کینیڈا: مبینہ نفرت انگیز حملے میں چار پاکستانیوں کا قتل
8 جون 2021
کینیڈا کے صوبے انٹاریو میں ایک شخص نے ایک مسلم کنبے پر گاڑی چڑھا دی جس سے چار افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ مسلمان ہونے کے سبب اس خاندان کو نشانہ بنا یا گیا۔
اشتہار
کینیڈا میں صوبے انٹاریو کے لندن شہر میں پولیس حکام نے سات جون پیر کے روز بتایا کہ ایک نوجوان نے مشتبہ طور نفرت کی وجہ سے منصوبہ بند طور پراپنی گاڑی سے راہگیروں کو ٹکر مار کر ایک مسلم خاندان کے چار افراد کو ہلاک کر دیا۔
مقامی پولیس سربراہ اسٹیو ویلئم نے اس واقعے سے متعلق ایک بیان میں کہا، ''ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ایک سوچی سمجھی دانستہ حرکت تھی اور یہ کہ اس خوفناک واقعے میں ہدف بنا کر متاثرین پر حملہ کیا گیا۔ ہمیں اس بات کا بھی یقین ہے کہ ان پر اس لیے حملہ کیا گیا کیونکہ وہ مسلمان تھے۔''
پولیس کا کہنا ہے کہ 20 سالہ مشتبہ حملہ آور نے فٹ پاتھ پر پیدل جانے والے پانچ افراد پر گاڑی چڑھا کر فرار ہونے کی کوشش کی۔ تاہم حملے میں شدید طور پر زخمی ہونے والا ایک نو برس کا بچہ زندہ بچ گیا جو اسپتال میں اب بھی زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہا ہے۔
کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈیو نے اپنی ایک ٹویٹ میں اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا، ''لندن کی مسلم برادری اور پورے ملک کی مسلم کمیونٹی کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہماری کسی بھی برادری میں اسلامو فوبیا کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ عیاری و مکاری پر مبنی اس نفرت کو رکنا ہی ہو گا۔''
عبادت گاہوں پر خونریز حملوں کے واقعات
دنیا بھر میں گزشتہ چند برسوں کے دوران مذہبی مقامات یا عبادت گاہوں کے خلاف نفرت پر مبنی متعدد حملے کیے گئے۔ مساجد، گرجاگھروں اور یہودی عبادت گاہوں پر ہونے والے بعض افسوسناک واقعات کی مختصر تفصیلات جانیے اس پکچر گیلری میں۔
تصویر: Reuters/J. Silva
کرائسٹ چرچ مساجد پر دہشت گردانہ حملے
نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر فائرنگ کے واقعے میں اکاون مسلمان ہلاک اور پچاس زخمی ہوئے تھے۔ حملہ آور برینٹن ٹیرنٹ نے 15 مارچ 2019 کو کرائسٹ چرچ کی مسجد النور میں نماز جمعہ کے دوران نمازیوں پر اندھادھند فائرنگ کر دی تھی۔ اس نے خونریزی کے اس واقعے کو فیس بک پر لائیو نشر بھی کیا تھا۔ سفید فام نسل کی برتری کے تفاخر میں مبتلا ملزم ٹیرنٹ کے خلاف عدالتی کارروائی جاری ہے۔
تصویر: picture-alliance/NurPhoto/S. Vidanagama
امریکا: یہودیوں کے مذہبی تہوار ’ہنوکا‘ کی تقریب پر حملہ
نیو یارک شہر سے تقریباﹰ ایک گھنٹے کے فاصلے پر واقع مونسی کے علاقے میں آرتھوڈوکس یہودیوں کی بڑی تعداد آباد ہے۔ دسمبر 2019 میں یہودیوں کے ایک ربی کے گھر میں ایک چاقو بردار شخص نے پانچ افراد کو زخمی کر دیا۔ نیو یارک کے حکام نے نفرت پر مبنی اس حملے کی شدید مذمت کی۔
تصویر: Reuters/E. Munoz
جرمنی: یہودی عبادت گاہ پر حملہ
گزشتہ برس اکتوبر میں جرمنی کے مشرقی صوبے سیکسنی انہالٹ کے شہر ہالے میں واقع ایک یہودی عبادت گاہ میں حملہ آور نے مسلح حالت میں گھسنے کی ناکام کوشش کی تھی۔ اس کے بعد حملہ آور نے قریب ہی واقع یہودیوں کے قبرستان میں ایک خاتون کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ اس وقت سیناگوگ میں یوم کِیپور کی یہودی مذہبی تقریب کے لیے کم از کم اسی افراد موجود تھے۔
تصویر: DW/B. Knight
افغانستان: ننگرہار کی سنی مسجد میں بم دھماکا
اکتوبر 2019 : افغانستان میں جمعے کی نماز کے دوران ہونے والے ایک حملے میں کم از کم 60 افراد مارے گئے۔ یہ حملہ مشرقی افغان صوبے ننگر ہار کی سنی عقیدے کی ایک مسجد پر کیا گیا تھا۔ حملے کے وقت مسجد کے اندر تقریباﹰ 250 نمازی موجود تھے۔ دھماکے کے بعد یہ مسجد شدید تباہی کا شکار ہوئی اور درجنوں افراد ملبے تلے دب کر رہ گئے۔
تصویر: Reuters/O. Sobhani
سری لنکا: ایسٹر پر گرجا گھروں میں دھماکے
سری لنکا میں گزشتہ برس ایسٹر کے موقع پر تین گرجا گھروں اور تین ہوٹلوں پر عسکریت پسند جہادیوں کی طرف سے کیے جانے والے سلسلہ وار خود کش بم حملوں میں 260 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ایسٹر سنڈے کے دن مقامی عسکریت پسندوں نے دو کیتھولک چرچ اور ایک پروٹیسٹنٹ چرچ میں خود کش بم حملے کیے تھے۔ اس واقعے میں درجنوں بچے بھی ہلاک ہوگئے تھے۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/E. Jayawardena
کیلی فورنیا: سیناگوگ میں فائرنگ
سری لنکا حملوں کے ایک ہفتے بعد ہی امریکی ریاست کیلی فورنیا میں یہودیوں کی ایک عبادت گاہ پر فائرنگ کے واقعے میں ایک خاتون ہلاک ہو گئی۔ انیس سالہ سفید فام مشتبہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا۔ حملے کے وقت عبادت گاہ میں یہودی مذہب میں سات روز تک منائی جانے والی عید ’پاس اوور‘ کے آخری روز کی تقریبات جاری تھیں۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/D. Poroy
تھائی لینڈ: بدھ مت کی عبادت گاہ پر فائرنگ
جنوری 2019: تھائی لینڈ کی جنوبی ریاست ناراتھیوات میں علیحدگی پسند مسلح حملہ آوروں نے بدھ متوں کی ایک عبادت گاہ میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ رتناؤ پاپ نامی عبادت گاہ میں فائرنگ کے نتیجے میں بدھ مت کے دو بھکشو ہلاک ہوگئے۔
تصویر: Reuters/S. Boonthanom
فلپائن میں چرچ پر حملے کے بعد مسجد پر بم حملہ
جنوبی فلپائن میں 30 جنوری 2019 کو ایک مسجد پر کیے گئے ایک بم حملے میں دو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ مسلم عبادت گاہ پر حملہ ایک دستی بم سے کیا گیا۔ 27 جنوری کو مسیحی عبادت گاہ پر بھی ایک ہلاکت خیز حملہ کیا گیا جس میں کیتھولک مسیحیوں کے ایک کلیسا کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس بم دھماکے میں کم از کم 23 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
تصویر: picture alliance/dpa/AP/WestMinCom Armed Forces of the Philippines
بھارتی پنجاب میں گوردوارے پر حملہ
بھارت کے شمالی حصے میں سکھوں کی ایک عبادت گاہ پر گرینیڈ حملے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک جبکہ درجن سے زائد زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ نومبر 2018 میں بھارتی صوبہ پنجاب کے ایک گاؤں میں پیش آیا تھا۔ حملے کے وقت گوردوارے میں سینکڑوں عقیدت مند موجود تھے۔
تصویر: N. Nanu/AFP/Getty Images
پِٹس برگ کے ’ٹری آف لائف سیناگوگ‘ میں فائرنگ
اکتوبر 2018 ، امریکی ریاست پینسلوینیا کے شہر پِٹس برگ کے ایک یہودی کنیسہ میں تقریباً ایک درجن یہودی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔ بلااشتعال فائرنگ کرنے والے مسلح شخص رابرٹ بوئرز نے یہودی عبادت خانے میں داخل ہو کر بلند آواز میں یہ بھی کہا تھا ’’تمام یہودیوں کو ہلاک ہو جانا چاہیے۔‘‘ کنیسہ میں اُس وقت ایک نومولود بچے کے نام رکھنے کی مذہبی تقریب جاری تھی۔
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Rourke
پاکستان میں احمدی عبادت گاہ پر حملہ
اگست سن 2018، پاکستانی صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کے قریب ایک گاؤں میں ایک مشتعل ہجوم نے احمدیوں کی ایک عبادت گاہ کو نذر آتش کر دیا تھا۔ اس واقعے میں احمدیہ جماعت کے کم از کم چھ افراد زخمی ہوگئے تھے۔ پاکستان میں احمدی برادری پر تواتر سے حملے ہوتے رہتے ہیں۔ پاکستانی پارلیمان نے احمدیوں کو 1974 میں غیر مسلم اقلیت قرار دیا تھا۔
تصویر: Reuters/S. Sayeed
11 تصاویر1 | 11
عینی شاہدین نے گلوبل نیوز نیٹ ورک کو بتایا کہ انہوں نے گاڑی کو سڑک کی درمیانی پٹی کے اوپر آتے ہوئے دیکھا اور انہیں ایسا لگا جیسے یہ اچانک سڑک کے دوسری جانب سے آ گئی ہو۔ حملہ آور ڈرائیور کو ایک قریبی مال کی پارکنگ سے گرفتار کر لیا گیا۔ اسے عمدا ًاقدام قتل کے چار الزامات اور قتل کی کوشش کرنے کے ایک الزام کا سامنا ہے۔
خفیہ ایجنسی سے وابستہ ایک سینیئر پولیس افسر کا کہنا تھا کہ مقامی پولیس سے اس بات کے لیے صلاح و مشورہ جاری ہے کہ ملزم پر دہشت گردانہ قانون کے تحت کیس درج کیا جائے۔
اشتہار
متاثرین کون ہیں؟
پولیس نے بتا یا ہے کہ جو چار افراد اس حملے میں ہلاک ہوئے، اس میں ایک 74 سالہ خاتون، 46 سالہ ایک مرد، 44 سالہ ایک خاتون اور ایک پندرہ برس کی لڑکی شامل ہے۔ نو برس کا ایک لڑکا بھی شدید طور پر زخمی ہوا ہے جس کا مقامی اسپتال میں علاج جاری ہے۔ حکام کے مطابق زیادہ امکان اس بات کا ہے کہ بچہ شاید بچ جائے۔ اہل خانہ نے پولیس سے متاثرین کے نام افشا نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔
’ضلع کرک میں ہندو عبادت گاہ پر حملہ اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے‘
03:40
متاثرہ خاندان کے ایک دوست زاہد خان نے ایسو سی ایٹیڈ پریس سے بات چیت میں کہا کہ متاثرین میں ایک دادی، ماں باپ اور ایک کم عمر بچی شامل ہیں۔ ان کے مطابق یہ خاندان تقریباً چودہ برس قبل پاکستان سے ہجرت کرکے کینیڈا آ یا تھا اور ایک مقامی مسجد کے بڑے سرگرم رکن تھے۔ ''وہ چہل قدمی کے لیے باہر نکلے تھے۔یہ ان کا روزانہ کا معمول تھا۔''
لندن کے میئر ایڈ ہولڈر نے اس واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا، ''یہ مسلمانوں کے خلاف ہونے والی قتل عام کی ایک واردات ہے جس کی جڑیں گھٹیا نفرت پر مبنی ہیں۔ یہ نا قابل بیان نفرت اور اسلامو فوبیا پر مبنی حرکت ہے، جس کا جواب انسانیت اور ہمدردی سے دینے کی ضرورت ہے۔''
ہولڈر کا کہنا ہے کہ لندن تقریباً چار لاکھ آبادی پر مشتمل شہر ہے جس میں تقریبا 30 سے چالیس ہزار مسلمان آباد ہے اور متاثرین کے احترام میں شہر میں تین دن تک قومی پرچم کو سر نگوں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔