کینیا میں چوراسی برس کا کسان پرائمری اسکول میں
9 نومبر 2010نیروبی کے رہنے والے اس کسان کا نام ایلن موئیرا ہے اور وہ آٹھ بچوں کا باپ ہے۔کینیا کے اس بزرگ شہری نے گزشتہ برس ایک بار پھر پرائمری اسکول جانا شروع کر دیا تھا۔ اس کی خواہش ہے کہ وہ اپنی تعلیم کا وہ سلسلہ پھر دوبارہ شروع کردے۔ ایلن موئیرا نے اپنی تعلیم کا سلسلہ اس وقت روک دیا تھا، جب کینیا ابھی ایک برطانوی نو آبادی تھا۔
برطانوی نوآبادیاتی دور میں موئیرا نے1944ء سے لے کر 1950ء تک ایک مشن اسکول میں تعلیم حاصل کی تھی۔ لیکن پرائمری پاس کرنے سے پہلے ہی اسے اس دور میں برطانوی حکمران کی طرف سے نافذ کی گئی ایمرجینسی کے دوران گرفتار کر لیا گیا تھا۔
ایلن موئیرا نے منگل کے روز نیروبی میں سرکاری ٹیلی وژن ادارے کے لئےKBC کو بتایا کہ اس کی خواہش ہے کہ وہ اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھے۔ پرائمری سکول کے اس بزرگ طالب علم نے یہ بھی کہا ہےکہ ممکن ہے کہ وہ بعد میں قانون کی تعلیم حاصل کرے۔
ایلن موئیرا کے بقول اسے اپنی زندگی میں بہت سی ناانصافیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس نے بتایا کہ اس کی زرعی زمین بھی ہتھیا لی گئی تھی،جسے اس کے علم میں لائے بغیر چند افراد نے آپس میں تقسیم کر لیا تھا۔ موئیرا نے پرائمری کے امتحانات میں اپنا پہلا پرچہ دیتے ہوئے کہا :’’میں تعلیم حاصل کرنا چاہتا ہوں تاکہ میں اپنی زمین دوبارہ حاصل کر سکوں۔‘‘
رپورٹ: عصمت جبیں
ادارت: عاطف بلوچ