1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
ماحولامریکہ

کیلیفورنیا کے جنگلات میں آگ، ہزاروں افراد کی نقل مکانی

4 جولائی 2024

فائر فائٹرز امریکی ریاست کیلیفورنیا میں لگی ایک بڑی جنگلاتی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب ماہرین نے ایسی آگ لگنے کے مزید واقعات سے خبردار کیا ہے کیونکہ کیلیفورنیا کو شدید خشک سالی کا سامنا ہے۔

فائر فائٹرز امریکی ریاست کیلیفورنیا میں لگی ایک بڑی جنگلاتی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں
فائر فائٹرز امریکی ریاست کیلیفورنیا میں لگی ایک بڑی جنگلاتی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیںتصویر: Carlos Barria/REUTERS

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شمالی جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہونے کے بعد بدھ کے روز 25 ہزار سے زیادہ لوگوں کو نقل مکانی کا حکم دے دیا گیا۔ ریاستی دارالحکومت سیکرامنٹو کے قریب واقع اوروِل کے مضافات میں یہ آگ منگل کو لگی اور اس سے 12سو ہیکٹر (3,000 ایکڑ) رقبے پر پھیلا جنگلاتی علاقہ متاثر ہوا ہے۔

کیلیفورنیا ڈیپارٹمنٹ آف فاریسٹری اینڈ فائر پروٹیکشن کے مطابق اس وقت کم از کم ایک درجن مختلف مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے۔

فائر ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ گیریٹ یولینڈ نے صحافیوں کو بتایا، ''اگر گزشتہ دو برسوں سے موازنہ کیا جائے تو اس موسم گرما میں ہماری کاؤنٹی کے حالات بہت مختلف ہیں۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا، ''آگ جنگلوں کے گھنے حصوں میں لگی ہے، خشک جھاڑیاں بہت زیادہ ہیں اور تیز ہواؤں کی وجہ سے یہ آگ بہت جلد پھیلنے کا خطرہ ہے۔‘‘

فائر فائٹرز بدھ کی سہ پہر تک اوروِل کے کچھ علاقوں میں آگ پر قابو پانے میں کامیاب رہے لیکن وہ شمال میں جھاڑیاں اور گھاس کاٹتے ہوئے لائنیں بنانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ یہ آگ مزید نہ پھیلے۔

فائر فائٹرز امریکی ریاست کیلیفورنیا میں لگی ایک بڑی جنگلاتی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیںتصویر: Noah Berger/AP Photo/picture alliance

کیلیفورنیا میں گرمی کی 'تاریخی اور طویل‘ لہر

ماحولیاتی سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ امریکہ کا مغربی ساحل کئی دہائیوں سے خشکی کی مسلسل لہر سے گزر رہا ہے، جو جزوی طور پر انسانوں کی طرف سے پیدا کردہ ماحولیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے۔

کیلیفورنیا گزشتہ 20 برسوں سے خشک سالی کا سامنا کر رہا ہے۔

خشک سالی کے حوالے سے کیلیفورنیا میں گزشتہ دو برس نسبتاً ہلکے تھے لیکن رواں سال یعنی سن 2024 میں موسم زیادہ گرم اور خشک شکل اختیار کر رہا ہے، جس سے جنگلاتی آگ کے لیے مزید ایندھن پیدا ہو رہا ہے کیونکہ پودے سوکھ کر مر جاتے ہیں۔

امریکہ کی قومی موسمیاتی سروس نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے، ''ایک غیر معمولی اور خطرناک صورتحال جاری ہے کیونکہ ہم ممکنہ طور پر مہلک، تاریخی اور طویل گرمی کی لہر میں داخل ہو رہے ہیں۔‘‘

اس ادارے نے آئندہ دنوں میں کچھ مقامات پر 46 ڈگری سینٹی گریڈ (115 فارن ہائیٹ) تک درجہ حرارت کی پیش گوئی کی ہے۔

ا ا / م م (اے پی، اے ایف پی)

فائر فائٹرز امریکی ریاست کیلیفورنیا میں لگی ایک بڑی جنگلاتی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیںتصویر: Noah Berger/AP Photo/picture alliance
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں