP/R. Pedroncelli
پورا چاند اور آگ کے شعلے
جنگلوں میں لگی آگ سے اٹھنے والے دھوئیں نے چودہویں کے چاند کو بھی گہنا کر رکھ دیا ہے۔ تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ واضح طور پر آگ کے دھوئیں نے پورے چاند کی روشنی کو مدھم کر دیا ہے۔
تصویر: Reuters/M.Eliason
آگ کی لپیٹ، جو آیا وہ جل گیا
جنگلاتی آگ نے مکانات کے ساتھ ساتھ اشیائے خوردونوش کے اسٹورز کو بھی جلا کر خاکستر کر دیا ہے۔ تقریباً ایک لاکھ پچھتر ہزار افراد جلتے درختوں اور انگاروں کے بیچ سے گزرتے ہوئے محفوظ علاقے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
تصویر: Getty Images/J.Edelson
خصوصی یونیفارم کے حامل فائر فائٹرز
جنگلاتی آگ پر قابو پانے کے لیے فائر فائٹرز کے لیے خصوصی وردیاں فراہم کی گئی ہیں۔ گہرے دھوئیں سے محفوظ رکھنے والے ماسک بھی وردی کا حصہ ہیں۔ اناہائیم کے علاقے میں لگی آگ میں سے گزرتا ہوا فائر فائٹر
تصویر: picture-alliance/Zuma/J. Gritchen
آگ بجھانے کے لیے فضائی کوششیں
تقریباً تین سو کلومیٹر کے رقبے کے اندر ایک درجن مقامات پر لگی ہوئی جنگلاتی آگ کو قابو کرنے کے لیے زمینی فائر فائٹرز کے ساتھ فضا سے بھی ہوائی جہازوں کے ذریعے آگ بجھانے والا مواد اور پانی پھینکا جا رہا ہے۔
تصویر: Reuters/M. Blake
کاروں کے شیشے اور ایلومینیم وہیل بھی پگھل گئے
اس آگ کی زد میں آ کر پندرہ سو سے زائد مکانات کو آگ نے جلا کر راکھ کر دیا ہے۔ آگ سے پیدا ہونے والی شدید حدت سے فاؤنٹین کلوو نامی علاقے کے مکانوں میں کھڑی موٹر کاروں کی باڈیز، کھڑکیوں میں نصب شیشے اور ٹائروں کے اندر ایلومینیم کے پہیے بھی پگھل کر رہ گئے ہیں۔
تصویر: Getty Images/J. Sullivan
آگ سے دس ہلاک اور کئی زخمی
آگ کی لیپٹ میں آ کر کم از کم دس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایک سو کے قریب زخمیوں میں کئی افراد کے نظام تنفس گہرے دھوئیں میں سانس لینے سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ان کے علاوہ کئی دوسرے جھلسے ہوئے ہیں۔ ان زخمیوں کا علاج سانتا روزا کے سینٹ جوزف ہسپتال میں جاری ہے۔ آگ بجھانے کے ساتھ ساتھ زخمی افراد کی تلاش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
تصویر: picture-alliance/AP/J. Chiu
فائر فائٹرز کی اضافی تعداد
کیلیفورنیا کے ریاستی حکام نے جنگلاتی آگ پر قابو پانے کے لیے مختلف شہروں کے فائر فائٹرز کو بھی آگ بجھانے والے عملے کے ساتھ تعینات کر دیا ہے۔
تصویر: Reuters/A. Golub
گہرا دھواں دور سے دکھائی دیتا ہے
آگ تقریباً دو سو میل یا تین سو کلومیٹر کے دائرے میں واقع وسیع جنگلاتی رقبوں میں پھیلی ہوئی ہے۔ آگ کے شعلوں سے اٹھنے والا دھواں تقریباً ایک سو کلومیٹر کی دوری پر واقع سان فرانسسکو تک پہنچ چکا ہے۔
تصویر: Reuters/Santa Barbara County Fire Department/M. Eliason
10 تصاویر1 | 10
گزشتہ اتوار سے لگی اس آگ نے مکانات کے ساتھ ساتھ بازاروں اور مارکیٹوں کو راکھ میں تبدیل کر دیا ہے۔ کیلیفورنیا کے ایمرجنسی آپریشنز کے انچارج مارک گیلارڈوچی کا کہنا ہے کہ ابھی آگ سے پیدا ہنگامی صورت حال ختم نہیں ہوئی ہے۔ حکام اور دیگر افراد اس آگ کی شدت سے پریشان ہیں کیونکہ اس کا رُخ مسلسل تبدیل ہو رہا ہے۔ تیز ہوا جس طرف رخ کرتی ہے، آگ کے شعلے اُسی جانب لپک جاتے ہیں۔