1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیمبرج یونیورسٹی میں ’دنیا کی سب سے میٹھی نوکری‘

مقبول ملک19 اگست 2014

برطانیہ کی مشہور زمانہ کیمبرج یونیورسٹی کو اس وقت پی ایچ ڈی کے لیے ایک ایسے طالب علم یا طالبہ کی تلاش ہے، جسے ریسرچ اسکالر کے طور پر دی جانے والی آئندہ تحقیقی ملازمت کو ’دنیا کی سب سے میٹھی نوکری‘ کا نام دیا جا رہا ہے۔

تصویر: picture-alliance/dpa

برطانوی دارالحکومت لندن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اس منصوبے کی کامیاب تکمیل پر متعلقہ تحقیقی ماہر کو ’ڈاکٹر آف فزکس‘ اور ’ڈاکٹر آف کیمسٹری‘ کی طرز پر غیر رسمی طور پر ’ڈاکٹر آف چاکلیٹ‘ بھی کہا جا سکے گا۔

تصویر: Getty Images/Joe Raedle

مناسب تعلیمی قابلیت کے حامل اور ڈاکٹریٹ کے کسی بھی طالب علم یا طالبہ کو اس ملازمت کی پیشکش اس مقصد کے تحت کی جا رہی ہے کہ متعلقہ ریسرچر کو ’چاکلیٹ اسٹڈیز‘ یا چاکلیٹس سے متعلق بنیادی علوم پر تحقیق کرنا ہو گی۔

کیمبرج یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر اس بارے میں شائع کردہ ’جاب نوٹس‘ کے مطابق اس تحقیق کا مقصد یہ پتہ چلانا ہے کہ ایسی اشیائے خوراک جن کی تیاری میں چاکلیٹس استعمال کی گئی ہوں، انہیں گرم موسم یا زیادہ درجہ حرارت پر پگھلنے سے کیسے بچایا جا سکتا ہے؟

اس موضوع پر کیمبرج یونیورسٹی نے ایک پی ایچ ڈی پروگرام شروع کرنے کی ضرورت اس لیے محسوس کی کہ دنیا کی کوئی بھی چاکلیٹ، چاہے وہ کتنے ہی اعلیٰ معیار کی کیوں نہ ہو، 34 ڈگری سینٹی گریڈ یا 93 ڈگری فارن ہائیٹ درجہ حرارت کے قریب نرم پڑنا یا پگھلنا شروع ہو جاتی ہے حالانکہ یہ ٹمپریچر انسانی جسم کے اوسط درجہ حرارت سے بھی کم ہوتا ہے۔

تصویر: picture-alliance/dpa

کیمبرج یونیورسٹی کی ویب سائٹ کے مطابق اس آسامی پر انتخاب کے لیے صرف یورپی یونین کے شہری ہی درخواستیں دے سکتے ہیں۔ اس ریسرچ پروجیکٹ کے لیے رہنمائی کا کام کیمیکل انجینئرنگ، جیو ٹیکنیکل انجینئرنگ اور soft matter فزکس یا نرم مادوں سے متعلق طبیعیاتی علوم کے ماہرین کریں گے۔

اس تحقیق کے نتیجے میں اگر گرم موسم یا زیادہ درجہ حرارت کے باوجود چاکلیٹ مصنوعات کو نرم پڑ جانے سے بچانے کا کوئی طریقہ دریافت کر لیا گیا، تو عام صارفین کے ساتھ ساتھ اس کا سب سے زیادہ براہ راست کاروباری فائدہ چاکلیٹ تیار کرنے والی دنیا کی دس سب سے بڑی کمپنیوں کو ہو گا۔ گزشتہ برس ان 10 کمپنیوں کو ان کی چاکلیٹ مصنوعات کی فروخت سے ہونے والی مجموعی آمدنی 85 ارب ڈالر سے زائد رہی تھی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں